پاک چین دوستی کی گہرائی
تحریر: سلمان احمد قریشی
پاکستان اور چین دوستی کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔ یہ دوستی برسوں پر محیط ہے جو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہوتی جا رہی ہے۔چین پاکستان تعلقات ایسے تعلقات نہیں ہیں جنہیں صرف مفادات پر مبنی قرار دیا جاسکے۔مغرب میں دو ممالک کے تعلقات کو مفادات سے جوڑا جاتا ہے جبکہ چین پاکستان تعلقات کو رومانوی بین الاقوامی تعلقات قرار دیا جاتا ہے۔دونوں ممالک میں یہ تعلقات پچھلی سات دہائیوں پر محیط ہیں۔ اس تعلق کی جڑیں نہایت گہری اور پائیدار ہیں۔پاکستان مسلم دنیا کا پہلا ملک تھا جس نے چین کو تسلیم کیا۔ اس سفارتی پیش قدمی کو چین نے کبھی نہ بھلایا۔ذوالفقار علی بھٹو کو پاک چین دوستی کا معمار کہا جاتا ہے۔آنجِہانی سوشلسٹ رہنما چیرمین کی ماوزے تنگ کیپ پاکستان میں ماو کیپ کے نام سے بھٹو دور میں عوام میں مقبول رہی۔ ذوالفقار علی بھٹو کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ وہ آخری بین الاقوامی شخصیت تھے جنہیں چیرمین ماوزے تنگ سے سرکاری ملاقات کا موقع دیا گیا اسکے بعد چینی حکومت نے کسی ملاقات کا اہتمام نہیں کیا۔
پاکستان اور چین کے درمیان نہایت قریبی، سیاسی، معاشرتی اورمعاشی تعلقات کی بنا پر عوامی سطح پر قائم ہے۔ اس دوستی پر فخر کیا جاتا ہے۔ چین نے پاکستان کی ہر شعبے میں مدد کی۔ اس وقت چین پاکستان کا دوسرا بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ نہ صرف یہ بلکہ چین کی اس وقت سب سے بڑی سرمایہ کاری پاکستان میں ہے۔ دونوں ممالک کی مشترکہ تجارت کا حجم 18بلین ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔چین کی پاکستان میں سب سے بڑی سرمایہ کاری پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کی شکل میں شروع ہوئی ہے۔ سی پیک سے پاکستان کا چین کے مغربی سنکیانگ صوبے سے بذریعہ شاہراہ رابطہ ہو جائے گا۔ جس سے معاشی ترقی کا ایک نیا دور منسلک ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ سی پیک منصوبہ سے پاکستان کے توانائی کے مسائل حل ہو جائیں گے اور اس کے ساتھ یہ منصوبہ شاہراہوں اور ریلویز کا ایک جال بچھا دے گا۔ سی پیک کے منصوبے کی بنیاد 2013میں رکھی گئی۔اس منصوبہ کے لیے سابق صدر آصف علی زرداری نے چین کے متعدد دورے کیے۔ان دوروں کے ثمرات 2016میں سی پیک کے منصوبہ کے آغاز کی صورت میں سامنے آئے۔چین کے حوالے سے سب کی پالیسی یکساں تھی اور آج بھی ملک کی سیاسی جماعتیں، ان کی قیادت اور مقتدر ادارے سب اس حوالے سے ایک پیج پر ہیں
دوستانہ مراسم کے سفر میں تواتر کے ساتھ آنے والی حکومتیں جن میں ذوالفقار علی بھٹو، میاں نواز شریف، محترمہ بے نظیر بھٹو، عمران خان کے علاوہ جنرل ضیاء الحق اور جنرل پرویزمشرف کی غیرجمہوری حکومتیں بھی شامل تھیں،پاکستان میں حکومتیں بدلتی رہیں لیکن پاک چین دوستی مضبوط سے مضبوط تر ہوتی گئی۔چین نے پاکستان کی ٹیکنالوجی، ہتھیار اور سرمایہ کاری کی فراہمی اور مختلف بحرانوں سے نکلنے میں مدد کی۔اسی لیے کہا جاتا ہے کہ پاک چین دوستی سمندر سے گہری ہمالیہ سے اونچی ہے۔ چین، ہمارے دسترخوانوں، کہانیوں کی کتابوں، کپڑوں کی الماریوں اور گلیوں بازاروں میں سالہا سال سے موجود ہے۔ ہر بڑے شہر میں چائنہ ٹاؤن موجود ہے۔
