پیسہ اور لالچ کے باوجود سینیٹ انتخابات میں کامیابی حاصل کریں گے: وزیراعظم
وزیراعظم نے کہا ہے کہ پیسہ اور لالچ کے باوجود سینیٹ انتخابات میں کامیابی حاصل کریں گے، ہمارے ارکان سے رابطے ہو رہے ہیں مگر ہم متحد ہیں۔
وزیراعظم عمران خان سے وزیر خزانہ حفیظ شیخ نے ملاقات کی، جس میں سینیٹ انتخابات سے متعلق حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ حفیظ شیخ نے حکومتی و اتحادی ارکان سے ملاقاتوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن سینیٹ الیکشن جیتنے کیلئے ہر حربہ استعمال کر رہی ہے، اسی لیے شفاف انتخابات کیلئے اوپن ووٹنگ کا حامی تھا۔
عمران خان سے پنجاب سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی نے بھی ملاقات کی، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور مشیر خزانہ حفیظ شیخ بھی ملاقات میں موجود تھے۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عوامی نمائندوں کی طرف سے اٹھائے گئے مسائل حل کریں گے، پہلی بار پسماندہ علاقوں کو زیادہ ترقیاتی منصوبے دیئے جا رہے ہیں، ہماری حکومت کی ترجیح عام آدمی اور پسماندہ علاقے ہیں۔
دوسری جانب وزیراعظم نے حکومتی اور اتحادی ارکان اسمبلی کو آج ظہرانے پر بلا لیا۔ ارکان اسمبلی کو وزیراعظم ہاؤس میں ظہرانہ دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اراکین کو سینیٹ پولنگ ڈے پر حاضری یقینی کی ہدایت کی جائے گی۔ وزیراعظم نے ارکان کو ظہرانے میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