Site icon Meritnews

حوصلہ قائم رہے یہی توکامیابی ہے

تحریر:سلمان احمد قریشی

زندگی نام ہی نشیب و فراز کا ہے۔ ہماری زندگی میں اچھے اوربرے دن آتے رہتے ہیں۔ کبھی کبھی ہمارے ارد گرد تاریکیاں اتنی بڑھ جاتی ہیں کہ ایسا لگتا ہے شاید اب کبھی سحر کا منہ دیکھنا ہی نصیب نہ ہو۔ لیکن ایسے میں زندہ رہنے کی خواہش سے نئی اُمیدیں بندھ جاتی ہیں اور یہ اُمید ہمیں جینے کا اور کوشش کرنے کا حوصلہ فراہم کرتی ہے۔ ونسٹن چرچل نے کہا تھا کہ ”کامیابی حتمی منزل نہیں ہے اور نہ ہی ناکامی حتمی مایوسی، بس حوصلہ قائم رہے یہی سب سے بڑی کامیابی ہے“۔انسان کی کامیابی اس کی جسمانی ساخت سے ہرگز مشروط نہیں ہے۔کامیابی کے لیے ذہنی اور فکری صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ غیر متزلزل یقین، مصمم ارادہ اور آگے بڑھنے کی صلاحیت و خواہش بہت ضروری ہوتی ہیں۔وہ لوگ جو کامیابی کے سفر میں رکاوٹوں کی پرواہ نہیں کرتے وہ غیر معمولی صلاحیتوں سے مالا مال ہوتے ہیں۔
ایسے ہی اپنے دونوں ہاتھوں سے محروم باہمت و خوددار سافٹ وئیر انجینئر محمد ذیشان کی کہانی ہمت اور حوصلہ سے منزل تک پہنچنے کی عملی مثال ہے۔ انجینئر محمد ذیشان مصنوعی ہاتھوں سے بہترین گاڑی چلاتا ہے۔انہی ہاتھوں اور پیروں کی مدد سے کمپیوٹر چلانا، لکھنااورکھانا پیناکرتا ہے۔محمد ذیشان نے ثابت کردیا کہ ان ایبیلیٹی اور ڈس ایبیلیٹی میں بہت فرق ہوتا ہے۔ان ایبیلیٹی میں آپ کچھ کرنا نہیں چاہتے جبکہ ڈس ایبیلیٹی میں تھوڑی زیادہ محنت کرکے وہی کام کیا جاسکتا ہے۔اس سے زیادہ فرق نہیں پڑتا کہ انسان اپنے پاوں پر کھڑا ہو یا وہیلز پر، کام اپنے ہاتھ سے کرتا ہے یا مصنوعی ہاتھوں سے اہم یہ بات ہے کہ کام ہوا یا زندگی رک گئی۔
قارئین کرام!اوکاڑہ سے تعلق رکھنے والاخوددار نوجوان محمد ذیشان ملک میں خصوصی افراد کے لئے ایک مثال ہے۔انہوں نے حال ہی میں کامسیٹس یونیورسٹی سائیوال سے سافٹ ویئر انجینئرنگ مکمل کی۔ 2007 میں حادثاتی طور پر گیارہ ہزار وولٹ بجلی کی تاروں سے کرنٹ لگنے کے نتیجہ میں محمد ذیشان دونوں ہاتھ ناکارہ ہوگئے۔ایک ایسی محرومی کہ زندگی تاریک لگنے لگی۔ لیکن انکے والدین نے ہمت اور حوصلہ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان تاریکیوں کو روشنی میں بدلنے کا فیصلہ کیا۔ محمد ذیشان کو شالامار ہسپتال لاہور میں چیرٹی ہاؤس کے ذریعے امریکہ میں علاج کے لئے لے جایا گیا۔ جہاں پر اسے مصنوعی ہاتھ لگائے گئے۔ انکے والد نعیم اور والدہ کنیز فاطمہ نے ہمت نہ ہاری اور اپنے بچے کو ابتدائی تعلیم صفہ ایجوکیشن ہاؤس، بعدازاں پنجاب کالج اوکاڑہ، جس کے بعد کامسیٹس یونیورسٹی میں سافٹ ویئر انجینئرنگ کی تعلیم کے لیے داخلہ دلوایا۔آج محمد ذیشان ان افراد کے لئے حوصلہ ہے جو ہمت ہار کر گھر بیٹھ گئے ہیں۔یہ باہمت نوجوان ایک رول ماڈل ہے۔ایک یقین ہے ان لوگوں کے لیے جو اللہ تعالی کے فیصلوں کو دل سے تسیلم کرتے ہیں۔ اس حقیقت کو مانتے ہیں کہ معذوری اللہ تعالیٰ کی جانب سے ہے اور ہمت و حوصلہ بھی وہی رب العالمین ہی دیتا ہے۔محرومی اللہ تعالی کی طرف سے کسی انسان کے ساتھ سپیشل ٹریٹمنٹ ہے جو کمی اللہ تعالی کی طرف سے ہے اسکے پیچھے کوئی حکمت ضرور کارفرما ہے۔
