تحریر:سلمان احمد قریشی
ریاستِ پاکستان کے تحفظ اور افواجِ پاکستان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیلئے ملک بھر میں ضلعی سطح پر تمام شہروں میں ریلیوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ پریس کلبز کے باہر ہونے والے ان اجتماعات میں ہر جگہ ہزاروں مرد و خواتین شریک ہیں۔اس طرح ملک بھر میں مجموعی طور پر لاکھوں افراد نے افواجِ پاکستان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔
اوکاڑہ پریس کلب کے باہر بھی فوج کے ساتھ اظہارِ یکجہتی پاکستان زندہ باد ریلی میں ہزاروں خواتین اور مرد حضرات شریک تھے۔ مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ریاستِ پاکستان کے خلاف سازشں نامنظور، دفاعی اداروں کو کمزور کرنے کی سازش نامنظور، افواجِ پاکستان کی کردار کشی نا منظور، پاک فوج قوم آپ کے ساتھ ہے، پاک فوج کی قربانیوں کو سلام کے نعرے درج تھے۔ مظاہرے کی قیادت سول سوسائٹی کے افراد کر رہے تھے۔
ان ریلیوں کے ہزاروں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان کی عزت و وقار کے ساتھ پاکستان کا استحکام و تمکنت اور عوام کا تحفظ اور خوشحالی وابستہ ہے۔ مضبوط فوج ہی پاکستان کے تحفظ کی ضمانت ہے۔ تحفظِ پاکستان کیلئے پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے اس لیے پاک آرمی پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔ کچھ عناصر اپنی ذاتی خواہشات کی تکمیل کیلئے ریاستی اداروں کو روندنے کی جس روش پر چل رہے ہے وہ گھناؤنی سازش ہے۔ پاک فوج پوری دنیا میں پروفیشنل مہارت میں باوقار اور اعلیٰ ترین مقام رکھتی ہے اس ادارے کے خلاف رویہ نہایت قابلِ مذمت ہے۔ سوشل میڈیا پر سیاسی مفادات کے لیے فوج کے خلاف زہر اگلنے کی جو مہم چلائی گئی وہ ریاست مخالف پالیسی کا حصہ تھا۔ جس نے پوری قوم کو سخت اذیت سے دوچار کیا ہے۔ ملک گیر مظاہروں میں مجموعی طور پر لاکھوں افراد کی شرکت پوری قوم کی طرف سے افواجِ پاکستان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی ہے۔ ملک دشمن عناصر نے افواجِ پاکستان کے خلاف مزید زہر اگلنے کی کوشش کی تو عوام انہیں معاف نہیں کریں گے۔
قارئین کرام! پاکستان میں فوج ہی وہ ادارہ ہے جو مضبوط اورمنظم ہے جو اقوامِ عالم میں ایک بڑی عسکری طاقت کے طور پر مانا جاتا ہے۔دشمنان پاکستان کا پہلا ہدف افواجِ پاکستان ہی ہے۔ جن ممالک کی افواج کمزور ہوئیں وہ تباہ ہوگئے۔ عراق شام لیبیا کی مثالیں سب کے سامنے ہیں اندرونی خلفشار سے حکومت قائم رہی نہ ملکی حالات نارمل ہوئے۔پاکستان ایک ایسا ملک ہے جو اپنے قیام سے ہی ہمسایہ ملک سے خطرے کا سامنا کرتا آ رہا ہے۔ بھارت نے بہت ہی گھناونی سازش سے پاکستان کے اندرونی اختلافات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بنگلہ دیش علیحدہ کروا دیا۔یہ سازشیں آج بھی جاری ہیں۔ کبھی لسانیت کی بنیاد پر اور کبھی حقیقی آزادی کے نام پر فوج کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ آج سوشل میڈیا کے دور میں اس کے استعمال سے منظم مہم چلائی گئی۔
اندورنِ ملک سے بھی چند افراد دانستہ یا غیر دانستہ اس مہم کا حصہ بنے۔ سیاسی اختلافات کو بھی اداروں تک پہنچانے کی کوشش کی گئی۔ ایک سیاسی لیڈر کے لیے تنقید کا جواب دینے کے لیے ہزاروں ورکرز ہوتے ہیں۔ میڈیا کا استعمال کرنے والوں کی تمام وسائل پر مکمل دسترس ہوتی ہے لیکن ادارے اور انکے سربراہ خود جواب نہیں دے سکتے۔ سروسز کے قواعد و ضوابط ہوتے ہیں۔ملکی تاریخ میں پہلی بار ائی ایس پی آر کے ترجمان کے ساتھ آئی ایس آئی کے چیف کو میڈیا کے سامنے آنا پڑا۔ یہاں ایک امر تسلی بخش ہے کہ افواجِ پاکستان پر تنقید کا جواب سول سوسائٹی کی طرف سے بھرپور انداز میں آیا۔ عام پاکستانیوں نے سیاسی تعلق سے بالاتر ہو کر افواجِ پاکستان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔ اس اظہار کی مکمل عکاسی ملک بھر میں ریلیوں میں شرکا ء کی تعداد سے ہو رہی ہے۔