• ہمارے رویئے اور کرپشن

    تحریر:سلمان احمد قریشی

    ملکی سیاست میں سیاسی مخالفین پر کرپشن کے الزامات اور لیڈر شِپ کی کردار کشی کی روایت پرانی ہے۔6 اگست 1990کو اس وقت کے صدر غلام اسحاق خان نے پی پی پی کی حکومت کو کرپشن کے الزامات لگا کرختم کی تھی۔ اس کے بعد 1993میں نواز شریف کی حکومت کو بھی انہی الزامات کی بنیاد پر فارغ کیا گیا۔1999، 1999,,2008 اور 2013 سب حکومتوں پر کرپشن کے الزامات لگائے گئے۔احتساب نیب، گرفتاریاں اور سب کو ضمانتیں بھی ملتی رہیں۔ کسی ایک رہنما کو بھی کرپشن کے الزامات ثابت ہونے پر سزا نہیں ہوئی۔ سب کا ایک ہی جواب ہے کہ یہ مقدمات سیاسی انتقام کا نتیجہ تھے۔ پانامہ لیکس، پیراڈائیز لیکس میں پاکستانی سیاستدانوں کے نام سامنے آئے لیکن یہاں لیڈرز سے محبت میں سب کچھ مسترد کر دیا گیا۔الیکشن، سلیکشن کچھ بھی کہہ لیں میوزیکل چیئر کا کھیل جاری رہا۔ ایک صادق اور امین لیڈر آیا وہ بھی کرپٹ پریکٹس میں نااہل ہوا۔ الغرص سب کے سب سیاستدان معصوم اور بے گناہ ہیں۔ کسی نے کرپشن نہیں کی۔یہاں صرف کرپشن کے خلاف ایک بیانیہ بنایا گیا۔ سیاسی رہنما ادھر سے ادھر ہوتے رہے۔ کچھ وقت کے لیے زیر عتاب آئے پھر اقتدار مقدر بنا۔ ایک دلچسپ فقرہ بَرمحل ہے کہ پولیس ہمیشہ سیاست دانوں کے ساتھ ہے اقتدار میں ہیں تو پروٹوکول اور رعب کے لیے ان کے آگے اور اگر یہی رہنما اپوزیشن میں آئیں تو ان رہنماوں کے پیچھے گرفتاری کے لیے متحرک ہوتی ہے۔پوری دنیا میں پاکستان کا نظام کرپٹ قرار دیا جاتا ہے اور ہم پانامہ کیس کو اقامہ قرار دے کر مصعومیت کا سرٹیفکیٹ دیتے نہیں تھکتے۔ کسی کو اپنے لیڈر کے ایماندار ہونے پر ناز ہے۔ بے شک توشہ خانہ کیس کا فیصلہ بھی آیا۔
    قارئین کرام! ہم کیسے مصعوم لوگ ہیں۔ شخصیت پرستی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ ملک برباد ہو گیا لیکن سیاسی وفاداریاں نبھائے جا رہے ہیں۔نہیں سوچتے کہ سیاستدانوں کے ساتھ ملک کو چلانے والی بیوروکریسی کنتی مضبوط ہے کیا کرپشن کرنے پر قابلِ گرفت بھی ہیں۔۔۔؟ سب ایک دوسرے کے دست و بازوں ہیں۔ الزامات لگاتے جائیں اور سیاسی نعروں کی بنیاد پر انسان سے فرشتہ اور نیک نامی سے بدنامی تک مخالفین کو پہنچانا ہی ہمارا کردار رہ گیا ہے۔ میگا پروجیکٹس میں کمیشن طاقتور کی موجیں ہیں۔سیاسی ڈرائی کلین مشین بھی خوب کام دیتی ہے۔ منی لانڈرنگ کے الزامات ختم، اقتدار اور ایمانداری ایک ساتھ قسمت میں لکھ دیے جاتے ہیں۔ عام آدمی کے نصیب ہیں کہ جاگتے ہی نہیں۔ کوئی آیا اور کوئی گیا ا یسے ہی پاکستان چلتا رہا۔ حمزہ شہباز نے پاکستان کے نونہالوں کو درس دیا تھا کرپشن ہوتی ہے ملک چلتا رہتا ہے۔ حقیقت میں ایسا ہی ہے۔ سب کچھ ایک ساتھ چل رہا ہے ہاں ایک الگ بات ہے پاکستان آگے کی بچائے پیچھے کی طرف چل نکلا۔
