اوپن بیلٹ کے مخالف ملک میں کرپٹ نظام کا تسلسل چاہتے ہیں: شبلی فراز
شبلی فراز نے کہا ہے کہ اپوزیشن دھاندلی زدہ سسٹم کی حامی ہے، اوپن بیلٹ کے مخالف ملک میں کرپٹ نظام کا تسلسل چاہتے ہیں، عمران خان مقصد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں سینٹ انتخابات میں پیسہ استعمال ہوتا رہا ہے، عمران خان نے سینٹ انتخابات سے پیسہ کا عمل دخل ختم کرنے کے لئے بہت کوشش کی، سپریم کورٹ نے کہا کہ شفاف الیکشن کے لئے ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے، فیصلہ میں واضح کیا گیا کہ خفیہ بیلٹ دائمی نہیں ہے۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ وقت کا تقاضہ اور ہے اور زمینی حقائق اور ہیں، الیکشن کمیشن سے درخواست ہے انتخابات میں ٹیکنالوجی استعمال کرے، پرانے پاکستان میں ہر چیز پیسہ کے زور پر ہوتی تھی، ہم چاہتے ہیں ادارے آزاد ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے ٹکٹ جن کو ملے وہ ہی ہمارے امیدوار ہیں، ہر چیز اور ہر شخص پر نظر ہے۔
ادھر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سینیٹر فیصل جاوید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام فریقین کی بات سنی گئی، فیصلہ خوش آئند ہے، خفیہ رائے شماری تاقیامت نہیں ہے، سینیٹ انتخاب میں ووٹ کی نشاندہی ہوسکے گی، عمران خان ہر سطح پر کرہشن کا خاتمہ چاہتے ہیں، اپوزیشن ہر سطح کی کرپشن کا تحظ چاہتی ہے، لوگ کرپشن کیخلاف باہر نکلتے ہیں کرپشن کے حق میں نہیں۔
دوسری جانب سپریم کورٹ نے سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ صدارتی ریفرنس پر رائے دیتے ہوئے کہا کہ سینیٹ انتخابات خفیہ ہی ہوں گے۔ عدالت نے سینیٹ انتخابات سے متعلق رائے کا فیصلہ چار ایک کی اکثریت سے دیا۔ جسٹس یحیٰ آفریدی نے فیصلے سے اختلاف کیا۔