رنگ و روغن کے بعد یاد آیا
تحریر:سلمان احمد قریشی
پاکستان تحریکِ انصاف نے ملک میں عام انتخابات جلد منعقد کروانے کے لیے پنجاب اور خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلیاں تحلیل کرنے کا آخری پتہ کھیلا۔ جلسے، جلوس اور لانگ مارچ کے دباو کے ذریعے عمران خان کو کامیابی نہیں ملی۔ قومی اسمبلی سے استعفی دینے کے بعد قائدِ حزبِ اختلاف کا عہدہ حاصل کر کے عبوری حکومت میں مکمل مشاورت اور آئینی کردار حاصل کرنے کے لیے اسمبلی میں دوبارہ واپس آنے کی منصوبہ بندی کی تو سپیکر نے استعفے منظور کر کے اس خواہش کو بھی پورا ہونے نہیں دیا۔ عمران خان کے مطالبات میں اسمبلیاں توڑنے اور قبل از وقت انتخابات سے زیادہ اسٹیبلشمنٹ سے بہتر تعلقات کی جدوجہد دکھائی دی لیکن مقبولیت اور سخت موقف کی وجہ سے انہیں کامیابی نہ ہو سکی۔ سیاسی استحکام اور اداروں کے آئینی کردار کی بات کرنے والی پی ٹی آئی حکمران اتحاد سے نہیں اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنا چاہتی تھی۔ تحریکِ انصاف نے احتجاجی سیاست کے ذریعے کامیابی حاصل کرنے کا سوچا تھا وہ حاصل نہیں ہو سکی۔ اب عمران خان دباو ڈال کر شرائط منوانے کی پوزیشن میں دکھائی نہیں دیتے۔ صوبائی حکومتیں ختم، قومی اسمبلی سے فارغ اور نگران سیٹ اپ میں آئینی کردار کے حق سے بھی باہر ہو گئے۔ اب پی ٹی آئی کے لیے آپشن بہت محدود ہیں۔مقبولیت اور الیکشن جیتنے کی امید تو تب بر آئے گی جب الیکشن کا انعقاد ممکن ہو گا۔ صدرِ پاکستان عارف علوی کا کہنا ہے سیاسی قیادت میں بات ہونی چاہئیے بے شک فوری الیکشن سے لفظ فوری ہٹا لیں اور الیکشن پر بات ہو۔ حکومت ڈیجیٹل مردم شماری کروانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ مردم شماری کے بعد نئی حلقہ بندیاں ہونگی جس کے لیے 6 ماہ کا وقت درکار ہے۔ اس طرح عام انتخابات آئینی مدت کی تکمیل تک ہی ممکن ہونگے۔
قارئین کرام! پی ٹی آئی نے پنجاب کے نگران وزیرِ اعلی محسن نقوی کی تعیناتی کو مسترد کر دیا۔ اس فیصلہ کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے اور احتجاج کرنے جا رہی ہے۔ دوسری طرف اتحادی حکومت پنجاب اور خیبر پختونخوا کی عبوری حکومت کو طویل المدت بنانا چاہتی ہے۔ اسکے لیے جواز اور تاویلیں پیش کی جا رہی ہیں۔ عبوری حکومتیں طویل المدت کیسے ہو سکتی ہیں اس حوالہ سے قیاس آرائیاں ہو رہی ہیں۔ الیکشن کی تاخیر کے لیے آئین میں گنجائش موجود ہے لیکن تاخیر کے لیے ٹھوس وجوہات کا ہونا ضروری ہے۔ آج سب سے زیادہ یہی سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ کیا وفاق اور صوبوں میں عام انتخابات ساتھ ہونگے یا علیحدہ علیحدہ ہونگے۔الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب اسمبلی کے انتخاباتِ 9 سے 13 اپریل اور خیبر پختونخوا اسمبلی کے انتخابات 15 سے 17 اپریل کے درمیان کروانے کی تجویز دی ہے۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان نے اس حوالے سے متعلقہ گورنرز کے پرنسپل سیکرٹریوں کو الگ الگ خطوط بھیجے ہیں۔اگر یہ تاریخیں منظور کر لی جاتی ہیں تو یہ انتخابات رمضان کے دوران ہوں گے۔ ابھی اس تجویز پر گورنرز اور سیاسی جماعتوں کا ردعمل سامنے نہیں آیا ہے، تاہم تحریکِ انصاف جلد انتخابات کی تاریخ کو حتمی شکل دینے کا تقاضا کر رہی ہے۔ملک میں دو انتخابات سے 20 ارب روپے کا اضافی خرچ ہوگا۔ سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان کی موجودہ معاشی حالت اس بات کی متحمل نہیں ہو سکتی کہ آنے والے چند ماہ میں انتخابی عمل ہوں، اس کے لیے پاکستان کو اربوں روپے درکار ہوں گے۔ پی ٹی آئی اور عمران خان اپنے سیاسی پتے اور حربے آزما چُکے ہیں اور ایک بار پھر سڑکوں پر آنے کی تیاری میں ہیں۔ مسلم لیگ نواز کی رہنما مریم نواز بھی پاکستان واپس آ کر دوبارہ سیاسی سرگرمیاں شروع کریں گی۔ ماحول میں تلخی بڑھنے کا امکان ہے موجودہ سیاسی منظر نامہ میں آصف علی زرداری ہی واحد سیاست دان ہیں جو ملک میں قائم سیاسی کشیدگی کو کم کر سکتے ہیں۔آصف علی زرداری لیڈنگ رول ادا کرسکتے ہیں لیکن عمران خان کی سیاسی حکمتِ عملی اور محاذ آرائی کی ضد کے نتیجہ میں مفاہمت کے بادشاہ کے طور پر شہرت رکھنے والے زرداری بھی خاموش ہیں۔حد ہے اب عمران خان اپنے اوپر ہونے والے حملہ کے ذمہ داروں میں آصف علی زرداری کا نام بھی لینے لگے۔ اس سازش میں شامل کرداروں کی لسٹ طویل کرتے جارہے ہیں۔ پی پی پی اپنے لیے پنجاب میں بہتر پوزیشن کے لیے محتاط انداز میں آگے بڑھ رہی ہے۔ ا
دوسری طرف ملکی معیشت خطرناک حد تک خراب ہو چکی ہے۔پاکستان تحریکِ انصاف کے مطالبہ کے مطابق فوری انتخابات کے انعقاد کے نتیجے میں کیا سیاسی اور معاشی استحکام حاصل ہو سکے گا؟ اس حوالے سے سیاسی تجزیہ کار سمجھتے ہیں کہ ایسا ممکن نہیں۔ راقم الحروف کی فہم کے مطابق سیاسی قیادت غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ بیشتر سیاستدان صرف اپنی انا کی تسکین اور اپنی سیاسی جماعت کے ذاتی مفاد کے لیے اس طرح کا کام کر رہے ہیں، جس کا خمیازہ ہمیں اس معاشی بدحالی میں اضافی پیسہ خرچ کر کے اٹھانا پڑے گا۔ ہماری جماعتیں جو دن رات جمہوریت کا راگ الاپتی رہتی ہیں۔ لیکن جماعتوں کے اپنے اندر جمہوریت نہیں۔ فیصلہ سازی مشاورت سے نہیں ہوتی۔ شخصیات کے زیرِ اثر جماعتیں صرف شخصیات کی خواہش کی تکمیل کے لیے سرگرم ہیں۔ سیاست راستہ نکالنے کا نام ہے لیکن ہماری سیاست بند گلی کی طرف بڑھتی ہی جا رہی ہے۔معیشت کے بعد دوسرا چیلنج انتخابات کی شفافیت کا ہے کیونکہ پی ٹی آئی کو الیکشن کمیشن پر اعتماد نہیں ہے جس کی بنیاد پر اس کے نتیجے میں ہونے والے انتخابات کے جو بھی نتائج نکلیں گے اس پر بہت زیادہ تنازع پیدا ہونے کا احتمال ہے۔ اتفاق رائے کیے بغیر انتخابات میں جانا انتخابات کو متنازع بنانے کے مترادف ہے۔ اس سے سیاسی کشیدگی میں مزید اضافہ ہونے کی توقع ہے۔ ملک اور جمہوریت کے استحکام کی ذمہ داری سیاستدانوں پر عائد ہوتی ہے۔ ستم ظریفی سب جماعتیں جمہوریت اور مضبوط وفاق کی بات تو کرتی ہیں لیکن سیاسی بحران کو کم کرنے اور آئین کے مطابق سیاسی سرگرمیوں کے فروغ میں اپنا کردار ادا نہیں کر رہیں۔ سیاسی رہنماوں کی گرفتاریاں اور نت نئی چالیں سیاسی بساط پر چلی جا رہی ہیں۔ عمران خان کی گرفتاری اور نا اہلی، مریم نواز کی واپسی نوازشریف کی سزائیں یہ مسائل قومی ایشوز نہیں۔ ان معاملات کو لیکر آگے بڑھنے سے حالات کیا رخ اختیار کرتے ہیں کچھ کہنا قبل از وقت ہے لیکن اس راستہ پر چلنے سے مستحکم پاکستان کی منزل نہیں مل سکتی۔ اب بھی وقت ہے معاملات کو سیاسی قیادت اپنے ہاتھ میں رکھنے کی سعی کرے۔ عدالتی فیصلوں سے جمہوریت مضبوط نہیں ہو سکتی کیونکہ سیاسی معاملات کو سیاسی انداز اور سیاسی قیادت ہی حل کر سکتی ہے اس کے لیے قومی اتفاقِ رائے پیدا کرنا شرطِ اول ہے۔ مظہر نیازی کا یہ شعر موجودہ حالات کی بہترین عکاسی کرتا ہے۔
رنگ و روغن کے بعد یاد2 آیا
گھر کو دیوار کی ضرورت تھی
آج سب سیاسی منظر نامہ میں رنگ بھر رہے ہیں۔جمہوریت اور ریاست پاکستان کو دیوار کی ضرورت ہے اور دیوار وہی قائم رہتی ہے جس میں دروازہ ہو۔ ہم کامیابی کا دروازہ کھول سکتے ہیں اگر صرف ذاتی مفادات کو چھوڑ دیں۔ اقتدار عوام کا حق ہے اور اس حق کو استعمال کرنے کے لیے ماحول کو سازگار بنائیں۔