تعلیمی ادارے، اساتذہ کرام اور ہمارا کردار
تحریر: سلمان احمد قریشی
تعلیم کسی بھی قوم یا معاشرے کے لیے ترقی کی ضامن ہے۔ فروغ و حصولِ علم کا مقصد صرف ادارے سے ڈگری لینا نہیں بلکہ تربیت، تعمیر اور تہذیب سیکھنا بھی ہے تاکہ معاشرتی روایات کا خیال رکھا جا سکے اور بہتر معاشرہ تشکیل پا سکے۔ سکول، کالج اور یونیورسٹی میں طلبہ کی بہترین تعلیمی رہنمائی کے ساتھ انکی کردار سازی بھی اعلیٰ تعلیم کے اہداف کا ماحصل ہے۔
تعلیمی اداروں میں حقیقی مرکز اور بنیاد اساتذہ کرام ہی ہوتے ہیں۔ استاد ہی تبدیلی کی کلید ہے اور یہ پیغمبرانہ پیشہ ہے۔ اساتذہ کرام اپنے طلبہ و طالبات کے لیے آئیڈیل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ادارے اپنے طلبہ کو بہتر معیارِ زندگی کے لوازمات سے فیض یاب ہونے کے لیے تیار کرتے ہیں۔ تعلیمی ادارے ہی ملک کی آئندہ قیادت کی تربیت کا فریضہ سر انجام دیتے ہیں۔ اساتذہ کرام طلبہ کے ذہنوں میں معاشرتی امن اور سماجی استحکام جیسے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے مثالی جذبہ پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ تعلیمی ادارے کے سماجی سفیر تعلیم یافتہ شہری دیگر انسانوں کی زندگیوں کو آسان بنانے میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔
قارئین کرام! کسی قوم یا تحریک کے لیے تعلیمی ادارے شہ رگ کی حیثیت رکھتے ہیں کیونکہ تعلیمی اداروں میں ہی طلبہ کے سانچے تیار ہوتے ہیں۔ وہیں سے سوچنے والے دماغ، سعی و جہد کرنے والے ہاتھ بنتے ہیں۔طلبہ کو ہر طرح کی قوت اور صلاحیت تعلیمی اداروں سے حاصل ہوتی ہے۔ نصاب تو یکساں پڑھایا جاتا ہے مگر فرق صرف ادارے کے ماحول اور طریقہ تدریس سے جنم لیتا ہے۔جہاں تعلیمی ادارے زندہ اور معیاری ہونگے وہاں قوم کی بلندی اور خطہ کی ترقی یقینی ہو گی۔ترقی کے راستے دن بدن کشادہ ہوتے چلے جائیں گے۔ اسکے برعکس جہاں تعلیمی ادارے بے جان اور غیر معیاری ہونگے، تنزلی اور ناکامی یقینی ہو گی۔ کسی قوم اور خطہ کی اجتماعی حالت کو جاننا ہو تو تہذیب اور تمدن کے لحاظ سے اس کے قد و قامت کی جانچ تعلیمی اداروں کی سرگرمیوں اور فعالیت سے کی جاتی ہے۔
ستم ظریفی یہ کہ ہمارے ملک میں اکثر تعلیمی ادارے فِکری جمود کا شکار ہیں۔ امنگوں سے خالی اور حوصلوں سے عاری ہیں۔ اساتذہ،طلبہ اور اولڈ سٹوڈنٹس سب ایک دوسرے سے بیگانہ ہیں۔ کسی کو کسی کا علم نہیں, کوئی غمگسار نہیں، نہ کوئی تعمیرِ ملت کے عظیم مقصد کے لیے تیار ہے۔ نصاب اور کتاب، لیکچر اور رٹا سسٹم، نمبرز کا حصول نتیجتاً شخصیت سازی اور بلند مقاصد حاصل نہیں ہوتے۔ بدقسمتی سے ہم اس دورِ زوال سے گزر رہے ہیں جہاں بہتری کی کوششیں بھی نظر نہیں آتیں۔ خطہ نیلی بار میں بھی صورتِ حال مختلف نہیں۔ سرکاری ادارے اپنا روایتی کردار ادا کرنے پر ہی اکتفا کئے ہوئے ہیں۔ ایسے ماحول میں نامور شخصیات سے کیسے مستفید ہوا جا سکتا تھا۔ عظیم تر مقصد کو پانے کے لئے خطہ نیلی بار کے قدیمی مادرِ علمی گورنمنٹ گریجوایٹ کالج اوکاڑہ کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد حمود لکھوی اور پروفیسر عبدالروف کالج ہذا کے اولڈ سٹوڈنٹس سے رابطہ کر کے اولڈ باریئنز ایسوسی ایشن کا قیام عمل میں لائے۔ باریئنز ایسوسی ایشن کے قیام سے کالج کی تاریخ کا ایک نیا باب شروع ہوا۔ تنظیم کا بنیادی مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ جہاں طلبہ کی تعلیم ضروری ہے وہاں بہترین اخلاقی تربیت بھی لازم ہے۔ طلبہ کی کونسلنگ کے لئے سیشنز کا انعقاد اور مختلف شعبہ ہائے حیات کی ممتاز شخصیات سے براہِ راست مستفید ہونے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ گورنمنٹ گریجوایٹ کالج اوکاڑہ شاندار روایات کا علمبردار قدیم ترین سرکاری ادارہ ہے یہاں سے ہزاروں طالبِ علم اپنی علم کی پیاس بجھا کر ملکی و بین الاقوامی افق پر چمک رہے ہیں اس روشنی سے مستفید ہونے کے لئے ایک پلیٹ فارم کی ضرورت تھی جو اولڈ باریئنز ایسوسی ایشن کی صورت میں میّسر آیا۔ رواں ہفتہ گورنمنٹ گریجوایٹ کالج اوکاڑہ میں اولڈ باریئنز ایسوسی ایشن کے پہلے سالانہ ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔
راقم الحروف بھی دیگر سابق طلبہ کے ساتھ اپنی مادرِ عملی، عظیم درس گاہ کی تقریب میں موجود تھا۔ تقریب میں نشستیں کچھ اس طرح لگی تھی کہ سوچنے پر مجبور ہوئے کہ یہ ادارے ہی ہوتے ہیں جہاں عہدے، دھن دولت اور ذات کنبہ معیار نہیں ہوتے سب کلاس روم میں برابر ایک طالبِ علم کی حیثیت سے موجود ہے، کوئی وی آئی پی نہیں کوئی سٹیج نہیں ہاوس اوپن ہے بات کرنے کے لیے، علم کے مینار سامنے ہیں اپنی خواہش اور طلب کے مطابق فیض عام ہے۔ سرکاری پروٹوکول اور ہٹو بچو کی آوازیں نہیں۔ استاد بولیں گے ہم سنیں گے، سیکھنے کے لیے سمجھنے کے لیے۔ اساتذہ کرام کے چہرے جو کبھی عہدِ شباب میں ہمارے سامنے ہوا کرتے تھے آج ضعف ہیں لیکن ہمارے لیے سکون کا باعث ہیں ایک روحانی سکون ایک اطمینان ایک شفیق باپ کی طرح ہمیں پیار کر رہے تھے۔ ہمارے مقامی ایم پی اے اور ایم این اے بھی اسی ادارہ کے طالب علم تھے آج وہ تقریب میں موجود نہیں تھے۔ بڑے لوگوں کی بڑی مصروفیات اور اپنی ترجیحات ہوتی ہیں۔ سابق ایم پی اے میاں منیر تشریف لائے اظہارِ خیال بھی کیا اور ماضی کی حسین یادیں بھی تازہ کیں۔ پروفیسر عبدالروف نے ایسوسی ایشن کے اغراض و مقاصد پر بات کی۔ آپکی ذات ہی پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر حمود لکھوی کی زیرِ سرپرستی اس انقلابی فیصلہ کو لیکر آگے بڑھ رہی ہے۔ یہ جذبہ قابل ستائش اور قابلِ تقلید ہے۔ ہم بھی اپنی حیثیت کے مطابق اپنے اساتذہ کے ساتھ ہیں۔ ادارے کی بہتری کی اور معاشرہ کی تربیت کرنے کی ان کاوشوں میں اپنا کرداد ادا کرنے کے لیے اس پلیٹ فارم سے منسلک ہیں اور رہیں گے۔ ایک بہت ہی خوبصورت اور یادگار تقریب منعقد ہوئی اسکا کریڈیٹ پرنسپل ادارہ ہذا کو جاتا ہے۔ آپ نے ملک و قوم کی بہتری کے لیے اپنے موجودہ زیرِ تعلیم طلبہ کے ساتھ سابق طالبعملوں کو بھی ملنے کا موقع دیا۔ آج کوئی اچھا مقرر ہے تو کوئی قلم کار، کوئی ڈاکٹر ہے یا پولیس آفیسر، ایم این اے یا بیوروکریٹ سب اِنہیں اساتذہ کی مرہونِ منت ہیں۔ یہ کردار سازی کرنے والا دانش کدہ ہمارا ماضی نہیں مستقبل ہے۔ آج جو یہاں زیرِ تعلیم ہیں کل کے معمارِ قوم ہیں۔ اگرہم عزت کے طلب گار ہیں تو آج اپنے اساتذہ کی عزت کر کے دکھائیں تا کہ کل عزت دار کہلوائیں۔ دھن دولت اور عہدے اہم تو بنا سکتے ہیں لیکن معاشرہ کواس وقت تک بہتر نہیں کر سکتے جب تک ہم میں اس کی بہتری کے لیے اہلیت موجود نہ ہو، اس اہلیت کو اجاگر کر کے کار آمد بنانے میں اساتذہ اکرام اپنا رول ادا کرتے ہیں جس سے ہم معاشرے میں اہم کردار ادا کر سکیں۔ ان مقاصد کے حصول کے لیے اساتذہ کرام کی رہنمائی ضروری ہے اللہ تعالی ان عظیم شخصیات کو سلامت رکھے۔ انشاء اللہ ہم بحثیت قوم اقوامِ عالم میں ممتاز ہو سکتے ہیں ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنے اداروں اور اساتذہ سے جُڑے رہیں۔ انکی تعلیمات وتربیت کو بروئے کا ر لائیں۔