سیاسی ایوان اور میدان سے دو اہم خبریں
تحریر:سلمان احمد قریشی
سیاسی ایوان اور میدان سے دو اہم خبریں سامنے آئیں ہیں۔ چوہدری انوارالحق آزاد کشمیر کے بِلامقابلہ وزیرِاعظم منتخب ہو گئے۔ نومنتخب وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ وزیراعظم کا الیکشن آزاد امیدوار کی حیثیت سے لڑا، اقتدار پی ڈی ایم کے تعاون سے مِلا۔ چوہدری انوارالحق آزاد کشمیر کے بِلامقابلہ وزیراعظم منتخب ہو گئے، نئے وزیراعظم کو متحدہ اپوزیشن اور پی ٹی آئی فاروڈ بلاک کے ممبران نے ووٹ دیئے۔
انوار الحق کے مدِمقابل کسی نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے، رولز کے مطابق ووٹنگ میں باون کے ایوان میں اڑتالیس ارکان نے انوارالحق کی حمایت میں ووٹ دیئے، جن میں سے پی ٹی آئی کےانتیس، پیپلزپارٹی کے بارہ اور ن لیگ کے سات ارکان نے ووٹ دیئے۔ چوہدری انوارالحق آزاد کشمیر کے پندرہویں وزیر اعظم منتخب ہوئے، چوہدری انوارالحق پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر آزاد کشمیر کے ضلع بھمبر ایل اے سات سے ممبر اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔چوہدری انوارالحق کو آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اسپیکر بنایا گیا تھا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے چوہدری انوارالحق کو وزیراعظم آزاد کشمیر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ آزاد کشمیر اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں نومنتخب وزیراعظم آزاد کشمیر انوارالحق نے کہا کہ عوام کی خدمت نہیں کر سکا تو عہدہ چھوڑنے میں تاخیر نہیں کروں گا، وزیراعظم کا الیکشن آزاد امیدوارکی حیثیت سے لڑا، اقتدارپی ڈی ایم تعاون سے ملا۔چوہدری انوارالحق کا کہنا تھا کہ وہ آزاد کشمیر کے ایسے وزیرِ اعظم ہوں گا جسے عدالت نہیں نکالے گی، ہماری پارٹی اقتدار میں آنے کے قابل ہوتی تو میں وزیراعظم نہ ہوتا، قانون کی حکمرانی قائم نہ ہوئی تو اقتدار میں رہنے کا کوئی شوق نہیں۔نومنتخب وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا ہے کہ اس ایوان میں کون اپوزیشن اور کون حکومت میں ہو گا، یہ آنے والا وقت بتائے گا، ہمیں اقتدار کی جادوگریوں میں پھنسا کر قومی غیرت کو کمپرومائز کیا گیا، آزاد امیدوارکےطور پر انتخاب لڑا ،آزاد امیدوار نہ ہوتا تو اپوزیشن کیوں ووٹ دیتی۔
قارئین کرام! آزاد کشمیر کی سیاست ملکی سیاست سے مختلف ہیں۔ اسلام آباد کی سیاسی صورتحال مظفر آباد پر ہمیشہ اثر انداز ہوتی ہے۔ کسی ایک جماعت کی مقبولیت کے ساتھ آزاد کشمیر کے مقامی حالات بھی سیاسی حالات پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ اسلام آباد سے عمران خان کی رخصتی کے ایک سال بعد آزاد کشمیر میں بھی پی ٹی آئی کی حکومت ختم ہو گئی۔ قومی اسمبلی میں عدم اعتماد سے عمران خان اسلام آباد سے رخصت ہوئے، پنجاب اور کے پی کے کی حکومتیں انہوں نے خود توڑ دیں اور اب عدالتی فیصلہ کے بعد مظفر آباد کا اقتدار بھی پی ٹی آئی کے ہاتھ سے نکل گیا۔ اسطرح صرف جی بی میں کپتان کی جماعت کا اقتدار باقی ہے۔ آزاد کشمیر کی سیاسی جماعتوں کے قائدین 1985ء تک بڑی حد تک نظریاتی سیاست کے زیر اثر رہے لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ذاتی اور اجتمائی مفادات نے نظریاتی سیاست کی جگہ لے لی۔ آزاد کشمیر کی سیاسی تاریخ سیاسی رہنماؤں اور سیاسی جماعتوں کے عروج وزوال کی ایک عجیب داستان ہے۔ آزاد کشمیر کا سیاسی تاریخی پس منظر تو یہی بتاتا ہے کہ اسلا م آباد میں جس کی حکومت ہوتی ہے، آزاد کشمیر میں بھی اسی کی حکومت ہوتی ہے۔ اس دفعہ عدالتی فیصلہ کے نتیجہ میں پی ٹی آئی کے وزیراعظم سردار تنویر الیاس نااہل ہوئے تو ایوان کے اندر سے تبدیلی آئی۔ دوسری طرف پاکستان کی سیاست کا اونٹ کس کروٹ بیٹھتا ہے اس کا دارومدار عدالت اعظمی کے فیصلوں پر ہے۔ اتحادی حکومت نے الیکشن کے لیے فنڈز جاری نہیں کیے۔ عدالتی احکامات کے جواب میں پارلیمان کو استعمال کیا جا رہا ہے۔ ایک طرف آئین کی گولڈن جوبلی منائی جا رہی ہے دوسری طرف شہباز شریف کی حکومت آئین پر عملدرآمد کرنے پر تیار نہیں۔ وفاقی وزیرِ داخلہ مولا جٹ کے انداز میں بیان بازی میں مصروف ہیں۔ کچھ اتحادی جماعتیں آئینی معاملات کو پنچائتی انداز میں حل کرنے کی خواہش مند ہیں۔ پی پی پی کی قیادت قومی اتفاقِ رائے چاہتی ہے اب عدالت نے بھی قومی اتفاق رائے پر راستہ نکالنے کی نوید سنائی ہے۔آئین کی بالادستی پر یقین رکھنے والے راقم الحروف سمیت سیاسی تجزیہ نگار اس طرح کے سیاسی طرزِ عمل کو شرفِ قبولیت نہیں بخش سکتے کیونکہ آئینِ پاکستان میں انتخابات کا وقت اور طریقہ طے ہے اس پر عمل کروانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے اور حکومت پابند ہے۔ باقی سب ایکساسائز الیکشن کے التواء کی کوششیں ہیں۔ عدلیہ میں تقسیم کی باتیں اور ایک دن قومی اور صوبائی انتخابات کے انعقاد کی خواہش شہباز شریف حکومت کا موقف ہے لیکن یہ آئینی پوزیشن نہیں۔ حکومت اگر ایک ہی دن جنرل انتخابات کو ناگزیر سمجھتی تھی تو آئینی طریقہ تو ایک ہی تھا کہ وفاقی حکومت کو ختم کر کے شہباز شریف اور حکومتی اتحاد پی ٹی آئی کے ساتھ الیکشن پر اتفاق رائے کر لیتے۔ آج قومی اتفاق رائے کی خواہش اور مولانا فضل الرحمن کا پی ٹی آئی سے مذاکرات سے انکار یہ سب سیاست ہے۔ آئین کی منشا اور عملدرآمد کچھ اور تقاضا کرتا ہے۔ چیرمین پی ٹی آئی عمران خان نے 14مئی کو الیکشن کے فیصلہ کے مطابق صوبائی امیدواروں کو ٹکٹ کا اجرا کر دیا۔پی ٹی آئی کے امیدواروں کی لسٹ سے ایک بات واضح ہوتی ہے کہ کپتان جارحانہ اندازِ سیاست کو جاری رکھنا چاہتے ہیں۔ بڑے بڑے سیاسی ناموں اور خاندانوں پر پارٹی وابستگی کو ترجعی دی۔ ساہیوال ڈویژن کے صوبائی امیداواروں کی لسٹ کے مطابق پی پی 183 اوکاڑہ سے مہر محمد جاوید، پی پی 184 اوکاڑہ رائے حماد اسلم ، پی پی 185 اوکاڑہ راو حسن سکندر ، پی پی 186 اوکاڑہ مہر عبدالستار، پی پی 187 سید گلزار حسنین، پی پی 188اوکاڑہ طارق ارشاد، پی پی 189اوکاڑہ فیاض قاسم وٹو، پی پی 190 اوکاڑہ دیوان اخلاق احمد جبکہ ضلع پاکپتن سے پی پی 191 پاکپتن منصب ڈوگر، پی پی 192 پاکتپن میاں فرخ مانیکا، پی پی 193 پاکپتن معین الدین چشتی، پی پی 194 پاکپتن خان امیر حمزہ راٹھ، پی پی 195 پاکپتن محمد نعیم ابراہیم کے نام شامل ہیں۔ ضلع ساہیوال کی نشست پی پی 196ساہیوال سجاد ناصر، پی پی 197 ساہیوال رانا آفتاب، پی پی 198 ساہیوال ارشاد حسن کاٹھیا، پی پی 199ساہیوال فیصل احمد ڈھکو پی پی 200 ساہیوال وحید اصغر ڈوگر، پی پی 201 ساہیوال عادل سعید گجر، پی پی 202 ساہیوال رائے محمد اقبال پی ٹی آئی کی صوبائی ٹکٹ کے لیے اہل ٹھہرے۔ ساہیوال ڈویژن کی اس لسٹ میں سابق وزیراعلی پنجاب میاں منظور وٹو اور اوکاڑہ کے گیلانی خاندان کا کوئی امیدوار شامل نہیں۔ چیٸرمین پی ٹی آئی عمران خان نے میاں منظور وٹو کو یکسر نظر انداز کر کے واضح پیغام دیا کہ اب وہ کسی سیاسی اجارہ داری کو برداشت نہیں کریں گے۔ پارٹی کے ساتھ وابستگی سب سے مقدم ہے اور یہی معیار ہو گا۔ میاں منظور وٹو اوکاڑہ کی دو قومی اور صوبائی نشتوں پر اثرورسوخ رکھتے ہیں۔مسلم لیگ ن سے جناح لیگ ، ق لیگ ، آزاد حیثت پھر پی پی پی کی وفاقی کابینہ میں وزارت کے ساتھ صوبائی صدارت کے وسیع تجربہ کے بعد پی ٹی آئی میں شامل ہوئے تھے۔ پی ٹی آئی کا حصہ ہوتے ہوئے بھی اپنی علحیدہ شناخت رکھتے تھے لیکن آج پی ٹی آئی کی صفِ اول کی قیادت میں نظر نہیں آتے اور اب حلقہ کی سیاست میں بھی پارٹی ترجعی نہیں رہے۔ اسطرح سید افضال شاہ گیلانی کے جانشین رضا علی گیلانی بھی ٹکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ اس سیاسی خانوادے بارے یہ گمان تھا کہ یہ سدا بہار ایم پی اے ہیں۔ مختلف پارٹیوں سے اپنا سیاسی سفر جاری رکھے ہوئے ہیں لیکن آج پارٹی میں انکی حیثیت بھی پہلے جیسی نہیں۔ عدالت کیا فیصلہ دیتی ہے اور کس طرح اپنے فیصلہ پر عمل کرواتی ہے یا کوئی درمیانی راستہ نکلتا ہے یہ الگ موضوع ہے۔ عمران خان 14 مئی یا جب بھی الیکشن ہوتے ہیں اپنے کھلاڑیوں پر بھروسہ کیے ہوئے ہیں۔ اب کپتان کسی سیاسی بلیک ملیکنگ یا مصلحت کا شکار ہونا نہیں چاہتے۔ ہم یہ نہیں کہہ رہے کہ ٹکٹوں کی تقسیم کا یہ فیصلہ درست اور حتمی ہی ہو گا لیکن ایک بات واضح ہو گئی اب کپتان پیچھے نہیں ہٹے گا وہ اپنی سیاسی اننگز اپنی جارحانہ پالیسی اور اپنے پسند کے کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلے گا۔ نتائج کیا آتے ہیں اس پر کچھ کہنا قبل از وقت ہے جب تک مسلم لیگ ن اور پی پی پی کے امیدوار میدان میں نہیں آتے۔2018 میں ساہیوال ڈویژن مسلم لیگ ن نے جیتا تھا اب صورتحال یکسر مختلف ہے۔ مسلم لیگ ن کو امیدواروں کے چناو میں مشکلات کا سامنا ہے اور سب سے اہم بات ابھی تک مسلم لیگ ن اپنی تمام تر توانائیاں الیکشن کے التوا پر ہی خرچ کر رہی ہے۔ کپتان نے اپنی پالیسی واضح کر دی۔ آزاد کشمیر میں شکست کے باوجود پنجاب میں پیش قدمی کرتے ہوۓ کپتان اسی طرح آگے بڑھنا جا رہا ہے۔ مسلم لیگ ن اور پی پی پی گومگوں کا شکار ہیں ایک طرف مذکرات ہیں دوسری طرف عدم برداشت سیاست ابھی بھنور میں ہی پھنسی ہے۔ پی ٹی آئی کی کُلی اقتدار کی خواہش کی تکمیل ابھی ممکن نہیں۔ پنجاب کی سیاست ابھی کئی رنگ دکھائے گئی۔