مہنگائی کا طوفان،کب کوئی مسیحا آئے گا ؟
مہنگائی کا طوفان،کب کوئی مسیحا آئے گا ؟
تحریر۔جاوید کمیانہ
پاکستان میں بڑھتی ہوئی مہنگائی سے صرف ایک طبقہ متاثر ہوتا ہے وہ ہے غیر سیاسی طبقہ جن کا سیاست سے دور کا واسطہ بھی نہیں ہوتا وہ روزانہ کی بنیاد مزدوری کر کے اپنا اور بچوں کا پاپی پیٹ پالتا ہے اس کے نزدیک وزیراعظم کسی بھی سیاسی جماعت کا ہو وہ لاغرض رہتا ہے کیونکہ اس کے اعصاب اپنی معاشی جنگ سے نبردآزما ہوتے لاغر ہو چکے ہوتے ہیں،دو طبقات ایسے ہیں جن کو مہنگائی وقتاً فوقتاً اچھی اور بری لگتی ہے اگر اس کے پسند کی سیاسی جماعت حکومت میں ہو تو وہ دفاع کرتا نظر آتا ہے کمر توڑ مہنگائی بھی اس کا کچھ نہیں بگاڑتی اور وہی افراد جب اپوزیشن میں ہوں تو سوشل میڈیا سے لے کر معاشرتی سطح پر مہنگائی کا پرچار کرتے نظر آتے ہیں درحقیقت مہنگائی اشرافیہ کے علاؤہ سب کے مزاج درست کر رہی ہوتی ہے مگر پسند ناپسند کی بنیاد پر وہ مہنگائی پر احتجاج یا دفاع کرنے میں مصروف عمل رہتا ہے۔
مگر مہنگائی کے اس بے قابو جن کو تب قابو کیا جا سکتا ہے جب ہمارے اندر نفاق کے جنات نکلیں گے اور ہم انفرادی سطح کی بجائے اجتماعی طور پر پاکستان کا سوچیں گے۔ملک کی تمام بڑی سیاسی قوتیں ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھنے کو تیار نہیں سیاسی اسکورنگ اور عوامی غیضب و غصہ کے خوف سے مصنوعی ریلیف عنائیت فرما کر مفت ثواب دارین حاصل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ملکی معیشت کی تباہی کاریوں کی ذمہ دار تمام قوتیں ہیں ایک بات مشاہدے میں آئی ہے کہ ایک بار جب مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہوتا ہے تو اس میں کمی کبھی دیکھنے کو نہیں ملتی اس کے درپردہ کیا راز ہے کوئی نہیں جان سکا۔ایک جانب موجودہ پی ڈی ایم عمران خان کی حکومت پر تنقید کے کے مہنگائی مارچ کرتی تھی دوسری طرف آج وہی تحریک انصاف موجودہ حکومت کے خلاف مہنگائی کارڈ استعمال کرتی نظر آ رہی ہے اس وقت خان صاحب فرمایا کرتے تھے کہ ستر برس کا گند صاف کے لیے موزوں وقت درکار ہے اور سابقہ حکومتوں کی غلط معاشی پالیسیوں کے باعث مہنگائی عروج پر رہی اور ساڑھے تین سال میں خان صاحب نے مہنگائی کی قدر میں اضافہ کیا اب یہ حکومت مؤقف اپنا رہی ہے کہ خان صاحب نے ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا تھا اس کو درست سمت میں کے جانے کے لیے وقت درکار ہے مستقبل میں پھر اگر خان صاحب کی حکومت معرض وجود میں آتی ہے تو وہ عوام کو قائل کریں گے کہ امپورٹڈ سرکار معیشت تباہ اور ملک کو ڈیفالٹ کر گئی ہے لہذا دو سے تین سال لگیں گے تب عوام کو ریلیف دیا جائے گا مگر عوام انہی سیاست دانوں کے رحم و کرم پر رہے گی جو ایک دوسرے پر الزام تراشی کر کے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکیں گے۔مگر صوبائی حکومتوں کا بھی فرض ہے کہ ڈی سی صاحبان اور پرائس کنٹرول کمیٹیوں کے سفید ہاتھیوں کو روزانہ کی بنیاد پر مصنوعی مہنگائی روکنے کے لیے تیل والا ڈنڈا استعمال کریں ملک حکمرانوں کے منظور نظر مافیاز کے پاس یہی مناسب موقع میسر ہوتا ہے جہاں وہ ناپاک کمائی کر کے اگلے انتخابات میں انہی حکمرانوں پر پیسہ لگانے کے لیے اپنی آمدن کے ذرائع بڑھائیں۔ہم لکھتے چلے جائیں کچھ بولتے چلے جائیں گے باقی پڑھتے اور سنتے رہ جائیں گے یوں ہی عمر کا قصہ تمام ہو جائے گا اور یہ سلسلے ایسے ہی چلتے جائیں گے حتیٰ کہ اگلی نسل بھی یہی کچھ بھگت رہی ہو گی مگر عوام مہنگائی کے خلاف نہ آواز بلند کرے گی نا مہنگی اشیاء کا استعمال ترک کرے گی۔یہ سیاست دان بھی بوڑھے ہو جائیں گے تب ان کی نسل مسند حکومت پر بیٹھ کر وہی کچھ کرے گی جو ان کو سکھایا گیا ہے،بے روزگاری سے تنگ عوام خودکشیاں اور جرائم کرنے میں مصروف ہوں گے۔عوام کے درد بانٹنے والا مسیحا کب آئے گا انتظار ہی رہ جائے گا۔۔۔۔۔۔