تحریر: سلمان احمد قریشی
امریکی انتظامیہ بدلتے عالمی حالات میں اپنی کمزور ہوتی پوزیشن پر اضطراب کا شکار ہے۔ غصہ اور جھنجلاہٹ امریکی رہنماوں کے بیانات سے عیاں ہے۔ روس یوکرائن تنازعہ کے اثرات عالمی سیاست میں گہرے ہوتے جا رہے ہیں۔ امریکہ اور اسکے مغربی اتحادی دراصل روس کے بڑھتے قدم روکنا چاہتے ہیں لیکن روس اب کسی مصلحت کو خاطر میں لانے کو تیار نہیں۔ روس کا موقف ہے کہ یوکرائن پر جنگ مسلط نہیں کی گئی بلکہ اپنے دفاع کے لیے مخصوص اہداف پر اسٹرائیک ضروری تھی۔ اگر نیٹو یا کوئی ملک براہِ راست یوکرائن کی مدد کو آتا ہے تو اسے روس پر حملہ سمجھا جائے گا پھر باقاعدہ جنگ ہو گی۔ یہ جنگ تیسری عالمی جنگ بھی ہو سکتی ہے۔ ایٹمی ہتھیار کے استعمال کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا۔ روس یوکرائن تنازعہ پر پاکستان کے وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو نے امریکہ اور اسکے اتحادیوں کو بہترین جواب دیا۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر پر ان ممالک کے دوٹوک موقف نہ ہونے کو بنیاد بنایا۔امریکہ کے لیے پاکستان کا یہ موقف قابلِ قبول نہیں۔ امریکہ ہر معاملہ میں اپنے موقف کی تائید کی خواہش رکھتا ہے۔ آزاد خارجہ پالیسی کا تصور امریکہ کے نزدیک مخالفت کا درجہ رکھتی ہے جبکہ ذمہ دار ریاستیں اپنے مسائل اور علاقائی تنازعات کے حل کی بنیاد پر ہی فیصلہ کرتی ہیں۔عالمی سیاست میں دوستی اور مخالفت ریاستی مفادات کے تابع ہوتے ہیں۔ پاکستان نے ماضی کے تلخ تجربات سے بہت کچھ سیکھا ہے۔ آج پاکستان میں ایبسولیوٹلی ناٹ مقبول عام نعرہ ہے۔ اس نعرہ کا عملی مظاہرہ ریاستِ پاکستان نے کیا۔ حکومت پاکستان تنازعات کا حل چاہتی ہے تنازعات کا حصہ بننا اب پاکستان کی پالیسی نہیں۔ وزیرِ اعظم عمران خان روس کے دورہ پر گئے حکومت تبدیل ہونے کے بعد وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو نے اسکا دفاع کیا۔
پاکستان کے بہت سے داخلی مسائل ماضی کی خارجہ پالیسی کا نتیجہ ہیں۔ ان مسائل کا حل بیانات اور ایک فِقرے کی گردان سے ممکن نہیں۔ خارجہ پالیسی کی ازِسر نو تشکیل اور کردار وقت کا تقاضا تھا۔ سیاسی اور عسکری قیادت نے باہم مشاورت سے ایک تبدیل خارجہ پالیسی اپنائی۔ وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو نے 6 ماہ کے دوران پاکستان کا موقف دنیا تک بہتر انداز میں پہنچایا۔ملکی اور بین الاقوامی سطح پر بلاول بھٹو کو خوب پذیرائی ملی۔ یاد رہے امریکی صدر جوبائیڈن نے ڈیموکریٹک کانگریشنل کمپین کمیٹی میں خطاب کے دوران الزام عائد کیا تھا کہ پاکستان خطرناک ترین ممالک میں سے ایک ہے کیوں کہ اس کا ایٹمی پروگرام بے ترتیب ہے۔جوبائیڈن نے چین سے متعلق سوال پر پاکستان کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں بہت کچھ ہو رہا ہے لیکن امریکا کے پاس صورتِ حال تبدیل کرنے کے مواقع موجود ہیں۔انہوں نے روس اور چین کے ساتھ پاکستان کو بھی لپیٹ میں لیتے ہوئے پاکستان کے ایٹمی اثاثوں کو غیر منظم قرار دیا تھا۔امریکی صدر جو بائیڈن کے متنازع بیان کے بعد امریکی وزراتِ خارجہ نے واضح کیا ہے کہ امریکا پُراعتماد ہے کہ پاکستان اپنے ایٹمی ہتھیاروں کی حفاظت کر سکتا ہے۔ ترجمان امریکی وزراتِ خارجہ ویدانت پٹیل نے کہا ہے کہ امریکا ہمیشہ ایک محفوظ اور خوشحال پاکستان کو اپنے مفادات کے لیے اہم سمجھتا ہے، امریکا پاکستان کیساتھ طویل مدتی تعاون کی قدر کرتا ہے۔
