
رحمتوں اور برکتوں والی رات ’’شبِ معراج‘‘ آج عقیدت واحترام کیساتھ منائی جائیگی
ملک بھر میں آج رحمتوں اور برکتوں والی رات ’’شبِ معراج ‘‘ عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی، مساجد کو انتہائی خوبصورتی سے سجا دیا گیا، خصوصی عبادات کا اہتمام کیا جائے گا، اہل ایمان اپنی بخشش کی دعائیں مانگیں گے۔
شب معراج، رحمتوں اور برکتوں والی وہ رات ہے جب اللہ رب العزت نے اپنے حبیب حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو معراج کا شرف بخشا اور پانچ نمازوں کا تحفہ عطا کیا۔ یہ واقعہ ہجرت سے قبل پیش آیا۔
جب حضرت جبریلؑ براق لے کر نبی آخر الزماں ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور عرض کیا کہ اے اللہ کے رسولﷺ آپ کا رب آپ سے ملاقات کا خواہشمند ہے۔
حضور اکرم ﷺ اس مقدس سفر کے دوران مسجد الحرام سے مسجد اقصیٰ گئے، جہاں تمام انبیائے کرام نے آپ ﷺ کی اقتدا میں نماز ادا کی۔
پھر آپ ﷺ آسمانوں میں اللہ تعالیٰ سے ملاقات کرنے تشریف لے گئے۔ اس واقعے کو قرآن کریم کی سورۃ اسراء پارہ نمبر 15 کی ابتدائی آیات میں بیان کیا گیا ہے۔