مادری زبان کا تحفظ ہم سب کی سماجی ذمہ داری ہے: عثمان بزدار
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ مادری زبان کا تحفظ ہم سب کی سماجی ذمہ داری ہے، آج ہمیں مادری زبان کو فروغ دینے کیلئے مؤثر اقدامات کرنے کے عزم کا اعادہ کرنا ہے۔
مادری زبان کے عالمی دن کے موقع پر پیغام میں وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ زبان نہ صرف جذبات کے اظہار و خیال کا ذریعہ ہے بلکہ اقوام کی شناخت بھی زبان سے ہی ہوتی ہے۔ جدید دور میں بھی مادری زبان کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ زبان قوم کو شناخت اور پہچان دیتی ہے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ مادری زبان کا تحفظ ہم سب کی سماجی ذمہ داری ہے۔ مادری زبان میں دی جانے والی تعلیم بچوں کی ذہنی نشونما پر مثبت اثرات مرتب کرتی ہے۔ مادری زبان کی تعلیم سے زبان کی ترویج واشاعت میں مدد ملتی ہے۔ قومی شناخت اور بیش قیمت تہذیبی و ثقافتی میراث کے طور پر مادری زبانوں کی حیثیت مسلمہ ہے۔ مادری زبانوں کے ہر لفظ اور جملے میں قومی روایات، تہذیب وتمدن، ذہنی و روحانی تجربے پیوست ہوتے ہیں۔