قارئین کرام! وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں میں غیر ملکی عہدیدار اور سفارتی شخصیات ملاقاتوں اور پروگرامز میں شرکت کرتے ہیں یہ سرگرمیاں معمول ہیں،لیکن عوامی جمہوریہ چین سے ہمارے تعلقات اس نوعیت کے ہیں کہ چینی قونصل جنرل ژاوشائراین مقامی ایم پی اے چوہدری منیب الحق کی دعوت پر اوکاڑہ تشریف لائے۔گزشتہ سال بھی اسی طرح کی ایک تقریب اوکاڑہ میں ہوئی تھی۔سفارت کار بہت کم چھوٹے شہروں کا رخ کرتے ہیں اور اس نوعیت کی تقریبات میں شریک ہوتے ہیں۔عوامی جمہوریہ چین کے قونصل جنرل ژاوشائراین نے اوکاڑہ میں زرعی آلات کی مارکیٹ کا دورہ کیا اور جدید طریقے سے آلات بنانے میں تعاون کی پیشکش کی۔ ایم پی اے منیب الحق کی طرف سے منعقدہ تقریب میں چینی قونصل جنرل ژاو شائراین کی پنڈال میں آمد پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔انہوں نے طلبہ میں وظائف اور سیلاب ذدگان کے لیے فنڈز اکھٹا کرنے والے مقامی تاجران میں اعزازی اسناد تقسیم کیں۔اس موقع ژاوشائراین کا کہنا تھا کہ پاک چین کی مثالی دوستی ہمیشہ قائم رہے گی اور ہم پاکستان کی معاشی مضبوطی میں ہر سطح پر کردار ادا کرتے رہیں گے۔ تقریب کے اختتام پر ایم این اے ریاض الحق،ایم پی اے چوہدری منیب الحق اور صدر غلہ منڈی چوہدری حبیب الحق نے قونصل جنرل ژاو شائراین اور ان کے ساتھ آنے والے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا تقریب میں سابق کونسلر سہیل اشرف، سیاسی، سماجی شخصیات و شاعر وادیب آفاق منظر سمیت معزز شہریوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ قونصل جنرل ژاو شائراین کا کہنا تھا دونوں ممالک کے عوام بہت قریب آرہے ہیں کیونکہ چین کے طالب علم اردو زبان میں دلچسپی لے رہے ہیں اور پاکستانی طالب علم بھی تیزی سے چینی زبان سیکھ رہے ہیں۔پاک چین راہداری کی تکمیل سے نوجوان نسل کو روزگار کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔۔ بلاشبہ یہ ایک خوبصورت تقریب تھی جس میں پاک چین دوستی کے رنگ نظر آئے۔ہمیں یاد نہیں کہ اوکاڑہ میں غیر ملکی سرکاری شخصیات نے کسی تقریب میں شرکت کی ہو اور عام پاکستانیوں کو غیر ملکی مہمانوں کو سننے اور ان سے بات کرنے کو موقع ملا ہو۔یہ پاک چین دوستی کی گہرائی ہے کہ بیجنگ کا نمائندہ اوکاڑہ کی عوام تک رسائی رکھتا ہے۔عام پاکستانی چینی مہمانوں کو ہر سطح پر ویلکم کرتے ہیں۔ پاک چین دوستی کو ہر سطح پر قدرومنزلت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
پاکستان اور چین کے مابین دوستی اور تعلق کے رشتے کی دنیا میں کوئی اور مثال نہیں ملتی۔پاک چین تعلقات دوہمسایہ ممالک کے مابین عام دوستی سے بڑھ کرہیں اور ان دونوں ممالک کے مابین تعلقات و دوستی کے رشتے کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ دونوں ممالک کے مابین اعتماد، یقین اور باہمی احترام کا رشتہ دراصل محبت، خلوص اور پیار کی کہانی ہے۔ اس عرصہ میں دنیا میں بہت سی تبدیلیاں رونما ہوئیں لیکن چین ہمیشہ پاکستان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا رہا ہے۔ عالمی امور میں اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل جیسے اداروں میں چین نے پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کیا اور اس کے موقف کی تائید کی۔ جنگ ہو یا امن یا کوئی قدرتی آفت چین نے مخلص دوست کی طرح پاکستان کا ساتھ نبھایا ہے۔ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے سفر میں چین کے ناقابل فراموش کردار کو سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ دونوں ممالک کے مابین دوستی کا رشتہ محبت کی حقیقی کہانی ہے۔ دنیا پاک چین دوستی اور دونوں ممالک میں معاشی تعاون کی اس کہانی کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