آپریشن ردالفساد کا آغاز دہشتگردی کیخلاف ہوا. ڈی جی آئی ایس پی آر
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ طاقت کا استعمال صرف ریاست کی صوابدید ہے، آپریشن ردالفساد کا آغاز دہشتگردی کیخلاف ہوا، عوام کی مدد سے سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردی کا خاتمہ کیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن ردالفساد کو 4 سال مکمل ہوگئے، آپریشن کا دائرہ کار پورے ملک پر محیط تھا، آپریشن کا مقصد قیام امن تھا، آپریشن ردالفساد کا محور عوام تھے، ہر پاکستانی ردالفساد کا سپاہی ہے، آپریشن کے حوالے سے ٹائمنگ بہت اہم ہے، آپریشن کے بعد دہشتگردوں نے ملک کے طول و عرض میں پناہ لینے کی کوشش کی۔
میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ طاقت کا استعمال صرف ریاست کی صوابدید ہے، آپریشن ردالفساد کا آغاز دہشتگردی کیخلاف ہوا، عوام کی مدد سے سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردی کا خاتمہ کیا، آپریشن ردالفساد کے تحت خیبر فور آپریشن بھی کیا گیا، 750 کلو میٹر رقبے پر ریاست کی رٹ بحال کی گئی، کراچی میں چینی قونصلیٹ پر حملے کو ناکام بنایا گیا، ملک بھر سے 72 ہزار سے زائد غیر قانونی اسلحہ برآمد کیا گیا۔