بلاول نے لیگی سینیٹرز کی جانب سے ووٹ نہ دینے کا تاثر مسترد کر دیا
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹرز کی جانب سے اپوزیشن کے امیدواروں کو ووٹ نہ دینے کے تاثر کو مسترد کردیا۔
صحافیوں کی طرف سے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے پوچھا گیا کہ اس طرح کی اطلاعات ہیں کہ مسلم لیگ (ن) کے سینیٹرز نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے امیدواروں کے لیے ووٹ نہیں دیا تو اس پر بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سب نے وفا کی۔ مجھے پتا ہے، ہم سب کو پتا ہے کہ ہم پی ڈی ایم کے متحد ہونے کی وجہ سے (سینیٹ کی نشستیں) جیتیں، مزید یہ کہ ہم اسی لیے اتنے ووٹ حاصل کرسکے کہ سب نے وفا کی سب نے ساتھ دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ سینیٹ انتخابات میں جو داغ لگا تھا اپوزیشن کے سینیٹر نے وہ داغ حالیہ انتخابات میں اپنے کردار سے دھو دیا۔