
حلیم عادل شیخ ایف آئی آر میں نامزد ملزم ہیں۔ پولیس قانون کے مطابق کارروائی کر رہی ہے۔مرتضی وہاب
ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ ایف آئی آر میں نامزد ملزم ہیں۔ پولیس قانون کے مطابق کارروائی کر رہی ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کوئی الیکشن قوانین کی خلاف ورزی کرے تو کیا پولیس خاموش رہے؟ ملیر الیکشن میں کسی وزیر کو مہم چلانے کی اجازت نہیں تھی۔ پولیس کو برا کہنے کیلئے آئینی عہدوں کو استعمال کر رہے ہیں۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ایس ایس پی ملیر کو خط لکھا اور حلیم عادل شیخ کے مسلح ہو کر پولنگ سٹیشنز کا دورہ کرنے کے بارے میں بتایا۔ الیکشن کمیشن احکامات پر عملدرآمد کرانا سرکاری افسر کی ذمہ داری ہے۔