بس انسان کوآگے بڑھنے کا فیصلہ کرنا ہے۔اپنی منزل کا انتخاب کرنا اور مثبت سوچ کو اپنانا ہے۔ ہمت اور محنت کو شعار بنائے تواللہ تعالی آسانیاں عطا فرماتے ہیں۔دونوں ہاتھوں سے محروم انجینئر محمد ذیشان خصوصی افراد کے لئے کام کرنا چاہتے ہیں۔ انکا کہنا ہے جب وہ دونوں ہاتھوں سے محروم ہوااور امریکہ میں مصنوعی ہاتھ لگائے گئے۔جس کے بعد میری زندگی ہی بدل گئی۔میں نے ا مریکہ جا کر محسوس کیا کہ ہمارے اور انکے معاشرے میں کیا فرق ہے۔ ہمارے معاشرے میں میرے جیسے لوگوں کو ڈی گریڈ کیاجاتا ہے جبکہ امریکہ میں ” پش اپ ” کرتے ہیں اور وہاں کہا جاتا ہے کہ ” آپ سب کچھ کریں ”وہاں مجھے حوصلہ دیا گیا کہ آپ عام صحت مند مکمل انسان کی طرح سب کچھ کرسکتے ہیں۔ میرا وطن عزیز میں بسنے والوں سے یہی کہنا ہے کہ ہاتھ چھوڑنے کی بجائے ہا تھ تھامنا سیکھیں۔دنیا کے ان غیر مسلم لیکن ترقی یافتہ ممالک کی طرح سسکتی انسانیت پر توجہ دیں۔گرتے کو سہارا دیں۔ میرے جیسے لاکھوں خصوصی افراد آپکی توجہ کے مستحق ہیں۔ آپکی چھوٹی سی کوشش،کاوش اور مسکان ہمیں نیا حوصلہ بخش سکتی ہے۔ ہماری خواہشات مختصر ہیں، ہماری آنکھوں میں بہت کم خواب ھیں جن کی تعبیر آپکے ہاتھوں میں ہے۔ان لوگوں کا سہارا بنیں جو واقعی آپکی توجہ کے حقدارہیں۔
ہم معذور افراد سے ہمددری کا اظہار کرتے ہیں مگر انکا حوصلہ نہیں بڑھاتے، یہ افراد صرف ہماری توجہ کے منتظرہیں۔ موقع ملے تو سب کچھ بہت بہتر انداز میں کر جاتے ہیں کیونکہ انہیں مسائل سے لڑنا آجاتا ہے۔ یہ بخوبی سمجھ چکے ہوتے ہیں کہ مشکل سے لڑکر ہی آگے بڑھا جاسکتا ہے۔اس یقین کے ساتھ جیتے ہیں کہ رات کی تاریکی ختم ہوگی اور نیا اجالا آئیگا۔ ایسے افراد معذوری کو طاقت بناکر منزل تک پہنچ سکتے ہیں اگر یہ یقین رکھیں کہ وہ سب کچھ کرسکتے ہیں۔ حوصلہ دینا ہی اصل مدد ہے۔ایک سوچ کہ معذوری زندگی نہیں محض زندگی کا حصہ ہے اس سے لڑنے کے لیے پر عزم رہیں۔معذوری کا شکارافرادصرف اس سوچ کو بدلیں کہ وہ کچھ نہیں کر سکتے یا معذوری انسان کو کام کرنے سے روکتی ہے، حقیقت اس کے برعکس ہے۔معذوری سے دوچار یا خصوصی افراد محنت اور لگن سے روایتی انداز فکر کو بدل ڈالیں تاکہ دنیا انھیں ترس کے بجائے فخر کی نگاہ سے دیکھے۔محمدذیشان نے اپنے طرز عمل سے خود کو قابل فخر اور قابل ستائش نوجوان ثابت کیا۔ناکامی کی اصل وجہ معذوری نہیں بلکہ مایوسی ہے۔ ڈاکٹر خالد جمیل اختر(بگ برادر) منیبہ مزاری امجد صدیقی اور بھی بہت سی شخصیات ہیں جنہوں نے اپنی محرومی کو طاقت میں بدل کر کامیابی حاصل کی اور یہ حقیقت واضح کی کہ بہترین زندگی جینے کے لئے اس حقیقت کو تسلیم کر لینا چاہیئے کہ یہاں سب کو سب کچھ نہیں ملتا اور زندگی کے جس مقام پر ہو اسے تسلیم کر لو اور یہ بھی تسلیم کر لو کہ یہاں تم ہمیشہ نہیں رہو گے۔

Exit mobile version