اسلم ابڑو اور شہریار شر کو پارٹی سے نکال دیا گیا
تحریک انصاف نے سینیٹ انتخابات میں پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر رکن سندھ اسمبلی اسلم ابڑو اور شہریار شر کو پارٹی سے نکال دیا۔ پی ٹی آئی نے دونوں کے خلاف الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی حکمت عملی سے روگردانی پر سندھ کے اراکین اسمبلی کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے پی ایس 1 جیکب آباد سے اسلم ابڑو، پی ایس 18 گھوٹکی سے شہریار خان شر کو پارٹی سے فارغ کر دیا۔ سندھ سے تعلق رکھنے والی دونوں اراکین صوبائی اسمبلی کی بنیادی پارٹی رکنیت بھی ختم کر دی گئی۔
تحریک انصاف کی قائمہ کمیٹی برائے نظم و احتساب غربی سندھ، کراچی نے متفقہ فیصلہ جاری کر دیا، جس میں کہا گیا کہ سینٹ انتخابات میں اسلم ابڑو اور شہریار شر نے جماعتی احکامات سے روگردانی کی، دونوں اراکین سندھ اسمبلی کو اپنی صفائی پیش کرنے کا موقع دیا گیا، واضح، حتمی شواہد کی پڑتال اور ملزمان کی جانب سے صفائی پیش نہ کئے جانے پر معاملہ نمٹا رہے ہیں، اسلم ابڑو اور شہریار شر کی بنیادی رکنیت ختم کر کے دونوں کو فوری جماعت سے نکالا جائے، الیکشن کمیشن سے رجوع ک رکے دونوں اراکینِ سے اسمبلی رکنیت بھی واپس لی جائے۔