Site icon Meritnews

بہت دیر کی مہرباں

”بہت دیر کی مہرباں ”

تحریر: سلمان احمد قریشی

ہماری سیاسی روایت رہی ہے کہ جب بھی نئی حکومت آتی ہے سابقہ حکومت کی نااہلی اور بد ترین کارکردگی کو بنیاد بناتے ہوئے مشکل فیصلوں کی بازگشت سنائی دیتی ہے۔ خزانہ خالی ہونے اور معاشی بدحالی کو مدنظر رکھ کر حکومت مشکل فیصلے کرنے پر مجبور ہوتی ہے۔موقف یہی ہوتا ہے کہ عوام کو کڑوی گولی نگلنا پڑے گی اسکے بعد بہتری آئے گی تبھی عوام کو ریلیف دیا جائے گا۔ بجٹ تقریر میں امیروں پر ٹیکس لگانے کی بات ضرور کی جاتی ہے، ہر بجٹ تاریخی اور عوامی ہوتا ہے۔ عام آدمی بجٹ سے متاثر نہیں ہوگا یہ نوید بھی سنائی جاتی ہے۔پسماندہ علاقوں میں ترقیاتی منصوبہ جات شروع کرنے کی بات کی جاتی ہے لیکن پسماندگی ہے کہ کم نہیں ہورہی اور آج عام آدمی کی برداشت بھی جواب دے گئی ہے۔اعدادوشمار کا گھورک دھندہ اور لفاظی جیسے معاملات ایسے ہی چلائے جاتے ہیں۔حکومت پہلے تین سال تقاریر اور الزامات کے سہارے چلائی جاتی ہے اسکے بعد الیکشن سے قبل ترقیاتی کاموں کے صرف اعلانات ہوتے ہیں۔مفاد عامہ کے لیے ترقیاتی کاموں سے عوام کو اپنی جانب راغب کیا جاتا ہے اور اسکے ذریعے الیکشن کے لیے عوامی ہمدردی کے ساتھ مبینہ کمیشن کمانے کے عمل سے انتخاب لڑنے کے لیے وسائل بھی میسر آجاتے ہیں۔
عام آدمی قومی وسائل کا علاقہ پر استعمال ہونے پر ایسے شکرگزار ہوتا ہے کہ زندہ باد، قائد تعمیر شہر، شاہجہاں اور بولتے کام جیسے نعرے لگاتا ہے۔ سرکاری فنڈز کے استعمال پر مقامی ایم این اے اور ایم پی ایز کی تختیاں لگتی ہیں۔ اپنے ٹیکس کے پیسوں کے بہت قلیل حصے کے استعمال پر شکریہ۔۔۔۔تیرا شکریہ۔۔۔۔تیرے کام۔۔۔عوامی خدمت کی روایت۔۔بولتے کام اور اشتہارات کے ذریعے عام آدمی کو شکرگزار رہنے کی ترغیب کی مہم پورے زوروشور سے چلائی جاتی ہے۔ نقشہ جات، 3ڈی اینیمیٹڈ ویڈیوز اور تصاویر سے ہی عام آدمی کو بہلایا جاتا ہے۔ منصوبے ادھورے رہتے ہیں تو نئی حکومت کو اس بنیاد پر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے کہ میرے منصوبے مکمل ہوجاتے تو شہر کا نقشہ بدل جاتا۔ جب منصوبے آخری سال شروع ہونگے تو مکمل کیسے ہونگے۔ اوکاڑہ شہر میں یونیورسٹی کے قیام اور میڈیکل کالج پر ہم ووٹ 1993سے دیتے آرہے ہیں۔ بلآخر بتدریج یونیورسٹی قائم ہوِئی اور میڈیکل کالج کی بنیاد رکھی گئی۔ موجودہ ایم این اے میڈیکل کالج کا کریڈیٹ لینے کے لیے تشہیری مہم چلواتے ہیں۔ ایم پی اے بھی یہی کریڈٹ لینے کی خواہش رکھتے ہیں جبکہ حقیقت میں یہ منصوبہ 2013کے منتخب ایم پی اے کا کارنامہ ہے۔ بس تختی پر تختی کی سیاست جاری ہے۔
