تحریر:سلمان احمد قریشی
آزادی ہند سے لیکر آج تک پاکستان اور بھارت کے درمیان عسکری اور سفارتی محاذ ہمیشہ گرم رہا ہے۔اس تناو کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ہندوؤں نے پاکستان کے وجود کو کبھی بھی تسلیم نہیں کیا ہے بلکہ وہ پاکستان کے مطالبے کو ناجائز اور ناقابلِ عمل سمجھتے تھے-آزادی ہند کے وقت مسلم اکثریتی علاقے اور شاہی ریاستیں جنہوں نے پاکستان میں شامل ہونا تھا بھارت نے بزورِ بازو ان پر قبضہ کر لیا جن میں نمایاں طور پرجونا گڑھ اور جموں و کشمیر قابل ذکر ہیں۔ریاست جونا گڑھ نے باقاعدہ 15 ستمبر 1947ء کو آزادی ہند ایکٹ 1947ء کے تحت پاکستان سے قانونی الحاق کیا تھا جبکہ کشمیر کی اکثریتی مسلم آبادی مہاراجہ سیپاکستان کے ساتھ الحاق کا مطالبہ کر رہی تھی لیکن بھارت نے دھونس، دھاندلی اور غیر قانونی طریقے سے ان مسلم اکثریتی علاقوں اور شاہی ریاستوں پر قبضہ کرلیا۔ مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور بھارت کے درمیان عسکری محاذ پر باقاعدہ جنگیں بھی ہوئیں، اقوام متحدہ اور بین الاقوامی فورم پر اس مسئلہ پر بحث اور دوطرفہ مذاکرات کے دور بھی ہوئے لیکن بھارتی ہٹ دھرمی کی وجہ سے خطہ میں پائیدار امن کی خواہش خواب ہی رہی۔
پاکستان و بھارت کے درمیان کل 2200 کلومیٹر طویل سرحد ہے۔اگر دونوں ممالک میں تعلقات بہتر ہوں تو تجارت کے ساتھ دیگر شعبہ زندگی میں تعاون کے بہت مواقع ہیں۔جنوبی ایشیا میں غربت اور پسماندگی ہے لیکن بھارت خطہ کے امن کو پائیدار بنانے میں سنجیدہ نہیں جسکی وجہ سے بھارت اور پاکستان آمنے سامنے ہیں۔بھارت نے پاکستان کے خلاف عسکری، سفارتی، سیاسی و ثقافتی پروپیگنڈہ کو ہوا دی ہے حتی کہ 1971ء میں پاکستان کو دولخت کرنے کے پیچھے بھارت ہی کا ہاتھ تھا جس کا اعتراف بھارتی ہندووانہ نظریات کے حامل اور انتہا پسند وزیر اعظم نریندر مودی کئی بار بنگلہ دیش میں کھڑے ہوکر کر چکے ہیں۔
بھارت میں ہمیشہ الیکشن جیتنے کے لیے پاکستان دشمن جذبات کو پروان چڑھایا جاتا ہے۔2019ء میں بھارت میں منعقدہ عام انتخابات میں پاکستان اور مسلم مخالف ہندو نواز بھارتیہ جنتا پارٹی نے اسی بیانیہ پر دوسری بار کامیابی حاصل کی۔آج بھارت میں نفرت کی سیاست کا راج ہے۔دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت اور سیکولر ملک ہونے کے دعویدار بھارت کے مکروہ چہرہ سے نقاب اتارتے ہوئے وزیر خارجہ پاکستان بلاول بھٹو زرداری نے جارحانہ انداز میں مدلل گفتگو کی۔بلاول بھٹو زرداری کی بیباک اور جراتمندانہ انداز پر بھارت میں انتہا پسند وزیر خارجہ پاکستان کے خلاف احتجاج پر اتر آئے۔توہین آمیز، ہتک آمیز رویہ کی حامل بھارتی قیادت نے ملک کے تمام دارالحکومتوں میں احتجاج کیا۔ احتجاج کے دوران پاکستان کے خلاف نفرت کا اظہاراور وزیر خارجہ پاکستان کے پتلے جلائے گئے۔ میناکشی لیکھی نے بلاول بھٹو کی طرف سے نریندر مودی کو گجرات کا قصائی’ کہنے پر کہا کہ پاکستان سے اس سے بہتر کچھ بھی توقع نہیں کی جا سکتی۔
