سینٹ الیکشن کی خفیہ بیلٹنگ پر خوشی کی دھمالیں ڈالنے والے اصل چور ہیں: شہباز گل
شہباز گل نے کہا ہے کہ سینٹ الیکشن کی خفیہ بیلٹنگ پر خوشی کی دھمالیں ڈالنے والے اصل چور ہیں، ان کا مشترکہ امیدوار کرپٹ اور ووٹ چور ہے جو ایک بار پھر چوری کرتے پکڑا گیا۔
معاون خصوصی شہباز گِل نے مریم اورنگزیب کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سینٹ الیکشن چوری کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، دھاندلی ان کا اوڑھنا بچھونا ہے جس کے بغیر یہ کبھی مقابلے کا سوچ بھی نہیں سکتے، ڈسکہ الیکشن بھی ہارنے کے بعد نااہل دھاندلی کا راگ آلاپتے رہے، سینٹ الیکشنز کے بعد اگلے عام انتخابات میں بھی عوام عمران خان کو چنیں گے۔
اس سے قبل ترجمان پاکستان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ آٹا، چینی چوروں کا یہ ملک نہیں ہوسکتا، ڈھائی سال میں معیشت اور روزگار تباہ ہوا، کرپشن چوری اور نااہلی کے علاوہ حکومت نے کچھ نہیں کیا، تحریک انصاف کی یہ اقلیتی حکومت ہے، اتحادی الگ ہو جائیں تو حکومت کے پاس اکثریت نہیں رہے گی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ اتحادی ایم این ایز اپنے حلقوں میں نہیں جا سکتے، عوامی نمائندوں سے حلقے کے لوگ کہتے ہیں یہ حکومت آٹا بجلی چور ہے۔