شہباز شریف کے میڈیا ٹرائل کی باتیں وزیراعظم ہاؤس میں ہوئیں: مریم اورنگزیب
مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ شہباز شریف کے میڈیا ٹرائل کی باتیں وزیراعظم ہاؤس میں ہوئیں، ڈی میل کی سٹوری کے سہولت کار عمران خان اور شہزاد اکبر تھے، برطانوی عدالت نے تمام الزامات کے ثبوت مانگ لئے۔
ترجمان پاکستان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیلی میل کی سٹوری پلانٹڈ تھی، شہباز شریف میڈیا ٹرائل کی باتیں وزیراعظم ہاؤس میں ہوئیں، شہباز شریف نے کہا اگر ایک دھیلے کی کرپشن ثابت ہو جائے تو وہ سیاست چھوڑ دیں گے، ان پر الزام لگایا گیا کہ زلزلہ زدگان کے فنڈز میں سے کمیشن لیا، کیا شہباز شریف پر جو الزامات لگائے گئے اس کے کوئی ثبوت ہیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ڈیلی میل کی سٹوری کے سہولت کار عمران خان، شہزاد اکبر تھے، شہباز شریف نے ڈیلی میل کی سٹوری کیخلاف مقدمہ کیا، ڈیلی میل کی سٹوری پر پہلے مرحلےمیں ہتک عزت کی درخواست پر فیصلہ آیا، کل عدالت نے ڈیلی میل سے لگائے گئے الزامات کا ثبوت مانگا، احتساب کے مشیر کا جھوٹ بولنے کیلئے تقرر کیا گیا، قسمیں کھا کر رانا ثنا اللہ کی گاڑی سے ہیروئن برآمد ہونے کا دعویٰ کیا گیا، آپ خود کبھی بریف کیس اور براڈ شیٹ میں کمیشن لیتے پکڑے جاتے ہیں۔
لیگی رہنما نے مزید کہا کہ شہزاد اکبر نے نیب میں قیدیوں کو ہراساں کر کے بیانات لکھوائے، عمران خان اپنی چوری چھپانے کیلئے دوسروں پر الزامات لگاتے ہیں، انہوں نے ملتان میٹرو اور اورنج لائن کو متنازعہ بنا دیا، 6 سال ہوگئے ابھی تک فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ نہیں ہوا، خود آٹا، چینی چوری کرو اور دوسروں پر الزامات لگاؤ، عمران خان اپنی چوری، ڈاکے چھپانے کیلئے دوسروں پر الزامات لگاتے ہیں۔