• پسِ دیوار کے سیاسی قصے

    تحریر:سلمان احمد قریشی

    آج کا سب سے اہم سوال یہ ہے کہ آئندہ حکومت کس جماعت کی ہو گی یا کس جماعت کو کتنا حصہ ملے گا۔۔۔؟ سب سے پہلے صوبہ پنجاب میں سیاسی میدان سجنے جا رہا ہے۔ 30 اپریل کو پنجاب کی صوبائی اسمبلی کے انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔ آئندہ ہونے والے عام انتخابات کے بارے سروے، تجزیے اور دعوے بہت کچھ سننے اور دیکھنے میں آ رہا ہے مگر حتمی جواب تو 30 اپریل کو ہی سامنے آئے گا.
    صوبائی اسمبلی کے انتخاب کے لیے اوکاڑہ میں بھی مقامی طور پر نئی صف بندی اور حکمت عملی ترتیب دی جا رہی ہے۔ آوازِ اوکاڑہ کے قارئین کے لیے سب پہلے اوکاڑہ کی سیاسی صورتحال کو ہی موضوع بنانے پر اکتفا کرتے ہیں۔ پسِ دیوار ہونے والے چند اہم فیصلےابھی باقی ہیں انکا علم ہو گا تو پنجاب اور ملکی سیاست پر بھی قلم اٹھانے کی سعی کریں گے۔ ضلع اوکاڑہ کی آٹھ صوبائی نشستوں پر مختلف سیاسی جماعتوں کی طرف سے ایک سے زائد امیدواران نے کاغذات جمع کروائے ہیں۔ 8 صوبائی نشستوں پر 185 امیدوار نے 228 کاغذات جمع کروائے ہیں۔حلقہ پی پی 185جو اوکاڑہ کی شہری آبادی پر مشتمل ہے یہاں 29 امیدوران نے 35 کاغذات نامزدگی جمع کروائےہیں۔ کاغذات کی جانچ پڑتال پارٹی ٹکٹ کےفیصلے اور کاعذات واپس لینے کےمرحلہ کے بعد صورتحال واضح ہو گی کہ کتنے امیدوار انتخاب میں حصہ لیتے ہیں۔ ضلع اوکاڑہ ماضی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے لیے پنجاب کا لاڑکانہ ہوا کرتا تھا۔لیکن 2013 کے انتخابات میں جہاں لوڈشیڈنگ نے پی پی پی کو پنجاب میں غیر مقبول کیاوہاں اپنوں کی سیاسی بے وفائی نے مقامی طور پر پی پی پی کو وننگ پوزیشن سے پیچھے دھکیل دیا۔ مسلم لیگ نواز نے اوکاڑہ میں کامیابی حاصل کی۔ مسلم لیگ نواز کی کامیابی کے قومی سطح پر موجود عوامل کے ساتھ مقامی سطح پر موجودہ ضلعی صدر پی ایم ایل (این)میاں محمد منیر کی محنت لگن اور شرافت کی سیاست کا کردار بہت اہم تھا۔وہ پی پی پی کے امیدوار اور اس وقت کے ضلعی صدر سابق صوبائی وزیر سے دو بار مسلسل شکست کھانے کے باوجود اپنی پارٹی اور کارکنان کے ساتھ کھڑے رہے اور 2013 میں صوبائی نشست پر کامیاب ہوئے جبکہ انکے مدِمقابل امیدوار نے پارٹی تبدیل کر لی اور پی ٹی آئی میں شامل ہو گئے۔ اس وقت منتخب ہونے والے ایم این اے کی نشست پر 2015 میں ضمنی انتخاب ہوا۔ اس انتخاب نے اوکاڑہ شہر کی سیاست ہی بدل دی۔ تعلیم یافتہ، نوجوان اور عوامی خدمت کے لیے اوکاڑہ میں مقبول خاندان کے چشم وچراغ ریاض الحق جج نے تاریخ ساز کامیابی حاصل کی۔پی پی پی ، پی ٹی آئی اور پی ایم ایل این تینوں جماعتوں کو شکست دے کر ریاض الحق جج فرزندِ اوکاڑہ قرار پائے اور کامیاب ہوتے ہی مسلم لیگ نواز میں شامل ہو گئے کیونکہ انکا خاندان اسی سیاسی جماعت سے وابستہ تھا۔ 2018 کے عام انتخابات میں ایک دفعہ پھر ریاض الحق جج مسلم لیگ نواز کی ٹکٹ پر اوکاڑہ سے ایم این اے منتخب ہوئے۔ وہ راقم الحروف کے سکول اور کالج فیلو ہیں اس لیے انکے بارے زیادہ لکھنا مناسب نہیں سمجھتا تاکہ غیر جانبداری قائم رہے۔ ویسے بھی ریاض الحق جج اور ہم نے پرانے تعلق کو برقرار رکھنا ضروری نہیں سمجھا کیونکہ طاقت ور ایوان کے رکن ایک عام قلمکار سے تعلق کیسے رکھ سکتے تھے۔۔؟ کیونکہ قلم تو حق لکھنے کے لیے ہوتا ہے ذاتی تعلقات کو نبھانے سے حرمتِ قلم بھی متاثر ہوتی ہے اور ایک ایم این اے کا وقت بھی بہت قیمتی ہوتا ہے اس لئے بڑے لوگوں کی آشنائی کی تگ دو سے بہتر ہے کہ قلم کی روشنائی قائم رہے سو ہم اپنے اپنے کام میں مگن رہے۔ اس حقیقت سے انکار ممکن نہیں کہ معروف کاروباری خاندان کے چشم و چراغ ریاض الحق جج اپنے حلقہ میں مقبول ہیں۔ بلدیاتی سیاست میں بھی انکا گروپ اکثریت میں رہا جس کی قیادت انکے بڑے بھائی چوہدری فیاض ظفر کرتے رہے اور جبکہ انکے عزیز چیرمین بلدیہ تھے۔ آج مسلم لیگی کونسلرز اور عوامی خواہش کے مطابق چوہدری فیاض ظفر کا نام ایم پی اے کے امیدواران کی لسٹ میں ہے۔ انتخاب کے لیے آج فیاض ظفر رضا مند ہیں کل ظفر مند بھی ہو سکتے ہیں کیونکہ وہ بہت متحرک ہیں، ووٹ بنک رکھتے ہیں میڈیا پر چھائے رہتے ہیں۔عام آدمی کے دکھوں کو کم کرنے کے لیے ساتھ کھڑے نظر آتے ہیں۔ دوسرے ممکنہ امیدوار میاں منیر مسلم لیگ نواز کا چہرہ ہیں، انکا تعارف مسلم لیگ نواز ہے بطور ایم پی اے اوکاڑہ یونیورسٹی جیسے بڑے منصوبہ سمیت ترقیاتی کام کروا چکے ہیں آپ نرم گفتار اور حسنِ اخلاق کے لیے مشہور ہیں۔ لیگی ووٹرز میں قدر و منزلت رکھتے ہیں۔ سہیل اشرف ، شہزاد لودھی، زاہد سرور، حاجی نعیم جیسے متحرک لیگی کارکنان انکے دست و بازو ہیں۔ تیسرے امیدوار چوہدری منیب الحق 2018 میں مسلم لیگ نواز کی ٹکٹ پر ایم پی اے منتخب ہوئے اور اس نشست پر دوبارہ کامیاب ہونے کے خواہشمند ہیں۔اب فیصلہ مسلم لیگ نواز کی قیادت نے کرنا ہے کہ کون پارٹی امیدوار ہو گا۔ ٹکٹ کا بہتر فیصلہ ہی مسلم لیگ نواز کی یہ نشست محفوظ کر سکتا ہے۔ اختلاف یا تقسیم کا فائدہ صرف اور صرف پی ٹی آئی کو ہو گا۔ پی ٹی آئی پہلی بار یہ نشست جیت سکتی ہے جو ماضی میں پی پی پی اور 2013, 2018 سے مسلم لیگ نواز کے پاس ہے۔ پی ٹی آئی کے حوالہ سے پسِ دیوار سے خبر ہے کہ ایک مضبوط گروپ کی مشاورت مکمل ہو چکی ہے۔ پی ٹی آئی اس دفعہ انتخاب عمران خان کی مقبولیت کے ساتھ ساتھ مقامی سطح پر ایڈجسٹمنٹ کے تحت لڑنے جا رہی ہے۔ ایک نامور مقامی سیاسی شخصیت نے پس منظر میں ہوم ورک مکمل کر لیا ہے۔ پی پی پی کی طرف سے سابق ایم این اے چوہدری سجاد الحسن نے کاغذات جمع کروائے ہیں۔ پی پی پی کے لیے ان سے بہتر کوئی دوسرا امیدوار نہیں ہو سکتا۔ ایک پرانا سیاسی گھرانہ پی پی پی کے پلیٹ فارم سے اپنا سیاسی سفر جاری رکھنے کے لیے تیار ہو چکا ہے۔ اعلان ٹکٹ کے فیصلوں کے ساتھ متوقع ہے۔ اس بار پی پی پی بھی اپنا وجود منوانے کی پوزیشن میں ہے۔ ٹکٹ کے فیصلوں کے ساتھ سیاسی میدان میں بھی تبدیلی آئے گی۔ ایک بات پورے اعتماد سے لکھے دیتا ہوں کہ اس بار اوکاڑہ شہر کی سیاست نیا رخ اختیار کرے گی سیاسی جماعتوں کی مقبولیت کے ساتھ امیدوار کی شخصیت نتائج کا تعین کرے گی۔ پسِ دیوار بہت سے عہد و پیماں ہو چکے لیکن سب معاملات ٹکٹ کے فیصلوں کے بعد سامنے آئیں گے۔ 30 اپریل کا انتخاب پہلے سے بہت مختلف اور آئندہ کی سیاست کی سمت متعین کردےگا۔

    243 مناظر