قارئین کرام! وزیرِ اعظم شہباز شریف اور وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے امریکی صدر کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کے جوہری اثاثے بالکل محفوظ اور عالمی قوانین کے عین مطابق ہیں، ہمارے جوہری اثاثے اپنے ملک کی سالمیت کے لیے ہیں ناکہ کسی ملک کے خلاف جارحیت کے لیے۔سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے بھی پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے محفوظ ہونے کا بیان دیا لیکن ساتھ ہی پاکستانی سفارتی کامیابیوں کو امریکی صدر کے اس بیان کے سامنے آنے پر ناکام بھی قرار دے دیا۔پاکستان میں امریکی صدر کے مذکورہ بیان پر سخت الفاظ میں مذمت کی گئی۔ وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ پاکستان اپنی سالمیت کے لیے پُرعزم ہے، ایٹمی پروگرام کا سسٹم محفوظ ہے، امریکا کو پاکستان کے ایٹمی پروگرام پر سوال اٹھانے کی بجائے پڑوسی ملک کے پروگرام پر سوال اٹھانا چاہیے۔وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ جوبائیڈن کے بیان پر حیران ہوں۔
بلاول بھٹو نے یہ بھی کہا کہ مجھے نہیں لگتا اس بیان سے دونوں ممالک کے تعلقات پر منفی اثرات پڑیں گے، اگر کسی ملک کے ایٹمی ہتھیاروں پر سوال اٹھنا چاہئیے تو وہ بھارت ہے، حال ہی میں بھارت سے ایک میزائل فائر ہو کر پاکستان کی حدود میں گِرا تھا۔ ڈیموکریٹک پارٹی کے سینیئر سینیٹر کرِس وان ہالن نے پاکستان پر امریکی صدر کے بیان کے حوالے سے کہا ہے کہ جو بائیڈن انتظامیہ بھی پاکستان کے ساتھ امریکا کے مضبوط تعلقات چاہتی ہے۔ صدر بائیڈن کا بیان بیساختہ تھا، امریکی پالیسی میں کوئی رد و بدل نہیں، امریکی محکمہ خارجہ کی وضاحت سے لگتا ہے کہ صدارتی بیان جان بوجھ کر نہیں دیا گیا تھا، پاکستان کے ساتھ مربوط و مستحکم تعلقات کے خواہاں ہیں۔ یاد رہے پاکستان کے وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو کا پہلا ردِ عمل بھی یہی تھا اس وقت اس ردِ عمل کو نرم قرار دیا گیا ناقدین نے اس پر تنقید بھی کی۔وزیرِ خارجہ پاکستان بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ امریکی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کر کے وضاحت کا موقع دیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ ایک غیر رسمی تقریب میں صدر بائیڈن نے یہ بیان دیا جو کوئی قوم سے خطاب یا باقاعدہ تقریب نہیں تھی۔انکا کہنا تھا کہ ’ہمیں سازشی نظریات سے گریز کرنا چاہیے۔ ہم پاکستان کے مفاد کا تحفظ کرنا جانتے ہیں۔ اگر ہم محسوس کرتے کہ ایسا کوئی دباؤ ہے تو اسے عوام کے سامنے لایا جائے گا۔ ہمارا اور امریکہ کا اپنا اپنا مؤقف ہے۔ ہمیں دنیا کے ساتھ مثبت انداز میں روابط قائم کرنے چاہیے۔‘بلاول نے یہ بھی کہا کہ ’اگر یہ معاملہ امریکہ کی ترجیح ہوتا تو اسے امریکی وزیرِ خارجہ اور دیگر ملاقاتوں میں اٹھایا جانا چاہیے تھا۔
اب امریکی حکام نے صدر بائیڈن کے بیان کو بے ساختہ اور پالیسی سے ہٹ کر قرار دے دیا۔ سفارتی سطح پر بھارت کو ایک اور ناکامی کا سامنا کرنا پڑا امریکی انتظامیہ نے بھارتی اعتراض مستردکرتے ہوئے ایف سولہ طیاروں کی مرمت کے پیکچ کی منظوری دے دی۔دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف بھی کیا گیا۔دو دن سے پاکستان کے حق میں بیان آرہے ہیں۔یہ وضاحت اس نظریہ کو درست ثابت کرتی ہے کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کامیاب ہے۔دنیا پاکستان کے موقف کو درست تسلیم کرتی ہے۔ ہمیں آزاد خارجہ پالیسی کو جاری رکھنا چاہیے۔ پاکستان ایک ذمہ دار جوہری ریاست ہے۔ سیاسی اور فوجی قیادت نے دنیا پر واضح کر دیا کہ ایٹمی اثاثے محفوظ ہیں۔اب یہ سیاسی رہنماوں کی ذمہ داری ہے کہ جہاں تک ہو سکے سیاسی اختلاف کو ملکی مفادات اور ملکی معاملات سے دور رکھیں۔ دنیا پاکستان کو کبھی بھی نظر انداز نہیں کر سکتی۔