Site icon Meritnews

پاکستان کی معاشی صورتحال

پاکستان کی معاشی صورتحال

تحریر۔جاوید کمیانہ
آج شب میرے دیرینہ و قلبی دوست شریف سجاد بھٹی جو کہ معروف کاروباری شخصیت ہیں اور ان سے میرے مراسم بیس سال سے زائد عرصہ پر محیط ہیں سے پاکستان کی معاشی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی، وہ نہایت پریشان کن انداز میں بتا رہے تھے کہ کثیر تعداد میں کاروباری افراد اپنے کاروباری سیٹ اپ میں ڈاؤن سائزنگ پر مجبور ہو گئے ہیں اور بھاری دل کے ساتھ کسی ملازم کو فارغ کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں تو یہ دل میں خیال آتا ہے کہ بے روزگاری کے باعث اگر اس کے گھر کا چولہا نہ چلا تو بادل ناخواستہ وہ کسی جرائم پیشہ سرگرمیوں کا شکار نہ ہو جائے مگر جب کسی کاروباری شخصیت کی ایل سی نہیں کھلے گی ڈالر بے لگام ہو جائے گا اور ڈراؤنے وزیر خزانہ جن کو اکیس توپوں کی سلامی کے ساتھ ملک واپس لایا گیا تھا وہ اپنے مقدمات ختم کروا کر، منجمند اثاثے بحال ہونے کے بعد یہ شنید سنائیں گے کہ اس ملک کو اللہ کریم نے چلایا ہے اور وہی چلائے گا تو ملک کی وہ کاروباری شخصیات جو اپنا ٹیکس امانت سمجھ کر ادا کرتے ہوں وہ بددل ہوں گے بلکہ مطالبہ کریں گے کہ ایسے وزیر خزانہ کو مکمل پروٹوکول کے ساتھ واپس لندن روانہ کر دیا جائے،دوسری طرف معاشی حالات کی ذمہ داری ایک دوسرے پر ڈالنے والے سیاست دان بشمول چاچو شہباز شریف نا اب تک عمران خان کی معاشی پالیسیوں کے بارے میں غلط فیصلوں کو کھل کر عوام کو بتا سکے اور مستقبل میں کسی اچھی نوید سنانے سے بھی گریزاں ہیں۔
پی ڈی ایم حکومت کی تجربہ کار ٹیم اس وقت عمران خان جیسے اناڑی وزیراعظم سے بھی زیادہ نالائق محسوس ہو رہی ہے ان سے عمران خان تجربہ کار نکلا کہ کورونا ویکسین کی مد میں وصول شدہ کروڑوں ڈالرز کی امداد کو کس احسن طریقے سے ملک کے چند معروف کاروباری خاندانوں کو محض ایک فیصد پر قرضہ کی شکل میں تقسیم کر کے فرضی طور پر کاروباری کے اعدادوشمار بڑھائے جس کا خان صاحب آج بھی ذکر کرتے ہیں کہ ہمارے دور حکومت میں گروتھ کی شرح میں اضافہ ہو رہا تھا موجودہ نالائق ٹولے کو اپٹما کے صدر کی طرح کا کوئی بزنس پارٹنر بھی نہ مل سکا جو خان صاحب کی حکومت کے دوران منادی کرتا پھرتا تھا کہ فیصل آباد میں فیکٹریوں میں کام کے لیے مزدور میسر نہیں ہیں اور آج واویلا کرتا پھر رہا ہے کہ فیصل آباد کی ساری صنعت کو تالا لگ گیا ہے بدقسمتی سے اس اتحادی حکومت کو عمران ریاض خان،سمیع ابرہیم،آفتاب اقبال،ارشاد بھٹی،اوریا مقبول جان،ہارون الرشید،عارف حمید بھٹی،حسن نثار،صدیق جان،جمیل فاروقی سمیت متعدد صحافی نما سیاسی ورکرز بھی نہ مل سکے جو یک طرفہ حمائیت کر سوشل میڈیا کی زینت بنتے۔ موجودہ حکومت کو فیض حمید و ثاقب نثار جیسے جانثار بھی دستیاب نہ ہو سکے جو فرنٹ لائن پر ان کے لیے خوبصورت انداز میں کھیلتے کہ سیاسی مخالفین کی نیندیں اڑ جایا کرتی تھیں۔ پھر اس سے بڑھ کر یہ کہ اربوں روپے کے اثاثوں کے باوجود ان کو سوشل میڈیا پر جارحانہ انداز اپنانے والے تنخواہ دار افراد بھی نا مل سکے جو منظم انداز میں حکومت اور اداروں کے خلاف مہم جوئی کر سکتے۔ آج شہباز گل،اعظم سواتی اور فواد چوہدری کے چند دن جیل میں رہنے پر سوشل میڈیا پر جنگ چھیڑے ہوئے سوشلی مجاہدین پی ڈی ایم کو دستیاب نہ ہوئے جو نواز شریف،شہباز شریف،حمزہ شہںاز،مریم نواز،خواجہ آصف،رانا ثناءاللہ،احسن اقبال،مفتاح اسماعیل،خواجہ سعد رفیق، شاہد خاقان عباسی ،خواجہ عمران نذیر،آصف زرداری،فریال تالپور،خورشید شاہ،شرجیل میمن سمیت متعدد سیاسی اسیروں کے خلاف آواز بلند کر سکتے جو مہینوں تک جیل کی یاترا میں مصروف عمل رہے۔ ان سیاسی جماعتوں کے تو کارکن بھی بزدل نکلے جو بنی گالا اور زمان پارک کے باہر حصار قائم کر کے اپنے محبوب لیڈر کو گرفتاری سے بچا پاتے۔ جن سے یہ سب معمولی کام نہ ہوئے اور عمران خان کا گند اپنے گلے میں ڈال کر مٹھیاں بھینچ رہے ہیں اور آہ و بکا کر رہے ہیں کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے عمران خان نے کیے بعد ازاں انحراف کر کے ملک کو مشکل میں ڈال دیا مگر اب بہت دیر ہو چکی ہے روز بروز کی بڑھتی مہنگائی، تشویشناک معاشی صورتحال، ڈوبتی معیشت اور موجودہ ملکی صورتحال کا ذمہ دار صرف دس ماہ کی حکومت کو ٹھہرایا جا رہا ہے اب عوام ذلت و رسوائی کا شکار ہے اور ان کے دماغوں میں سابقہ حکومت کے خلاف زہر اگلنے سے کچھ حاصل نہ ہو گا بلکہ جنگی بنیادوں پر معاشی مسائل کا حل تلاش کر کے عوام کو ریلیف دینا پڑیگا بصورت دیگر پی ڈی ایم کی اتحادی حکومت اپنی سیاسی قبروں میں دفن ہو جائے گی۔۔

Exit mobile version