تحفے میں ان کو آئینہ دیجیئے
تحریر:سلمان احمد قریشی
گزشتہ سال سے جاری سیاسی بحران کے ساتھ معاشی حالات کی ابتر صورتحال کے بعد اب ریاستِ پاکستان کو ایک نئے چیلنج دہشت گردی کا بھی سامنا ہے۔ تحریکِ عدم اعتماد کی کامیابی کے نتیجہ میں عمران خان کی حکومت کا خاتمہ ہوا، اس دن سے سیاسی کشیدگی کم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہی۔ فوری الیکشن کے مطالبے کے علاوہ پی ٹی آئی دیگر امور پر بات کرنے پر تیار نہیں۔ عام آدمی پر عرصہ حیات تنگ ہوتا جا رہا ہے۔ ڈالر نے ڈار کو پِھچاڑ دیا ہے۔ اسحاق ڈار یا مسلم لیگ (ن) کی ناکامی لیکن اب عوام کی قوتِ برداشت ہی ختم ہو چکی ہے۔ عوامی مسائل پر کوئی آواز بلند نہیں کر رہا۔ اقتدار کی خواہش یا طوالت دونوں اطراف سیاست اسی نقطہ کے گرد گھوم رہی ہے۔ سیاست سے عام آدمی مائنس ہو چکا ہے۔ ایسا لگتا ہے سیاسی قیادت نے عوام پر ہی ریڈ لائن لگا دی ہے۔
قارئین کرام! پی ٹی آئی کے اس موقف کو درست مان لیتے ہیں کہ حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے تو دوسری طرف اس حقیقت کو کیسے نظر انداز کیا جا سکتا ہے کہ پی ٹی آئی بطور حکمران جماعت ناکام رہی، بطور اپوزیشن بھی بری طرح ناکام ہے۔ نت نئے بیانیوں کے ذریعے عوامی مقبولیت ایک طرف سیاسی شطرنج پر عمران خان کی ہرچال پِٹ گئی۔ تحریکِ عدم اعتماد کامیاب ہونے سے قبل نئے عوامی مینڈیٹ کا حصول عمران خان کے لیے بہت آسان تھا۔ اس وقت تک عمران خان اسٹیبلشمنٹ سمیت تمام غیر آئینی کرداروں کے ساتھ معاملات کرنے کو درست سمجھتے تھے۔ حکومت سے نکلتے ہی اداروں پر شدید الزام تراشی اور نت نئے الزامات کا طوفان برپا کر دیا۔ آج عمران خان اعلانیہ کہتے ہیں کہ وہ بے اختیار تھے، سوال تو بنتا ہے کہ ایک ایماندار شخص جس کو اقتدار کی ہوس نہیں وہ کیونکر ایک بے اختیار رسمی کردار ادا کرتا رہا۔۔؟ سیاسی مخالفین کے لیے اس قدر نفرت کہ انکے نام تک بگاڑے گئے۔ اخلاقیات سے عاری گفتگو کو بہترین ترجمانی کہا گیا۔ شیخ رشید جیسے کردار جو کبھی چپڑاسی بننے کے قابل نہ تھے، معتبر گردانے گئے۔احتساب کو انتقام بنا دیا گیا۔ سیاسی مخالفین کو قید و بند میں رکھا گیا۔ کرپشن کے تمام تر الزامات جھوٹ ثابت ہوئے۔ پی ٹی آئی اپنی سیاست صرف نعروں اور نفرت انگیز بیانات کے ذریعے ہی چلاتی رہی۔ سیاسی کامیابی کی خواہش کو سامنے رکھ کر بیانیہ دیا گیا۔ ریاستِ پاکستان اور عوام پی ٹی آئی اور سیاسی مخالفین کی سیاست میں پیچھے رہ گئے۔ اقتدار اور چیخ و پکار بس یہی سیاست جاری ہے۔عمران خان نے جو بویا آج وہی کاٹ رہے ہیں۔ سیاسی حکومت عوامی شخصیات پر مقدمات بنارہی ہے۔گرفتاریاں اور توہین آمیز بیانات، ایسے میں دہشتگردی کے خلاف قومی اتفاق رائے کیسے ممکن ہو سکتا ہے۔ عمران خان نے آصف علی زرداری پر دہشت گردوں کو رقم دے کر قتل جیسی سازش کا الزام لگایا جو اتنا خطرناک ہے جس کے نتیجہ میں خود انکی زندگی کو لاحق خطرات بڑھ گئے ہیں۔ریاستی اداروں کو بھی ملوث کر کے قومی سالمیت پر سوال اٹھا دیا گیا ہے۔ آصف علی زرداری کے لیے نفرت بڑھانے کے ساتھ انکے خاندان کو بھی بندوق کی شست پر لے لیا ہے۔ سیاسی مخالفین پر الزام تراشی میں اس حد تک آگے بڑھ جانا سیاست نہیں سیاسی خودکش حملہ ہے۔ شیخ رشید کی بیان بازی تو ہمیشہ سے ہی اخلاقیات کے دائرہ سے باہر رہی ہے۔ان سے بہتر اندازِ تکلم کی توقع ہی نہیں کی جا سکتی۔ وہ بھی عمران خان کے ہم آواز ہیں۔
