تحریر:سلمان احمد قریشی
پاکستانی سیاست ہیجان کا شکار ہے۔معاشی حالات ابتر ہیں، افراتفری،بے یقینی اوربے چینی ہے۔آئین نافذ ہے لیکن ایمرجنسی کی باتیں کی جاتی ہیں۔صوبائی الیکشن کا اعلان ہوچکا ہے مگرالیکشن کے انعقاد پر سوالات اٹھائے جاتے ہیں۔مخصوص سیاسی سوچ کا حامل سیاسی گروہ الیکشن کے التوا کی تاویلیں پیش کرتا نہیں تھکتا۔ ملک میں ایک طرف گہری سیاسی تقسیم ہے دوسری طرف پارٹیوں کے اندر الیکشن لڑنے کے لیے پارٹی ٹکٹ کے حصول کی کھنچاتانی ہے۔انائیں ملکی مفاد سے بالاتر ٹھریں اورشخصیات جماعتوں پر بھاری ہیں جبکہ عوام اور نظریاتی سیاست ناپید ہے۔سب اپنے اپنے عزائم کی تکمیل کے لیے سرگرداں ہیں۔
قارئین کرام! عام آدمی کیا سوچتا ہے حکومت کے لیے اہم نہیں۔پارٹی رہنما اپنے نظریاتی کارکنان اور حلقہ کے ووٹرز کی خواہشات سے بے خبر ہیں۔اپنا ایجنڈا بچالو حکومت بنالو بس یہی سلسلہ بام عروج پر ہے۔
میڈیا ٹائیکون بھی اپنے مفادات کے مطابق فیصلہ کرتے ہیں کہ کس کو کتنی کوریج یا پروجیکشن دینی ہے۔حکمت و دانش کے تحت سوچنے والے سنجیدہ پاکستانی ووٹرز تجزیہ، تحریر اور کالم سے متاثر ہوتے ہیں جبکہ پر جوش، جواں سال ووٹرز تقاریر، بیان بازی، سوشل میڈیا اور پبلسٹی سے مرغوب ہیں۔امیدوار لسانی شناخت، برادری ازم، دھن دولت کے استعمال اور اثر ورسوخ سے پارٹی قائدین کو ٹکٹ کے لیے راضی کرنے کی تگ و دو میں مصروف ہیں۔یہ سب کچھ صرف اسی لیے ہوتا ہے کیونکہ نظریاتی سیاست بتدریج کمزور ہوتی گئی۔ سیاسی جماعتیں اجارہ داریوں کا شکار ہیں۔پاکستان کی موروثی سیاست کا موازنہ چند دوسرے ممالک سے جائے تو امریکہ میں موروثی سیاست کا حصہ تقریباً 6 فیصدہے، بھارت 28 فیصد، جبکہ پاکستان کی قومی اور پنجاب کی صوبائی اسمبلی میں موروثی سیاست دانوں کا حصہ 53 فیصد تھا۔ کسی بھی جمہوری معاشرے کیلئے موروثی سیاست کی یہ شرح ناقابل قبول ہے۔
بسلسلہ تذکرہ پنجاب کے ایک صوبائی حلقہ پر نظر ڈالتے ہیں۔حلقہ پی پی 185اوکاڑہ سے پی ٹی آئی کی ٹکٹ کے خواہشمند چار امیدوار سامنے آئے، ان میں سابق وفاقی وزیر راوسکندر اقبال کے فرزند راو حسن سکندر جو اس حلقہ سے 2018کے الیکشن میں عمران خان کی ٹکٹ پر ایم این اے کے امیدوار تھے۔راو سکندر اقبال پی پی پی اور ق لیگ کے ادوار میں وفاقی وزیر رہے۔دوسرے امیدوار چوہدری سیلم صادق سابقہ ٹکٹ ہولڈر ہیں۔آپ پی ٹی آئی اوکاڑہ کے سب سے زیادہ متحرک اور ورکرز کے ساتھ رابطہ میں رہے اور پی ٹی آئی اوکاڑہ کے لیے ہر محاذ پر کھڑے نظر آئے۔تیسرے امیدوار سابق صوبائی وزیر اشرف خان ہیں۔چوتھے امیداور نووارد راو عبدالرحمن ہیں۔انکے علاوہ اس پارٹی میں نئے چہرے اور اہم سیاسی شخصیات کے مرکزی کردار کی شنید ہے۔دوسری طرف مسلم لیگ نواز کی طرف سے2018میں نواز لیگ کے کامیاب ایم پی اے چوہدری منیب الحق ہیں۔ انکا تعلق بھی سیاسی گھرانہ سے ہے انکے والد بھی 1985میں اس حلقہ سے ایم پی اے منختب ہوئے۔ حمزہ شہباز کی وزارت اعلی اور اسکے بعد کی سیاسی کاروائی میں پارٹی کے ساتھ فرنٹ لائن میں نظر آئے۔مقامی طور پر اپنا ووٹ بنک بھی رکھتے ہیں۔لیگی ووٹرز بطور نوجوان انہیں پسند بھی کرتے ہیں۔انکے ساتھ سابق ایم پی اے و ضلعی صدر میاں منیر بھی امیدوار ہیں اورپرانے مسلم لیگی ہیں۔