    ملکی سطح کی کیا بات کریں یہاں اضلاع کی سطح پر ایسی خبریں آتی ہیں کہ ضلعی افسران ہی سب کچھ ہڑپ کر لینا چاہتے ہیں۔ اوکاڑہ سے خبر آئی کہ اسپیشل ایجوکیشن اسکولوں کے بجٹ میں گھپلوں کا انکشاف سامنے آیا۔ قوتِ سماعت سے محروم طالبِ علموں کو گزشتہ پانچ ماہ سے وظیفہ نہیں دیا گیا۔ گاڑیوں میں ڈالنے کے لیے ڈیزل بھی بند کر دیا گیا۔اوکاڑہ ضلع کے 8 سکولوں کے 13 سو طالب علموں کو سکول لانے والی گاڑیاں بند ہوگئیں۔ سکولوں میں قوتِ سماعت سے محروم طالبِ علموں کی تعداد آدھی رہ گئی۔ پٹرول پمپوں پر عدم ادائیگی کی وجہ سے ڈیزل مہیا نہیں کیا جا رہا ہے۔ جون کے بجٹ میں خرید کیے گئے طالبعلموں کے یونیفارم اور جوتے اب تقسیم کیے جا رہے ہیں۔محکمہ تعلیم کے سی ای او نے کمیشن لینے کے لیے مبینہ طور پر تین کروڑ مالیت کا نیا ٹینڈر جاری کر دیا۔ ان تفصیلات کے سامنے آنے کے بعد وہی روایتی خبر سے معاملہ پس منظر میں چلا جائے گا کہ ڈی سی اوکاڑہ نے انکوائری کمیٹی قائم کر دی۔ فوری ایکشن لیتے ہوئے احکامات جاری کردئیے۔ ہمیں احساس ہی نہیں کہ قوتِ سماعت سے محروم طالبِ علموں کے والدین کو کس پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔۔۔؟ خبر مکمل ہوتی ہے کہ کمشنر ساہیوال اور ڈپٹی کمشنر نے فوری طور پر نوٹس لے لیا۔ اس خبر سے قبل رواں ماہ ہی ڈی ایچ کیو ہسپتال میں بے ضابطگیاں اور کروڑں کے گھپلے سامنے آئے۔ ایم ایس تبدیل، انکوائری کمیٹی قائم اور سخت سزائیں دینے کے اعلانات اور بیانات شائع و نشر ہوئے۔
    عام فہم بات ہے کہ ایکشن ہوتے اور کرپٹ عناصر کو سزائیں ملتی تو یہ معاملات کم سے کم ہوتے جاتے لیکن صورتحال اس کے برعکس ہے۔ صوبائی اور قومی سطح پر اگر جائزہ لیں اور اخباری خبروں کی بنیاد پر ہی کاروائی کی روایت ہوتی تو اضلاع میں صورتِ حال بہتر ہوتی لیکن ہمارے ہاں سب چلتا ہے۔ ایک دوسرے کی نظروں میں سب چور ہیں اور اپنے تئیں سب ایماندار، کرپشن آرٹ بن چکی ہے۔ اور ہم سب آرٹسٹ ہیں۔ دیکھنے والا اپنی نظر سے دیکھتا ہے کسی کو اس میں خرابی نظر آتی ہے اور کچھ اس کو روایتی آرٹ سمجھ کر قبول کر لیتے ہیں۔ ایسے میں پاکستان سے کرپشن کیسے کم کی جا سکتی ہے، ہم ختم کرنے کی تو بات ہی نہیں کررہے۔کرپشن ہمارا حق اور تنقید فرض ہے اس لیے سب کچھ ایسے ہی چلتا رہے گا۔ قانون کا دائرہ کمزوروں کے لیے بہت تنگ ہے جبکہ طاقتور حلقے اس سے نکلنے کا راستے جانتے ہیں۔ سخت احکامات یا قانون تب تک بے بس ہے جب تک ہم کرپشن کو ناجائز اور جہنم کی آگ نہیں سمجھتے۔اینٹی کرپشن کے حوالہ سے قوانین موجود ہیں معاملہ صرف قانون کی عملداری کا ہے۔ اخلاقی پستی کو بلندی میں تبدیل کرنے کی جستجو کا ہے۔ جب ہم بحیثیت قوم اپنا مزاج تبدیل کریں گے بہتری کے آثار نمایاں ہونے شروع ہو جائیں گے۔ دوسروں کے لیے جج اور اپنے لیے وکیل بننے کی روش ترک کر دیں تو سب کچھ صاف نظر آنے لگے گا۔

    240 مناظر