Site icon Meritnews

عمران خان کے آصف زرداری پر الزامات

عمران خان کے آصف زرداری پر الزامات

تحریر۔جاوید کمیانہ

بلاشبہ عمران خان کا سیاسی وجود ایک حقیقت ہے جس سے منہ نہیں موڑا جا سکتا یوں تو تمام سیاست دان اسٹیبلشمنٹ کی گود میں بیٹھ کر پروان چڑھے مگر تحریک انصاف کی پرورش باقاعدہ طور پر کئی عرصہ تک اسٹیبلشمنٹ کے زمہ داران نے وقتاً فوقتاً اپنے ذمے لیے رکھی نتیجتاً یہ اپنے سیاسی آقاؤں کے بس میں بھی نہ رہی اور رفتہ رفتہ ان محسنوں کو بھی آنکھیں دکھانی شروع ہو گئی جس کے بعد وہ بھی آنکھوں پر ہاتھ رکھ کر اپنے آپ کو کوسنے پر مجبور ہو گئے۔پی ڈی ایم نے عمران خان کی گرتی سیاسی ساکھ کو ایسے شاندار طریقے سے کندھا دیا کہ اب خود کندھے اچکا کر کہتے ہیں اندازہ نہیں تھا کہ اس کی مقبولیت کا گراف آسمان پر اور پی ڈی ایم زمین بوس ہو جائے گی۔عمران خان کا ایک فن کمال یہ بھی ہے کہ وہ مقبولیت کا فائدہ اٹھانا بخوبی جانتے ہیں وہ واضح جھوٹ بھی بولیں تو ان کے پیروکار من و عن ان کے بیانیہ کو تسلیم کرتے ہیں اور جس کا دل چاہے سوشل میڈیا پر اس کی سیاسی و ذاتی چھترول شروع کر دیتے ہیں۔عمران خان نے اقتدار سے باہر آنے کے بعد منظم طریقے سے امریکہ بعد ازاں ملکی اسٹیبلشمنٹ کو ان کی حکومت کے خاتمے کا ذمہ دار ٹھہرایا اور اپنے پیروکاروں کے دل و دماغ میں یہ بات سرائیت کروا دی خاک بدہن ملکی طاقتور حلقے ملک کی سلامتی کے خلاف ہیں۔ ملک کے نامور و غیر نامور صحافی خواتین و حضرات کی اعلانیہ یا غیر اعلانیہ طور پر کسی نا کسی سیاسی جماعت سے وابستگی رہتی ہے۔ مگر تحریک انصاف کے ساتھ منسلک مخصوص صحافتی حلقے تحریک انصاف کے کارکنان جیسی ذمہ داری سر انجام دیتے دکھائی دے رہے ہوتے ہیں اور وہ پاکستان کے طاقتور حلقوں اور سیاسی مخالفین کی ٹرولنگ کرتے دکھائی دے رہے ہوتے ہیں۔عمران خان اسٹیبلشمنٹ کو جانور،غدار جیسے القابات سے نوازتے رہے اور سیاسی و صحافی بونے اگلے ہی لمحے سوشل میڈیا پر منظم انداز میں متحرک ہو جاتے تھے۔
عمران خان امریکہ،ملکی اسٹیبلشمنٹ پر الزامات لگائے اور آٹھ ماہ کے بعد نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی پر اپنی حکومت گرانے کا الزام لگا دیا حالانکہ اس سے قبل محسن نقوی کا نام کسی کے ذہن بھی نہ تھا۔ جو شخص عمران خان کو برا لگتا ہے وہ اپنی حکومت گرانے یا اپنی جان کا دشمن اس کو گردانتے ہیں۔ایک روز قبل انہوں نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کی بری طرح شکست کا غصہ آصف زرداری پر نکالتے ہوئے اپنے قتل کی سازش کا ذمہ دار ٹھہرا دیا۔آصف زرداری ایک انتہائی زیرک سیاستدان ہیں اور اپنی سیاسی بصیرت سے انہوں نے اپنا لوہا منوایا کہ ان کے سیاسی مخالفین بھی ان کی سیاسی تدبیروں،بردباری اور تحمل مزاجی کے قائل ہیں۔محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد ان کا ایک جملہ کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے ایک واضح پیغام تھا کہ سیاسی انتقام کی بجائے سیاست کے میدان میں مخالفین کے شانے چت کیے جائیں جو عملی طور پر انہوں نے کر کے دکھایا۔
مسلم لیگ ن نے آصف زرداری کے خلاف منظم منفی مہم چلائی مگر انہوں نے کبھی ردعمل نہ دیا بلکہ خندہ پیشانی سے ان کو معاف کیا یہاں تک کہ بی بی شہید کی وصیت کے مطابق پرویز الٰہی اور پرویز مشرف ان کی شہادت کے ذمہ دار تھے مگر انہوں نے اپنے دور حکومت میں اسی مسلم لیگ ق جس کو قاتل لیگ کہا جاتا تھا ان کو اپنی حکومت کا حصہ بنایا اور چوہدریوں سے آج بھی ان کے دیرینہ مراسم قائم ہیں۔
عمران خان کا آصف زرداری کے خلاف اچانک قتل کی سازش کا بیان مضحکہ خیز تھا جس کا پاکستان پیپلز پارٹی کے قائدین نے بھر پور انداز میں جواب دیا اور عمران خان کو ثبوت فراہم کرنے بصورت دیگر ان کے خلاف قانونی کاروائی کا عندیہ دیا۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی عمران خان کے اس بیان کو سنجیدہ لیا اور اپنے خاندان کو عمران خان کے بیان کے بعد بڑھتے خطرات کا بھی ذکر کیا۔یہی موقع ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو جارحانہ انداز میں عمران خان کے اس بیان کا سنجیدگی سے نوٹس لینا چاہیے تاکہ عمران کا یہ جھوٹ بے نقاب ہو اور مستقبل میں عمران خان کسی اور سیاسی شخصیت کو اپنے جھوٹ و فریب کا نشانہ نہ بنا سکے بصورت دیگر ملک میں بڑھتی ہوئی سیاسی نفرت میں یقینی اضافہ ہو گا اور ملک میں بڑھتی ہوئی سیاسی نفرت کا ذمہ دار صرف عمران خان ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ عمران خان کے اس فریب کو کامیاب نہ ہونے دے اور عوام کو اس کی اصلیت دکھائے تاکہ پاکستان کی عوام کو مزید بے وقوف نہ بنایا جا سکے۔۔۔۔۔۔۔

Exit mobile version