تمام آئی جی اپنے افسران اور اہلکارں کی ڈگریاں اور دیگر تعلیمی اسناد چیک کروائیں. چیف جسٹس پاکستان
چیف جسٹس سپریم کورٹ گلزار احمد کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں تمام آئی جیز کو پولیس افسران اور اہلکاروں کی تعلیمی اسناد کی تصدیق کرانے کی ہدایت دی گئی۔
چیف جسٹس پاکستان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی اور عام مقدمات میں فرق کیلئے عدالتی فیصلوں کو مدنظر رکھا جائے، پولیس پر غیر ضروری دباؤ ختم کرنے کے لیے تقرریوں و تبادلوں کا اختیار بھی آئی جی کو ہونا چاہیئے۔ چیف جسٹس نے ڈی جی نیشنل پولیس بیورو کو مخلتف جرائم کی تفتیش کرنے والے ماہر افسران کی فہرست فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں ائٓی جی پنجاب نے موقف اختیار کیا کہ نئی گاڑیوں کی خریداری پر پابندی ہونے سے پولیس کو فرائض کی انجام دہی میں مشکلات کا سامنا ہے۔ جس پر چیف جسٹس پاکستان کا کہنا تھا کہ صرف لگژری گاڑیوں پر پابندی عائد کی گئی ہے، پولیس افسران سرکاری گاڑیوں کا غیر ضروری استعمال ختم کریں، پولیس گاڑیوں کے غیر ضروری استعمال سے معاشرے میں منفی تاثر جا رہا ہے۔