یوسف رضا کی بطور سینیٹر کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کی درخواست خارج
الیکشن کمیشن کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی نو منتخب سینیٹر یوسف رضا گیلانی کے حق میں فیصلہ دے دیا۔ عدالت نے یوسف رضا گیلانی کی بطور سینیٹر کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے اور نااہل قرار دینے کیلئے دائر تحریک انصاف کی درخواست خارج کر دی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی علی نواز اعوان کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ یوسف رضا گیلانی کی جانب سے اراکین اسمبلی کو ووٹ ضائع کرنے کے طریقے بتائے، رشوت کا لالچ دینے کی ویڈیوز سامنے آئیں، کرپٹ پریکٹسز پر یوسف رضا گیلانی کو نااہل قرار دیا جائے۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے درخواستگزار سے مکالمے کے دوران ریمارکس دیئے کہ آپ کا کیس الیکشن کمیشن میں چل رہا ہے، پہلے اُسی فورم کو استعمال کریں، آپ بڑے اچھے اور قابل صلاحیت عوامی نمائندے ہیں، ایسی درخواستیں یہاں کیوں لے کر آتے ہیں، غیر ضروری طور پر عدالتوں کو سیاسی معاملات لانا ٹھیک نہیں۔