تحریر:سلمان احمد قریشی
شہباز شریف کی حکومت ہر سطح پر مشکلات سے دوچار ہے۔ سیاسی میدان میں عمران خان کی للکار، انتخابی حلقوں میں مہنگائی کی ستائی عوام کی چیخ و پکار اور اب اتحادی جماعتوں کی طرف سے شکایات کے انبار، دوسری طرف مسلم لیگ (ن) کی آرگنائزر مریم نواز کا اس حکومت کو اپنا ماننے سے انکار۔ آگے پہاڑ پیچھے کھائی کے مِصداق شہباز شریف مشکل میں پھنس چکے ہیں۔مسلم لیگ (ن) کے قائدین بھی حکومت سے خوش نہیں۔مہنگائی کے طوفان سے اب شیروں کے پنجریں اُکھڑتے دکھائی دیتے ہیں۔ پنجاب میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات کے انعقاد کے ساتھ حکومت کا چلنا ممکن نہیں۔ پنجاب میں الیکشن کا دنگل سجتے ہی اتحادی جماعتیں حکومت سے نکلنے پر مجبور ہو جائیں گی۔
قارئین کرام! شہباز شریف نے بطور وزیراعظم انتہائی نامساعد حالات میں حکومت سنبھالی۔ایک ایسے وقت میں وزارت عظمیٰ کوگلے لگانے کا فیصلہ کیا، جب پاکستان دیوالیہ ہونے کے قریب تھا۔ شہباز شریف جیسے قد کاٹھ کا دوسرا کوئی رہنما وزیراعظم بننے کاحامی نہیں تھا۔ شہبا زشریف کی خواہش نے انہیں وزارت عظمیٰ تک پہنچا دیا۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کو اپنی تجربہ کار ٹیم پر بڑا ناز تھا۔ صوبہ پنجاب نواز شریف کا مضبوط قلعہ ہوا کرتا تھا آج اس مضبوط قلعہ کی دیواریں لرزتی دِکھائی دے رہی ہیں۔عمران خان نے اپنی حکومت کے خاتمہ کے ساتھ ہی ایسا سیاسی بیانیہ بنایا کہ شہباز شریف کی حکومت دفاعی پوزیشن پر آ گئی۔ پاکستان میں اتحادی حکومتوں کا تجربہ ویسے بھی زیادہ کامیاب نہیں رہا آج تو حالات بہت مختلف ہیں۔ ملکی معاشی صورتحال حالتِ نزع میں ہے۔ عام آدمی کے لیے دو وقت کی روٹی ایک مسئلہ بن چکی ہے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف بڑے بلند و بالا دعووں کے ساتھ اسحاق ڈار کو واپس پاکستان لائے۔ لیگی قیادت اور کارکنان پُر امید تھے کہ اسحاق ڈار آتے ہی اقتصادی ابتر صورتِ حال کو کنڑول کرلیں گے۔ ڈار بمقابلہ ڈالر کے لیے سٹیج کی تیاری کی گئی، مِفتاع اسماعیل کو موردِ الزام ٹھہرا کر رخصت کیا گیا۔ ڈار، ڈالر کے سامنے چاروں شانے چت ہو گئے۔ عمران خان کی سیاسی حکمتِ عملی سے پنجاب، کے پی کے میں الیکشن کا فیصلہ آ گیا۔ ایک وقت تھا مسلم لیگی رہنما وزیرِ اعلی عثمان بزدار کا مذاق یہ کہہ کر اڑایا کرتے تھے کہ وہ اپنے حلقہ میں یہ کہتے ہیں کہ میں پنجاب میں شہباز شریف لگ گیا ہوں۔ وزارت ِاعلی کو شہباز شریف کے اس طرح منسلک کرتے تھے کہ جیسے ان سے بہتر منتظم پنجاب میں کوئی نہیں۔ یہ خوش فہمی تھی یا غلط فہمی راقم الحروف نے اس وقت بھی یہ لکھا تھا کہ شہباز شریف کی صلاحیتوں سے زیادہ یہ بڑے بھائی کی نوازشات اور چَھتر چھایا ہے کہ شہباز شریف کامیاب ہیں۔ سابق قومی کرکٹر شاہد آفریدی کی طرح شہباز شریف کامیاب نہیں صرف میڈیا سٹار ہیں۔پرفارمنس کی بجائے انہیں صرف ایک ہیرو کے طور پر پیش کیا جاتا ہے۔ پنجاب میں سب سے بہتر کارکردگی پرویز الہی کی رہی ہے۔ عمران خان اپنے غیر سیاسی رویہ کی وجہ سے حکومت سے فارغ ہوئے تو ملکی قیادت کی ذمہ داری شہباز شریف کے کندھوں پر آن پڑی۔ شہباز شریف نے اپنے انداز میں حکومت چلانی شروع کی۔ ایک طرف عمران خان کی جارہانہ سیاست، عوامی مشکلات اور دوسری طرف نوازشریف کے احکامات اور خواہشات کا احترام سب کچھ شہباز شریف کے لیے آسان نہیں تھا۔ شہباز کو پرواز کے لیے نیا افق تو میسر آیا لیکن پرواز کی صلاحیت محدود سے محدود ہوتی گئی۔ مریم نواز شریف کا اندازِ تکلم اور جارہانہ اندازِ سیاست شہباز شریف کی طبعیت سے مطابقت نہیں رکھتا، لیکن مسلم لیگ (ن) کو لیڈ کرنے کے لیے مریم نواز فرنٹ فٹ پر ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی مسلم لیگ (ن) سے قربت اور اتحاد کی بڑی وجہ عمران خان کا رویہ اور اندازِ سیاست ہے۔ آصف علی زرداری پاکستان کی سیاست کا واحد کردار ہیں جو مفاہمت کے بادشاہ کے طور پر مشہور ہیں۔ لچک، فہم وفراست اور رواداری انکی سیاست کا خاصہ ہے۔ پاکستانی سیاست میں نیا راستہ بننا ہو تو یہ خوب جانتے ہیں۔ عمران خان شریف برداران کے ساتھ آصف علی زرداری کو بھی زیر کرنے کے در پہ رہے۔ اس حکمتِ عملی کا نتیجہ تمام سیاسی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو کر حکومت میں آئیں۔ مسلم لیگ (ن) سے ماضی کی تلخیاں پارٹی ورکرز ابھی تک نہیں بُھلا سکے۔ اس سیاسی اتحاد کی بنیاد صرف عمران خان کی مخالفت ہے۔ عمران خان سب جماعتوں کو روندتے ہوئے آگے بڑھنا چاہتے ہیں اس رَوِش پر کاربند چیئرمین پی ٹی آئی نے اداروں سے بھی مخالفت مول لی۔ سب غلط عمران خان تنہا درست ہیں، دانا ہے ایماندار ہیں اور محب ہیں۔ سب سے بڑھ کر عوامی مقبولیت کے زعم میں مبتلا ہیں۔ یہ وہ حقیقتیں ہیں جسکی وجہ سے موجودہ سیاسی گراونڈ قائم ہوئی۔ اب الیکشن قریب ہیں تو سیاسی صف بندی از سرِ نو تشکیل دے گئی۔ الیکشن ہمیشہ حکومتی جماعت کے لیے مشکل ہوتے ہیں۔اس لیے حکومتی اتحاد میں اختلافات ضرور سامنے آئیں گے۔ اس تناظر میں دیکھیں عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنماو سینٹر عمر فاروق حکومت سے علیحدگی کا عندیہ دے چکے ہیں۔ عوامی نیشنل پارٹی نے شہباز حکومت کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔سینیٹر عمر فاروق کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم اتحاد کس لیے بنا تھا، آج تو ایسا کچھ نہیں ہو رہا، ہم نے کوئی ریلیف نہیں دیا، عام آدمی کے لیے تو موت ہے، ان کا منفی پن دیکھیں تو وفاقی کابینہ 86 تک پہنچ گئی ہے۔ ایک اور اہم پیش رفت یہ ہوئی کہ وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو نے سیلاب متاثرین سے کیے وعدے پورے نہ کرنے کی صورت میں وزارتیں چھوڑنے کا اشارہ دیدیا۔ پی پی پی کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے جو مالی مدد کا وعدہ کیا تھا وہ پورا نہیں کیا جا سکا۔ کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا وفاقی حکومت نے وعدے پورے نہ کیے تو ہمارے لیے مشکل ہو گا کہ اپنی وزارتیں برقرار رکھیں، امید ہے کہ ہماری شکایت کا ازلہ کیا جائے گا۔ دوسری جانب وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی اسی تقریب سے خطاب میں کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے رقم نہ ملنے کے باعث کسانوں کو پیکج دینے میں تاخیر ہوئی۔ وزیرِاعلی سندھ مراد علی شاہ کومردم شماری سے متعلق بھی تحفظات ہیں۔ وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے ہمارے تحفظات دور نا ہوئے تو ہم مردم شماری کو مسترد کر دیں گے۔ ابھی معاملات اس حد تک نہیں پہنچے کہ سیاسی جماعتیں حکومت سے علحیدہ ہو جائیں لیکن پنجاب میں الیشکن کا میدان سجنے سے سب اپنی اپنی پوزیشن لیں گے۔ پس منظر کو بیان کرنے کا مقصد پیش منظر بیان کرنا ہے۔ آئندہ سب سے کم سپیس شہباز شریف کے پاس ہو گی۔ دیگر جماعتیں تو ایک طرف انکی اپنی جماعت بھی انکی حمایت میں کھڑی نظر نہیں آئے۔ مسلم لیگ (ن) کو اب نواز شریف ہی کی ضرورت ہے۔ نہیں تو آنے والے وقت میں شہباز کی پرواز محدود سے محدود ہوتی جائے گی۔