تحریر۔جاوید کمیانہ
سال 2022 ءمیں سیاسی طور پر غیر معمولی تبدیلیاں رونما ہوئیں ، اس سال کے شروع میں پاکستان تحریک انصاف ایک حاکم وقت جماعت تھی، آج اس سال کے رخصتی پر اپوزیشن جماعت بن گئی ہے ،عمران خان سابق وزیر اعظم بن گئے اور اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف پی ڈی ایم کی تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے نتیجے میں پاکستان کے وزیر اعظم بن گئے۔گزرنے والا یہ سال پی ٹی آئی کے لیے سیاسی حوالے سے بہت بھاری رہا کیونکہ اس کے قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کے ارکان عمران خان کا ساتھ چھوڑ گئے ،عمران خان کو رمضان، عید اور تقریباً 8 ماہ تک ملک گیر احتجاجی جلسے جلوس ،2 مرتبہ لانگ مارچ کرنا پڑا ۔رخصت ہونے والے اس سال میں پاکستان کے چاروں صوبوں کے عوام کو بدترین سیلاب کی تباہ کاریوں کا سامنا کرنا پڑا اور ابھی تک بھی اندرون سندھ اورپسماندہ اضلاع میں سیلابی پانی کی تباہ کاریاں موجود ہیں,اس سال پی ڈی ایم اور حکومتی اتحاد کو حیران کن طریقے سے وفاقی حکومت تو مل گئی مگر ماضی کی تقریباً تمام اپوزیشن جماعتوں پر مشتمل یہ وفاقی حکومت عوام کی توقع پر پورا نہ اتر سکی۔
عوام بد ترین مہنگائی اور بےروز گاری کا شکار رہے جبکہ اس سال کے آخری ہفتوں کے دوران ملک کے کچھ حصوں میں دہشت گردی کے واقعات بھی رونما ہوچکے ہیں۔پنجاب حکومت بھی اس سال کے دوران کشمکش کی صورتحال کا شکار رہی ، کچھ عرصہ اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو وزیر اعلیٰ بننے کا موقع ملا تاہم سال کے اختتام سے کچھ ہفتے پہلے ہی وہ پھر سے واپس اپوزیشن لیڈر بن گئے اور چودھری پرویز الہٰی وزیر اعلی پنجاب اور سبطین خان جو ایک صوبائی وزیر تھے وہ سپیکر پنجاب اسمبلی بن گئے۔
چودھری پرویز الہٰی کے لیے دسمبر کا مہینہ بھاری رہا مگر عدالت میں یقین دہانی کے بعد ان کی حکومت دسمبر میں ختم ہونے سےبچ گئی اور اب وہ نئے سال میں بھی 11 جنوری تک تو وزیر اعلیٰ پنجاب رہیں گے تاہم ان کی خواہش ہے کہ 2023 کا پنجاب کا بجٹ جو کہ ان کی حکومت کا پہلا اور مجموعی طور پر اس موجودہ اسمبلی کا پانچواں بجٹ ہوگا اس کو ایوان میں پیش کرسکیں۔مجموعی طور پر سال 2022 میں سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کے ساتھ دست و گریباں رہیں اور ایک دوسرے پر الزامات لگانے کا سلسلہ عروج پر رہا,عمران خان ہر حوالے سے سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بنے رہے اور اگر یہ کہا جائے کہ سیاست ان کے اردگر دگھومتی رہی تو یہ بھی بے جا نہ ہوگا ۔
اسی طرح سے آصف علی زرداری جن کو مفاہمت کی سیاست کا بادشاہ قرار دیا جاتا ہے وہ مرکز اور پنجاب میں کچھ عرصے کے لیے تبدیلی لانے کی وجہ سے پورا سال سیاست میں اِن رہے اور یہ بھی خیال کیا جاتا ہے کہ ان کی وجہ سے ہی اب تک وفاقی حکومت قائم ہے ، پنجاب میں بھی ایک مرتبہ پھر موجودہ اپوزیشن حکومت قائم کرنے کی دعویدار ہے ۔اس سال مثالی تعلقات اور بہترین سیاسی گھرانہ جانے والے چودھری برادران کے تعلقات سیاسی طور پر ایک دوسرے کے ساتھ خراب ہو گئے اور چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الہٰی نے سیاسی راستے جدا کر لیے اور ابھی تک بھی ان کے سیاسی تعلقات کشیدہ ہی ہیں۔ نئے سال میں ان کے درمیان صلح ہو گی یا نہیں، اس کا اندازہ آنے والے دنوں میں ہو جائے گا۔دوسری طرف پنجاب کے اقتدار کا سورج کہاں طلوع ہوتا ہے وہ نئے سال کے آغاز پر واضح ہو جائے گا ایک جانب پنجاب کے وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہیں دوسری طرف پی ڈی ایم دعویٰ کر رہی ہے کہ اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے لیے پرویز الٰہی کے پاس مطلوبہ تعداد پوری نہیں ہے۔تیسری جانب ٹیکنو کریٹسں عبوری حکومت کے طویل دورانیے کی باتیں بھی گردش کر رہی ہیں دیکھنا یہ ہے کہ نیا سال کیا الیکشن کا سال ہے اور عمران خان وقت سے پہلے الیکشن کروانے میں کامیاب ہوں گے یا پی ڈی ایم وقت پر الیکشن کروائے گی یا جاتے جاتے مزید مشکل معاشی فیصلوں کے لیے عبوری حکومت کا انتخاب کرے گی۔ہر سیاسی جماعت اپنا زور لگا رہی ہے۔مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کی وطن واپسی کی افواہیں بھی زیر گردش ہیں اور کراچی میں ایم کیو ایم کے تمام سیاسی دھڑوں کو گورنر سندھ ایک پلیٹ فارم پر متحد کر کے مستقبل میں کراچی شہر سے عمران خان کا راستہ روکنے کے لیے کمر جس رہے ہیں۔جہاں 2022 کا سال سیاست کے حوالے سے ہنگامی خیز ثابت ہوا ہے وہاں 2023 اس سے بھی زیادہ سیاسی ہلچل کے لحاظ سے ہنگامہ خیز ثابت ہو سکتا ہے۔