سیاسی دکان چمکانے کیلئے اداروں پر تنقید اپوزیشن کا وتیرہ ہے : شاہ محمود
شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سیاسی دکان چمکانے کیلئے اداروں پر تنقید اپوزیشن کا وتیرہ ہے، پی ڈی ایم صرف مفادات کی سیاست کر رہی ہے، یہ صرف لوٹ مار کا پیسہ بچانا چاہتے ہیں، سینیٹ الیکشن کے حوالے سے عدالتی رہنمائی کا احترام کریں گے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے مفادات ایک طرف ہیں اور ان کی سیاست دوسری طرف، ہم نے اپوزیشن کو چارٹر آف ڈیموکریسی کے مطابق موقع فراہم کیا، اپوزیشن بتا دے کہ ان کے مفادات، میثاق جمہوریت سے مطابقت نہیں رکھتے، پی ڈی ایم میں شامل کچھ عناصر سیاسی دکان چمکانے کیلئے اداروں پر تنقید کر رہے ہیں، اداروں پر بلاوجہ تنقید سے دشمن کے بیانیہ کی حمایت کی جا رہی ہے، پی ڈی ایم کے بعض لوگ بچگانہ بیانات دے رہے ہیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ ہماری درخواست پر جو رہنمائی فرمائے گی ہم اس کا احترام کریں گے، آئینی تشریح کیلئے عدالت جانے اور آئین میں ترمیم کے دو ہی راستے تھے، ہمارے پاس دو تہائی اکثریت نہیں ہے، ن لیگ اور پیپلز پارٹی جمہوریت کا راگ الاپتے، اوپن ووٹنگ کا مطالبہ کرتے رہے، اب ن لیگ اور پیپلز پارٹی اپنے وعدوں سے منحرف دکھائی دے رہے ہیں، وہ آج بھی کرپٹ پریکٹسز کو تحفظ دینا چاہتے ہیں، اپوزیشن کنفوژن کا شکار ہیں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود نے مزید کہا کہ فوج مغربی سرحد پر دہشتگردوں، بلوچستان میں امن دشمنوں سے برسرپیکار ہے، مشرقی سرحد پر انہیں آئے روز سیز فائر کی خلاف ورزیوں کا سامنا ہے، فوج حکومت کیساتھ وبائی چیلنج سے نمٹنے کیلئے کوآرڈینیشن اور معاونت میں مصروف ہیں۔