الیکشن چرانے کی بھونڈی کوشش کی گئی.شاہد خاقان عباسی
شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ڈسکہ ضمنی انتخاب میں بدترین دھاندلی ہوئی، الیکشن چرانے کی بھونڈی کوشش کی گئی، بیس پریذائیڈنگ آفیسرز نتائج سمیت لاپتہ ہوئے، عینی شاہدین کے مطابق ان کو سویلین کپڑوں میں ملبوس افراد ساتھ لے گئے، ریٹرننگ آفیسرز نے تاخیر سے پہنچنے کے انوکھے بہانے پیش کئے۔
پاکستان مسلم لیگ نون شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ نے ضمنی الیکشن میں واضح اکثریت حاصل کی، ڈسکہ میں فائرنگ پر پولیس خاموش تماشائی بنی رہی، این اے 75 میں اضافی وقت مانگنے کے باوجود نہیں دیا گیا، ریٹرننگ آفیسر کوئی بات سننے کو تیار نہ تھے، شدید دباؤ کا شکار تھے، 20 پولنگ سٹیشنز کا رزلٹ نہیں آیا، پریذائیڈنگ افسر بھی ریکارڈ سمیت غائب ہوگئے۔
ادھر پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال نے ڈسکہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ این اے 75 میں جعلسازی کے ساتھ نتائج بنائے گئے، پریذائیڈنگ آفیسرز کو اغوا کیا گیا، انکوائری ہونے چاہیے کہ کن لوگوں نے یہ کام کیا، ان پولنگ سٹیشنز میں دوبارہ پولنگ ہونی چاہیے۔