یاد رہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت ایک ماہ کے لیے انڈیا کے پاس ہے۔ اس دوران وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد پر عمل درآمد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ کشمیر میں امن لانے کے لیے اپنے عزم کو ثابت کریں۔‘بھارت کی پالیسیوں کی وجہ سے نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن کو شدید خطرات لاحق ہیں – وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے ایک سخت بیان جاری کرتے ہوئے عالمی برادری کو خبردار کیا اور مودی کا اصلی چہرہ بے نقاب کیا۔ بھارتی وزیراعظم کا کردار امن دشمن رہنما کا ہے اس پر بات کرنا ضروری ہے۔پاکستان میں جب 2018ء کے عام انتخابات کے نتیجے میں عمران خان وزیراعظم بنے تو انہوں نے بھارت کو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری لانے کے لئے پیشکش کی- عمران خان کا کہنا تھا ”اگر بھارت امن کی طرف ایک قدم بڑھاتا ہے تو پاکستان دو قدم بڑھائے گا“۔بھارتی حکومت نے ان کاوشوں اور امن کی خواہش کا جواب 5 اگست 2019ء کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو بین الاقوامی قوانین اور دو طرفہ معاہدوں کو پس پشت ڈال کر یکطرفہ اقدامات سے ختم کر دیا-
قارئین کرام!بھارت کی اہم سیاسی جماعتیں سمجھتی ہیں کہ پاکستان کے خلاف عوامی جذبات کو ابھار کر اور پاکستان پر تنقید کر کے وہ زیادہ ووٹ حاصل کر سکتی ہیں۔ بھارتی سیاسی جماعتوں کی یہی سوچ پاکستان اور بھارت کے درمیان بہتر تعلقات میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔بھارتی سیاسی جماعتیں اور رہنما پاکستان کی مذمت کر کے ووٹ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ بھارت میں پاکستان پر تنقید کرنا اور پاکستان کی مذمت کرنا دراصل ووٹ کے حصول کا چکر ہے۔ اس چکر سے خطہ میں امن صرف ایک خواب ہی رہے گا۔بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کی حکومت اور سیاست پاکستان دشمنی کے گرد گھوم رہی ہے۔ دوسری طرف پاکستان میں بھارت دشمنی اب انتخابی نعرہ نہیں۔پاکستان میں صورتحال بہت مختلف ہے۔بھارت کے بارے میں پاکستان کے سیاستدان بہت پختہ ہو چکے ہیں۔
ہماری سیاست کا طرز عمل بھارت کے مقابلے میں بہت زیادہ ذمہ داری کا ہے۔ بین الاقوامی فورم پرثبوت اور دلیل، منطق کے ساتھ اپنا موقف پیش کرنا بہترین سفارت کاری ہے اس کا جواب بھارت کی طرف سے پاکستان کے وزیر خارجہ کے خلاف احتجاج کی صورت میں دینا بھارتی ناکامی کا کھلا اعتراف ہے۔پاکستان میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی حمایت اور یکجہتی کا اظہار دنیا کو واضح پیغام ہے امن کی خواہش کمزوری نہیں۔پاکستان طاقت سے مرغوب نہیں عالمی سطح پر ذمہ دارانہ کردار کا خواہاں ہے۔احتجاج دونوں ممالک میں ہوا بھارت میں اسکامقصد نفرت بڑھاناہے جبکہ پاکستان کی عوام کی طرف سے وزیر خارجہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار بھارت کو بھرپور جواب دینے کا عزم ہے۔ امن کی کلید بھارت کے ہاتھ میں ہے۔فیصلہ بھارت نے کرنا ہے خطہ میں امن قائم ہویا اسی طرح غربت کو فروغ دیتے رہنا ہے۔