مریم نواز این اے 75 میں دوبارہ الیکشن کے مطالبے پر قائم
مریم نواز نے این اے 75 میں دوبارہ الیکشن کا مطالبہ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ صرف 20 پولنگ سٹیشن پر ووٹنگ نہیں چاہتے، دھاندلی میں کون کون ملوث ہے، ہمارے پاس نام موجود ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ووٹ چور آج کھل کر عوام کے سامنے آچکا ہے، ڈسکہ الیکشن پر یہ خود عوام کو سچ بتا دیں ورنہ حقائق سامنے لے آؤں گی، یہ دھاندلی بھی سہی طریقے سے نہیں کرسکتے، نوشہرہ میں عوام نے مسلم لیگ ن کو اکثریت سے ووٹ دیا، اب ہار پر خفت چھپانے کیلئے مخالفت کی باتیں کی جا رہی ہیں، نوشہرہ میں ہم نے انہیں گھر میں گھس کے مارا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں بغاوت ہوچکی ہے، عمران خان کے اراکین اسمبلی بھاگ رہے ہیں، آج آپ کے پیروں کے نیچے سے زمین نکل رہی ہے تو آپ کو شو آف ہینڈ یاد آگیا، ہم آپ کو نظریں جھکا کر گزرنے نہیں دیں گے، آپ کو بے نقاب کریں گے، سپریم کورٹ کو پہلے بھی درخواست کرچکی ہوں، یہ ایک سیاسی مسئلہ ہے، آپ پارٹی نہ بنیں، عدالت کوئی فیصلہ دیتی ہے تو عوام اسے جانبدار سمجھے گی، اسٹیبلیشمنٹ اگر غیر جانبدار نہیں تو اسے غیر جانبدار ہونا پڑے گا۔
پاکستان مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے حمزہ شہباز کی ضمانت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حمزہ اور ن لیگ کے ساتھ جو کیا گیا اس کے نتائج بھگتنا پڑیں گے، براڈ شیٹ جعلی حکومت کو بے نقاب کر رہا ہے۔