تحریر: سلمان احمد قریشی
پاکستان کے وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے 10 نومبر کو اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان کے ہمراہ پاک سعودی سپریم کوارڈینیشن کونسل کے ایک مشترکہ اجلاس کی صدارت کی، جس میں سیاست اور سکیورٹی سے متعلق تعاون پر بات چیت کی گئی۔اعلیٰ اختیاراتی پاک سعودی سپریم کوارڈینیشن کونسل کے قیام کی تجویز سعودی ولی عہد نے اکتوبر 2018 میں دی تھی، جس کا مقصد اہم شعبوں میں فیصلے کرنا اور پھر ان فیصلوں پر عمل درآمد کی کڑی نگرانی کرنا تھا۔ ریاض میں ہونے والا اجلاس دونوں ملکوں کے درمیان اعلیٰ سطح پر روابط کی ایک کڑی اور رواں ماہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے متوقع دورہِ پاکستان کے دوران ممکنہ دو طرفہ معاہدوں کی تیاری کا حصہ ہے۔اگرچہ سعودی ولی عہد کے دورہِ پاکستان کی تاریخوں کا باضابطہ اعلان تو نہیں کیا گیا لیکن یہ دورہ رواں ماہ کے آخری عشرے میں متوقع ہے۔ رواں ہفتے ہی مصر کے شہر شرم الشیخ میں عالمی ’کوپ 27 سمٹ‘ نامی عالمی ماحولیاتی کانفرنس کے موقع پر پاکستانی وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد سے ملاقات میں کہا تھا کہ شہزادہ محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ہو گا۔
پاکستان کے وزیرِ خزانہ نے گذشتہ ماہ پاک سعودی سپریم کوارڈینیشن کونسل کی پہلی مشترکہ اقتصادی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں اس توقع کا اظہار کیا تھا کہ سعودی ولی عہد کے آئندہ دورہِ پاکستان کے دوران ’اہم معاہدوں‘ پر دستخط متوقع ہیں۔2019 کے بعد سعودی ولی عہد کا پاکستان کا یہ دوسرا سرکاری دورہ ہوگا۔ جب دونوں ممالک نے 21 ارب ڈالر کے سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط کیے تھے، جس میں آئل ریفائنری کے قیام اور زراعت کے منصوبے شامل ہیں۔ دونوں ملکوں کے تعلقات کی مضبوط بنیاد کثیر الجہتی تعاون پر ہے اور پاکستان کی معاشی مشکلات سے نپٹنے میں بھی سعودی عرب نے ہمیشہ ساتھ دیا ہے۔رواں برس سے ہی سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ نے پاکستان کے مرکزی بینک میں تین ارب ڈالر جمع کرنے کی تصدیق کی تھی، جس کا مقصد پاکستانی روپے کی قدر کو مستحکم کرنا اور برادر اسلامی ملک کے زرِمبادلہ کے ذخائر کو ڈھارس دینا تھا۔
قارئین کرام! موجودہ وزیراعظم شہباز شریف نے وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد پہلا غیر ملکی دورہ سعودی عرب کا کیا تھا۔پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دہائیوں پر محیط برادرانہ تعلقات قیام پاکستان سے بھی قبل کے ہیں۔سنہ 1940 میں ولی عہد شہزادہ سعود بن عبدالعزیز کراچی کے دورے پر آئے جہاں آل انڈیا مسلم لیگ کی قیادت نے ان کا پرتپاک استقبال کیا تھا۔اسی دورے نے برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں اور سعودی عرب کے درمیان گہرے اور مضبوط رشتے کی بنیاد رکھی۔ دونوں ممالک کے درمیان گہرے تعلق کی داغ بیل اس وقت پڑی جب 1946 میں قائداعظم محمد علی جناح نے تحریکِ پاکستان کا ایک وفد اقوامِ متحدہ بھیجا جہاں سعودی عرب کے وفد کے سربراہ شہزادہ فیصل بن عبدالعزیز نے تحریکِ پاکستان کے وفد کو نہ صرف اقوامِ متحدہ میں متعارف کروایا بلکہ اقوامِ متحدہ میں مسلمانوں کے علیحدہ ملک کی تحریک اور قربانیوں کو اجاگر کیا۔ قیامِ پاکستان کے بعد سعودی عرب پہلا ملک تھا جس نے پاکستان کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا اور 1951 میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
ذوالفقار علی بھٹو جب برسرِ اقتدار آئے تو پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو مزید وسعت ملی اور برادرانہ تعلقات کو آگے بڑھاتے ہوئے سعودی فرمانرواں شاہ فیصل اور ذوالفقار علی بھٹو نے اسلامی تعاون تنظیم کو متحرک کر کے عالمی سطح پر ایک نئے افق پر لے گئے۔پاک سعودیہ مضبوط تعلقات کی زندہ مثالیں کراچی کی پہلی ہاؤسنگ سوسائٹی سعود آباد، شاہراہ فیصل کراچی، فیصل ٹاون کراچی، شاہ فیصل کالونی، اسلام آباد کی تاریخی فیصل مسجد اور لائل پور کا نیا نام فیصل آباد ہیں۔ یہ نام سعودی عرب کے ساتھ مضبوط تعلقات کی اہمیت کے طور پر سعودی فرمانروا شاہ فیصل کے نام سے منسوب کیے گئے۔سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان غیر معمولی تعلقات ہیں جن کی جڑیں دونوں کے عوام کے درمیان محبت میں گڑی ہیں اور اسی وجہ سے قیادت میں ہونے والی تبدیلیوں سے محفوظ ہیں۔ سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کی معیشت، استحکام اور اس عوام کی فلاح و بہبود میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔ یہ ایک قابلِ فخر روایت ہے۔
سعودی عرب میں لگ بھگ 25 لاکھ پاکستانیوں کا دوسرا گھر ہے، جہاں وہ حصولِ روزگار کے لیے مقیم ہیں اور بیرونِ ملک پاکستانیوں کی جانب سے بھیجے جانے والے زرِمبادلہ کا سب سے بڑا حصہ سعودی عرب میں موجودہ پاکستانیوں کا ہی ہوتا ہے۔ اس حوالہ سے بھی سعودی عرب پاکستان کے لیے بہت اہم ہے۔سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا متوقع دورہ جہاں ایک مضبوط پاک سعودی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے وہاں مستقبل کی راہیں متعین کرتا ہوا بھی دکھائی دیتا ہے کہ جدید دَور کے تقاضوں اور مستقبل کے چیلنجز کو مدِ نظر رکھتے ہوئے پاک سعودیہ تعلقات کو استوار کرکے ہی آگے بڑھا جا سکتا ہے۔ سعودی عرب میں جن یادداشتوں پر دستخط کئے گئے ہیں وہ پاکستان اور سعودی عرب دونوں ممالک کے ان عزائم کی نشاندہی بھی کرتے ہیں کہ دونوں ممالک باہمی تعلقات کو بھی مزید استحکام اور دوام بخشنے کے بھی خواہاں ہیں۔سعودی ولی عہد کے متوقع دورہ سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہونگے۔