• نجی تعلیمی اداروں میں پی ٹی آئی کا پرچار،خفیہ ادارے نوٹس لیں

    نجی تعلیمی اداروں میں پی ٹی آئی کا پرچار،خفیہ ادارے نوٹس لیں

    تحریر۔جاوید کمیانہ

    سرکاری تعلیمی اداروں میں اسٹوڈنٹس تنظیموں کا کئی دہائیوں تک راج رہا اور اس کے جہاں مثبت اثرات مرتب ہوئے اور ملکی سطح کی سیاست کے افق پر نامور سیاست دان نمودار ہوئے وہاں منفی اثرات کی وجہ سے جرائم پیشہ ڈان بھی معرض وجود میں آئے جو بعد ازاں ایک گروپ کی شکل اختیار کرتے گئے۔حقیقت تو یہی ہے کہ میں نے خود جب چھٹی کلاس میں قدم رکھا تو ایک مذہبی نما سیاسی جماعت کا کارکن بنا جن کا نظریہ کافی سالوں تک دل و دماغ میں سرائیت کر چکا تھا۔لڑائی دنگا فساد کالجز،یونیورسٹیوں میں معمول کی بنیاد پر عروج پر تھا یہاں تک کہ چھوٹے شہروں سے آئے ہوئے طالب علم اپنی دھاک بٹھانے کے لیے کوئی نہ کوئی سیاسی گروپ جوائن کرنا اولین علمی فریضہ سمجھنا شروع ہو گئے۔گزشتہ ایک دہائی سے سرکاری تعلیمی اداروں میں اسٹوڈنٹس تنظیموں پر پابندی عائد اور اس پر سختی سے عمل پیرا ہونے کے باعث غیر نصابی سرگرمیوں میں واضح کمی دیکھنے کو ملیں۔
    کچھ عرصہ قبل لاہور کی نامور عظیم درسگاہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں سابق وزیراعظم عمران خان کے متنازعہ اور سیاسی خطاب کے بعد ان کے سیاسی جانشین کھل کر سامنے آ گئے اور نجی تعلیمی اداروں میں یہ فریضہ سر انجام دینے لگے،بنیادی فرق یہ تھا کہ ہمارے اور ہم سے بھی سابق ادوار میں اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن سیاسی جماعتوں کی سرپرستی میں کام کرتی تھیں اور اساتذہ کرام ہمیشہ ایسے عمل پر ناخوشگواری کا احساس دلاتے تھے مگر اس جدت پسندی کے دور میں نجی تعلیمی اداروں کے اساتذہ کرام معصوم و بھولے بھالے طلباء و طالبات کو سوچے سمجھے منصوبے کے تحت عمران خان کو ملک کا مسیحا اور دیگر جماعتوں کو ملک دشمن اور چور ثابت کرنے میں مصروف عمل ہیں۔میرے دو صاحبزادے نجی کالجز میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں دونوں نے الگ الگ شکایت کی کہ ہمارے استاد محترم جزباتی وابستگی کے ساتھ باقاعدہ نعرے لگوا گر غیر پارلیمانی الفاظ کا انتخاب کرتے ہوئے ملک کی دیگر سیاسی جماعتوں کو برا بھلا کہتے ہیں اور زور دیتے ہیں کہ عمران خان حق پر ہے اور خدارا حق کو پہچانو۔ہم گھروں میں بالخصوص بچوں کے سامنے سیاسی گفتگو سے پرہیز کرتے ہیں وہ کیا معقولہ ہے کہ بچے غیر سیاسی ہوتے ہیں اور علم حاصل کرنے کی غرض سے جانے والے بچے جو بھاری بھرکم فیسیں بھی ادا کرتے ہیں اور ان پرائیویٹ اسکول کالجز مافیاز کا پیٹ بھرتے ہیں اگر وہاں تعلیم و تربیت کا یہ معیار ہو کہ ابھی سے ایک ایسی نسل تیار کی جائے جو عمران خان کے علاؤہ ملکی اداروں اور سیاسی جماعتوں کے زہر بھر دیں تو مستقبل میں یہ ہونہار طلباء و طالبات جو ملک کی کسی خدمت میں اپنی توانائیاں صرف کرنا چاہتے ہوں ان کے دماغوں میں ابھی سے نفرت کے انگارے پیدا کرنے والے اساتذہ کرام اس ملک و قوم کے مجرم ثابت ہو رہے ہیں۔اول تو ان نجی اداروں کو ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانی چاہیے بصورت دیگر ملکی خفیہ اداروں کو ایکشن لینا چاہیے تاکہ ملک کے معتبر اور مستند اداروں کے خلاف یہ ہرزہ سرائی اور زہریلا پروپیگنڈا کرنے والے عناصر جو نام نہاد اساتذہ کے روپ میں موجود ہیں ملک کے دشمنوں کے ایجنڈے کو فروغ دے رہے ہیں۔مجھے یقین ہے کہ نجی اداروں کی سربراہان کی ایسی کوئی پالیسی نہیں ہو سکتی یہ گروہ انفرادی سطح پر ایک سیاسی جماعت کے خاص ایجنڈے کی تشہیر کر کے طلباء و طالبات کے جزبات سے کھیلنے کی مذموم جسارت کر رہے ہیں۔میں نے ایک ادارے کے ذمہ دار کے ساتھ بات کی اور میری بات مکمل ہونے سے قبل انہوں نے بتا دیا کہ ہمارے نوٹس میں یہ بات آئی تھی ہم پہلے سے ہی ایکشن لے چکے ہیں مگر سرکاری سطح پر یا ملکی سلامتی کے اداروں کی طرف سے جنی اسکولز و کالجز کا سخت وارننگ دینا اور ان کی خفیہ مانیٹرنگ کرنا ضروری ہے تاکہ والدین جس مقصد کے لیے بچوں کو تعلیمی اداروں میں بھیجتے ہیں وہ مقاصد حاصل کئے جا سکیں۔۔۔۔۔۔

    296 مناظر