تیسرے قابل ذکر امیدوار موجودہ مسلم لیگی ایم این اے چوہدری ریاض الحق جج کے حقیقی بھائی چوہدری فیاض ظفر ہیں۔مقامی طور پر متحرک اور عوامی شناخت رکھتے ہیں۔پی پی پی کے امیدوار سابق ایم این اے و ضلعی صدر چوہدری سجادالحسن ہیں۔ انکے مدمقابل پارٹی کا کوئی قابل ذکر امیدوار نہیں۔انکی شخصیت پر پارٹی ووٹرز بھی متفق ہیں۔پی ٹی آئی اور پی ایم ایل نواز کو پارٹی ٹکٹ کے حوالہ سے فیصلہ سازی میں بہت محتاط رویہ اختیار کرنا پڑے گا۔ قیادت کے لیے ٹکٹ کا فیصلہ سیاسی بصیرت اور ورکرز کی امنگوں کو سامنے رکھتے ہوئے کرنا ایک امتحان ہے۔اس حلقہ میں کامیابی امیدوار کے انتخاب کے نتیجہ سے مشروط ہے۔پارٹی نشان کے ساتھ امیدوار کا چناو ہی اصل امتحان ہے۔ قیادت جس امیدوار کو ٹکٹ دے گی پھر دیکھنا یہ ہو گا کہ کیا عوام بھی اپنے ووٹ کے ذریعے اس چناو پر مہر تصدیق ثبت کرتے ہیں۔
پاکستان میں اجارہ داریاں توڑنے کا قانون ہونا چاہیے یا ہم شعوری طور پر اتنے بلند ہوجائیں کہ شخصیت پرستی سے آزادہوسکیں تاکہ حقیقی سیاسی رہنما آگے آسکیں۔ اجارہ داری کسی بھی شعبہ میں ہو خطرناک ہے لیکن سب سے زیادہ خطرناک سیاست کی اجارہ داریاں ہیں۔ انہی سے مافیاز جنم لیتے ہیں جو میرٹ کا جنازہ نکالنے کا باعث بنتے ہیں۔
ان دنوں دو مختلف اور متضاد آرا گردش میں ہیں۔ پہلی رائے ہے کہ الیکشن کا انعقاد ممکن ہی نہیں، دوسری طرف الیکشن کا انعقاد آئینی تقاضا ہیں اور مسائل کا واحد حل قرار دیے جارہے ہیں۔ان دونوں متضادآرا پر
عوامی خواہش بالکل یکساں اور مساوی ہے۔جمہوریت کو پابہ زنجیر کیے جانے کا یہ سلسلہ اب ختم ہونا چاہئیے۔لہذا الیکشن لڑنے کے لیے پارٹی ٹکٹ میرٹ پہ دیے جائیں۔مقامی تنظیم کی رائے کو اہمیت دی جائے۔لیڈر سے قربت کو معیار نہ بنایا جائے۔ کارکردگی اور پارٹی کے لیے خدمت کو مدنظر رکھا جائے۔سیاسی خانہ بدوشوں اور پیراشوٹرز کی نامزدگیوں کی روایت بند ہونی چاہئیے۔قیادت کے ایسے فیصلوں سے ہی حقیقی جمہوریت کی بحالی کا راستہ کھل سکتا ہے۔گھر کے باہر ریاستی اداروں سے تصادم کے لیے کارکن لانے کی ہدایت کو پارٹی ٹکٹ کے حصول کے ساتھ مشروط کرنے یا لیڈران پرعائد الزامات کے دفاع کے لیے گالی گلوچ کا طرز عمل اختیار کرنا کسی طور سیاسی جدوجہد نہیں ہوسکتی۔ اس طرز عمل سے جمہوریت کمزور اور اجارہ داری کی سیاست کا فروغ ہوتا ہے۔ میدان سیاست میں ذاتی فائدہ کے لیے اچھل کود کرنے والے کرداروں کے تہہ در تہہ نقابوں میں لپٹے چہروں کو بے حجاب کرنا سیاست ہے۔
آج تک جنہوں نے پارٹی کے اندر رہتے ہوئے لیڈر کو راہ راست پر لانے کی کوشش کی انہیں نشان عبرت بنادیا گیا۔یاد رکھنا چاہیئے کہ تحریک انصاف کو اقتدار میں لانے کے لئے بھی خانہ بدوش سیاسی خانوادوں نے جو کردار ادا کیاہے وہ اس سے پہلے مسلم لیگ (ن) یا پیپلز پارٹی کے ’وفادار‘ تھے.یاد رکھنا چاہئیے کہ محبتیں زوال آنے پر ہی نبھائی جاتی ہیں عروج پر تو پرائے بھی اپنے بن جاتے ہیں مگر یہ اپنے دراصل کسی کے نہیں صرف اپنے مفادات کے اسیر ہوتے ہیں۔ہمیں اسیران جمہوریت کی قدر کرنی چاہئیے۔ سیاسی پارٹیاں صرف نظریاتی کارکنان کی ہوتی ہیں انتخابات لڑنے والوں کی نہیں وہ صرف جیتنے کے لیے ہی کھڑے ہوتے ہیں۔