مختارِ عاقل یہ نہ کریں
تحریر: سلمان احمد قریشی
ساہیوال سے خبر ہے کہ اپنا تعارف بطور صحافی کروانے پر اے سی ساہیوال برہم ہو گئے اورصحافی کو بلیک میلر کہہ کر جھاڑ دیا۔ اخبار کے مطابق واقعہ پر صحافی سراپا احتجاج ہیں۔ صحافیوں کا موقف ہے کہ انتظامیہ کا رویہ افسوسناک ہے۔ ایسا ہی ایک ناخوشگوار واقعہ اوکاڑہ میں بھی پیش آیا جب ملزم کی فوٹیج بنانے پر وکلاء نے صحافی سے موبائل چھین لیا۔ صحافت کو بلیک میلنگ قرار دیتے ہوئے صحافت پر چار چار حرف بھیجتے رہے۔ایک فرشتہ صفت انسان نے معاملہ خوش اسلوبی سے حل کروایا۔ صحافی کی عزت بھی محفوظ رہی اور وکلاء کا وقار بھی قائم رہا۔ اس واقعہ میں چند وکلا کا رویہ قابلِ افسوس ہے جو قانون کی بات کرنے کی بجائے خبر رکوانے کے خواہش مند ہیں۔ صحافی کے کیا فرائض ہیں کیا اب یہ وکلاء سمجھائیں گے۔۔؟ اور وہ بھی غیر اخلاقی، غیر شائستہ انداز میں، یہ طاقت کا ضُعم ہے یا عدم برداشت کا رویہ۔۔؟ یہ معاملہ غور طلب ہے۔ اوکاڑہ ہی سے تعلق رکھنے والے نجی چینل کے ایک اور رپورٹر نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ سچ کیلئے اپنی صحافتی ذمہ داریاں نبھائیں اور نبھا رہا ہوں اور انشاء اللہ نبھاتا رہونگا اسکی سزا مجھے یہ دی جا رہی ہے کہ ڈی پی او اوکاڑہ ضلع بھر کے تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز کو اسکے خلاف جھوٹے،خود ساختہ مدعی بنا کر درخواستیں دلوا رہے ہیں تاکہ وہ اپنی صحافتی زمہ داریوں سے پیچھے ہٹ جائے ضلع اوکاڑہ کے تمام ایس ایچ اوز اور دیگر پولیس ملازمین کی جانب سے اسے تھریٹ کرنے کیلئے ہراساں کرنے کیلئے یہ ہتھکنڈے استعمال کئے جا رہے ہیں جن سے صحافی کبھی بھی نہیں گھبراتا چاہے اسکی جان ہی کیوں نہ چلی جائے۔
بہادر خاتون صحافی صدف نعیم فرائض کی ادائیگی میں کنٹینر کے نیچے آکر ہلاک ہوگئیں۔ ارشد شریف کے ساتھ کیا ہوا۔۔؟ صحافی بم سے ہلاک ہوئے گولیاں ماری گئیں۔ روز دھمکیوں اور تشدد کا شکار بن رہے ہیں۔ کوئی تحفظ نہیں، شنوائی نہیں سرکار کی گرانٹ نہیں، عہدہ نہیں تنخواہ نہیں، یونیفارم کا رعب نہیں۔ تنظیم کے پلیٹ فارم سے ہڑتال کا اختیار نہیں۔کسی پر تشدد میں ملوث نہیں۔ آئے روز ہڑتال کے نام پر سائل کو رسوا نہیں کرتے۔ میٹنگ کی آڑ اور اختیار کے نشہ میں کسی کو دھتکارتے نہیں۔صرف ایک عزم ہے اور کام کی لگن ہے ایک صحافی معاشرے کا ہیرو ہے۔ صحافی کا سفر بہت کٹھن ہے۔ نا گہانی آفات و حادثات، ٹارگٹ کلنگ صحافی کی قسمت، دھونس دھمکی، گالی گلوچ لیکن صحافی نے اپنا کردار ادا کرنا ہے سو وہ کرتا رہے گا۔ صحافی ولن نہیں ہیرو ہے۔ کیوں نہ ہو موروثی و اتفاقیہ دولت، خاندان، عزت شہرت حادثاتی وقار ان سب سے الگ کردار ہے۔ صحافی سرکاری عہدے یا ڈگری لے کر کوٹ پہن کر خود کو یونین سے زور آور نہیں سمجھتا۔ صحافی صرف خطروں سے گزر کر مشکلات سے لڑ کر ہی آگے بڑھ سکتا ہے۔ جبرِ مسلسل صحافی کی زندگی، محنت کی کمائی صحافی کی شان، حقائق کی دنیا، کشمکش سے بھرپور، دھکتا خون، مہکتا پسینہ، لذتِ درد سے آشنا، معاشرے کا عکاس ایک صحافی انا پرستوں کے لیے قابلِ قبول نہیں۔ خاص طور پر جب بااثر بااختیار ادارہ یا فرد اپنی ضرورت کے تحت کام کررہا ہو، خود کو قانون یا ضابطہ کو مدِنظر رکھنا ضروری نہ سمجھتا ہو تو صحافی کے ساتھ رویہ شائستہ کیسے ہو سکتا ہے؟ جب کوئی اپنی زبان کو قانون سمجھے تو مختارِ عاقل صحافت کی تضحیک ہی کریں گے۔
راقم الحروف ان سطور میں کسی کے غلط یا صحیح ہونے پر حتمی رائے پیش نہیں کر رہا۔ معاملہ صرف اتنا ہے ان واقعات کا تسلسل اور ایسے الزامات یکسر نظر انداز بھی نہیں کئے جا سکتے ہم تو یہی گزارش کریں گے مختارِ عاقل و اختیار صرف صحافیوں کو قصور وار نہ گردانیں۔ صحافی ہی ظلم کی خبر دیتا ہے کسی مظلوم کی داد رَسی کی فیس نہیں لیتا۔ عام آدمی کی آواز ہے معاوضہ نہیں لیتا۔تاریخ لیکر نہیں دیتا، اپنے خون سے تاریخ لکھتا ہے۔ ایک سرکاری افسر یا وکیل غلط کرتا ہے تو کیا صحافی پورے شعبہ کے خلاف لکھتا ہے کیا سب کو ایک ہی صف میں لا کھڑا کرتا ہے۔ نہیں ایسا نہیں، تو آپکو کس نے حق دے دیا کہ آپ صحافت پر الزام لگائیں، صحافی کو بلیک میلر کہیں۔ کسی ایک سے شکایت ہے تو اس پر قانونی راستہ اپنائیں۔ شعبہ صحافت کو بدنام کرنے یا غلط کہنے کی آپ کو کس نے اجازت دے دی۔ اگر آپکو اجازت کی ضرورت نہیں تو یاد رکھیں آپ سے طاقت ور بھی اسی معاشرہ میں موجود ہیں جب آپ کسی کے زیرِ عتاب آئیں گے پھر آزادیِ صحافت کی اہمیت کو سمجھیں گے۔ تب شاید یہ رِیت آپ ہی کو شرمندہ کرے گی۔مظلوم کی آخری امید صحافت ہی ہے جہاں عہدے اور فِیس نہیں دیکھی جاتی صرف خبر کی سچائی کے ساتھ صحافی کھڑا ہوتا ہے۔
قارئین کرام! پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 19 میں بھی معلومات تک رسائی کو ہر شہری کا قانونی حق قرار دیا ہے لیکن اس کے باوجود آزادیِ اظہار ایک خواب ہی دکھائی دیتا ہے اور عوام تک خبر پہنچانے کی پاداش میں اب تک سینکڑوں صحافی جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ پاکستان پریس فاؤنڈیشن کے ریکارڈ کے مطابق عالمی درجہ بندی میں پاکستان اس وقت آزادیِ صحافت کی فہرست میں 142ویں نمبر پر موجود ہے روزانہ کی بنیاد پر ملک بھر سے صحافیوں پر تشدد یا انہیں ہراساں کیے جانے کی خبریں آنا اب معمول کی بات ہو گئی ہے۔ کچھ گروہ اورطاقت ور شخصیات صحافت پر حاوی ہونے کی خواہش لئے صحافتی اقدار اور اصول کر پسِ پشت ڈال کر من مانی خبروں کا مطالبہ کرتے ہیں ہم بہتر جانتے ہیں کہ صحافیوں کو پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی کے دوران غیر ریاستی عناصر اور ریاستی اداروں کی جانب سے کن مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ صحافیوں کا کام شہریوں کو باخبر رکھنا ہے تاکہ وہ اپنی نجی و سماجی زندگی میں بہتر فیصلے کر سکیں۔کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹ کے مطابق پاکستان ان 14ممالک کی فہرست میں 9 ویں نمبر پر ہے جہاں صحافیوں کے قاتل نہیں ملتے، اگر مل بھی جائیں تو وہ بچ نکلتے ہیں۔ اکثر مختلف تنظیمیں اپنے خلاف خبر منظر عام پر آنے کے فوراً بعد طیش میں آ جاتی ہیں ان کے کارکنان کی جانب سے بات گالم گلوچ سے شروع ہو کر تشدد تک پہنچ جاتی ہے۔ یاد رکھیں آزاد معاشرے ہی ترقی کرتے ہیں عدم برداشت اور خواہشات کی تکمیل سے معاملات آگے نہیں بڑھا کرتے۔ صحافت کی آواز خاموش ہوئی تو پھر اندھیرے ہی اندھیرے ہیں۔صحافی کا قلم رک گیا یا کیمروں کو بند کروانے کا چلن قائم رہا تو پھر اندھیرے بڑھیں گے۔ ہمیں روشنی کی طرف سفر کرنا ہے آگے بڑھنا ہے۔ روشنی سے ہی تمام کردار عیاں ہوں گے، صحافی ہو یا سرکاری افسران، وکیل ہو یا ڈاکٹر سب کے کردار کھل کر سامنے آئیں گے۔ بلیک میلر کون ہے اور خود کو مختارِ کُل، مختارِ عاقل کون سمجھتا ہے یہ عدم تشدد اور خوف کو ختم کرنے سے ہی واضح ہوسکتا ہے۔ صحافی کو جینے دو اور سچ اور جھوٹ کا فیصلہ عوام کو کرنے دو۔ ہم سب ایک معاشرہ کا حصہ ہیں تو معاشرے کی جھلک تو ہر شعبہ میں نظر آئے گی۔ کسی ایک شعبہ کو ٹارگٹ کرنا دانشمندی نہیں۔مختارِ کُل اور مختارِ عاقل کسی ایک شعبہ میں اکٹھے نہیں ہوتے اس لئے خود کو ایسا سمجھنا اور صحافی کو غلط کہنا چھوڑ دیں۔ خود کو بہترین اور صحافی کو غلط ثابت کرنے کی کوشش کرنے والے یاد رکھیں۔ صحافی کی طاقت قلم ہے اور قلم کی تو رب تعالیٰ نے بھی قسم کھائی ہے۔ جو صحافت کو سمجھتے نہیں وہ اسے اپنے تابع رکھنا چاہتے ہیں۔ خود احتسابی ہی سب سے بہترین رویہ ہے۔ خود کو مختارِ عاقل سمجھنے والے اپنی اصلاحِ احوال پر توجہ دیں اسی میں سب کی بھلائی ہے۔اگرصحافیوں کی طرف سے عائد کردہ الزامات غلط ہیں تو انکے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کی جاسکتی ہے یہ خوف کی فضا اور تحضیک کا ماحول کیوں۔۔؟ یہی غور طلب ہے اور اس صورتحال کو تبدیل کرنا ضروری ہے۔