قارئین کرام! ایسی بہت سی مثالیں ہیں، تختی پر تختی اور اوپر سے مستی کیا سیاست ہے۔۔۔؟ کہیں برادری کے نام پر ووٹ تو کہیں دولت کا ناجائز استعمال اور ضمیروں کی خرید و فروخت یہ ہے عوامی سیاست کی حقیقت، عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے کیا خاک فیصلہ کرسکتیہیں۔بااثر طاقتور شخصیات نے سیاست کو گھر کی لونڈی بنا رکھا ہے۔2018کی پی ٹی آئی کی حکومت نے سیاست ہی سیاسی مخالفین کے خلاف الزامات سے شروع کی۔ آخری سال ترقیاتی فنڈز کے استعمال کا موقع ہی نہیں آیا۔ جمہوری طریقہ سے عدم اعتماد کے نتیجہ میں حکومت ختم ہوئی تو امریکی مداخلت کا بیانیہ پھر سارے کا سارا قصور وار سابق آرمی چیف۔ اب کہنییا دکھانے کو پی ٹی آئی کے پاس کچھ تھا ہی نہیں اس لیے نت نئے بیانیوں کی سیاست جاری رکھی۔ مسلم لیگ ن بھی 1990والی موٹر وے اور شہباز شریف کے ترقی یافتہ لاہور پر سیاست کرتی آرہی ہے۔ پورے پنجاب کے فنڈز لاہور پر لگا کر تعمیر و ترقی کی سیاست کے چیمپیئن بنی لیگی قیادت کو عمران خان سے مقابلہ ہے۔ رواں سال پنجاب میں سیاسی تبدیلی آئی تو پرویز الہی کی صورت میں معاملہ فہم سیاستدان برسراقتدار آئے اب وقت کم تھا اور مقابلہ سخت، وزیراعلی پنجاب نے پنجاب کے لیے 726ارب کا ترقیاتی پیکج دے دیا۔ یہ منصوبہ جات قلیل وقت میں مکمل نہیں ہوسکتے لیکن سیاسی میدان میں کہنے اور دکھانے کو وہ تمام منصوبہ جات ضرور خدمت کی فہرست میں شمار کیے جاسکتے ہیں۔اسی گومہ گو کی صورت حال میں عمران خان نے کے پی کے اور پنجاب اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اعلان کردیا۔ وزیر اعلی پنجاب پرویز الہی کے تمام منصوبہ جات بھی ادھورے کے ادھورے، ساڑھے تین سال سردار عثمان بزدار وزیر اعلی پنجاب رہے لیکن انکے آبائی علاقہ تونسہ کو پرویز الہی نے ضلع بنایا، سردار عثمان بزدار یہ فیصلہ بھی نہ کرسکے۔
وزیراعلی پنجاب پرویز الہی کا کہنا ہے کہ جتنا وقت ہے عوام کی خدمت اورمسائل کے حل پر لگائیں گے۔صوبہ کی عوام کی خدمت پر توجہ ہے۔ 100دنوں میں اتنا کام کیا جو 10سال میں نہیں ہوا۔صوبائی کابینہ کے 7اجلاسوں میں 371ایجنڈوں پر فیصلے کرکے ریکارڈ قائم کیا۔صوبائی وزیر بلدیات میاں عبدالرشید نے ورلڈ بنک پروگرام کے تحت اوکاڑہ میں 3ارب 10کروڑ کے ترقیاتی منصوبہ جات کا آغاز کیا۔اب الیکشن کے سال یہ منصوبہ جات اتنے قلیل وقت میں کیسے مکمل ہونگے۔۔؟ حکومت ووٹ کے حصول کی بجائے عوامی مسائل کو مدنظر رکھتی تو یہ کام مکمل ہوچکے ہوتے۔ سیاسی روایت کے مطابق نئی آنے والی حکومت ان منصوبہ جات پر نئی تختیاں لگائے گی۔ عام آدمی کے مسائل اسی لیے حل طلب ہیں کیونکہ سیاسی قیادت عوامی جذبات سے کھیلنے اورسیاسی کامیابی کو ہی مقدم جانتی ہے۔ اس نظام میں عوام کہاں، ترقیاتی کامیابیاں کہاں سب تختیوں کا کھیل ہے۔ہم ہر بار یہی کہہ سکتے ہیں بہت دیر کی مہرباں۔

Exit mobile version