سانحہ پشاور پولیس لائن نے خطرہ کی گھنٹی بجا دی۔ اب مزید نفرت انگیز سیاست جاری رہی تو نہ ہی الیکشن کا انعقاد آسان ہو گا اور نہ عمران خان کے لیے اقتدار تک رسائی ممکن ہو سکے گی۔ ایسے حالات میں دو صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل اور نفرت کی سیاست سے عمران خان کے ہاتھ میں کیا آیا۔ سب سے زیادہ نقصان پاکستان کے سیاسی نظام کا ہوا۔ سیاسی جماعتوں نے فوجی قیادت پر دشنام طرازی کی اور ان پر بے بنیاد الزامات لگائے، اس سے دہشت گردوں کے حوصلے بلند ہوئے اور اب وہ منظم ہو کر پاکستانی ریاست کو چیلنج کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ن) نے فوج پر بے بنیاد الزامات لگائے۔ جس سے عسکریت پسندوں کے حوصلے بڑھے اور ان کو یہ لگا کہ قوم منقسم ہے۔ سیاستدانوں کو اس طرح کا طرزِ عمل بلکل اختیار نہیں کرنا چاہیے تھا اور فوج پر اس طرح دشنام طرازی نہیں کرنی چاہیے تھی کیونکہ اس سے ملک کو نقصان اور دہشت گردوں کو فائدہ ہوا ہے۔ آج پاکستان ہر طرح کے بحران سے گزر رہا ہے۔ ان حالات میں شہباز شریف حکومت نے اے پی سی بلانے کا اعلان کیا تاکہ قومی اتفاقِ رائے قائم کیا جا سکے۔ لیکن پی ٹی آئی نے اس میں شرکت سے انکار کر دیا۔ اسد عمر نے اس اے پی سی کو ڈرامہ قرار دے دیا۔ یہاں یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ پی ٹی آئی کے رہنماوں کی گرفتاریوں جیسے اقدامات کی موجودگی میں قومی اتفاق رائے کے لیے دعوت دینا سازگار ماحول سے مطابقت نہیں رکھتا۔ امن و امان اور معاشی حالات قومی مسئلہ ہیں اس پر پوائنٹ سکورنگ سیاست نہیں حماقت ہے۔ حکومتی اتحاد اور پی ٹی آئی دونوں فریقین ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔ سیاسی کامیابی کا نہیں ریاست کا سوچیں، عوام کا خیال کریں۔ موجودہ مشکل حالات مں عام آدمی کو مزید مت آزمائیں۔ یاد رکھیں سوال کارکردگی پر ہو گا سیاسی بیانیوں یا مقبولیت پر نہیں۔ سیاسی کامیابی عددی اکثریت حاصل کرنے کا نام نہیں، عوام کے مسائل کا حل اور بہتر مستقبل کا نام ہے۔ ستم ظریفی سالِ رواں آئین پاکستان کی گولڈن جوبلی ایئر ہے اورسیاسی قائدین آئین سے انحراف اور اسکی من مانی تشریحات کے لیے قانونی نکات چاہتے ہیں۔ الیکشن کے انعقاد اور دیگر قانونی فیصلے اپنی ضرورت کے تحت حاصل کرنے کے خواہشمند ہیں۔الیکشن کمیشن پر اعتراضات ہیں۔ عدالت کا بھی وہی فیصلہ سندِ قبولیت کا درجہ حاصل کرتا ہے جو خواہش کے عین مطابق ہو۔ عجب سیاسی چلن ہے سیاسی مفادات سب سے مقدم ٹھہرے۔ عام پاکستانیوں کے لیے مشورہ ہے کہ وہ ووٹ اور حمایت کے لیے آنے والے لیڈران کو اس دفعہ باور ضرور کروائیں کہ سیاست عام آدمی سے جُڑی ہے بھاو تاو لیڈرشپ کے مفادات کے تابع نہیں ہوا کرتی ایک دوسرے پر ذات پر الزام تراشی سیاست نہیں۔۔ سیاسی قیادت کو آئنیہ دکھانا ازحد ضروری ہے۔ بقول شاعر
وہ جو اُٹھاتے ہیں کردار پر انگلیاں
تحفے میں ان کو آئینہ دیجیئے
الزام تراشی کی سیاست سے سیاسی کامیابی حاصل کرنے کے خواہش مند عام آدمی کے مفاد سے خود کو جوڑیں۔ کارکردگی کی بنیاد پر فیصلہ کریں۔ سیاسی لڑائی میں ملک وقوم کو جھوکنے والی قیادت کو راہ راست پر لانا عام آدمی کی ذمہ داری ہے۔ کسی کی سیاسی وارثت کی منتقلی کے لیے متحرک ہونا چھوڑ دیں تعمیرِ وطن اور استحکامِ پاکستان کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ سیاست میں بنیادی کردار صرف عام آدمی کا ہونا چائیے۔۔۔۔۔ جمہوریت زندہ باد