• ضمنی انتخابات کون جیتا کون ہارا

    تحریر۔جاوید کمیانہ

    گزشتہ روز آٹھ قومی اور تین صوبائی نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوئے،آٹھ میں سے سات نشستوں پر تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان خود الیکشن لڑ رہے تھے جبکہ ملتان کی نشت پر تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی صاحبزادی میدان میں اتری تھیں اسی طری تین صوبائی نشتیں وہ تھیں جو مسلم لیگ ن کی اپنی جیتی ہوئی تھیں۔نتائج کے مطابق آٹھ قومی اسمبلی کی نشستوں میں سے دو پر پاکستان پیپلز پارٹی نے میدان مار لیا جبکہ باقی چھ سابق وزیراعظم عمران خان کے حصے میں آئیں۔اب ذرا ہر سیاسی جماعت کی کارکردگی پر ایک نظر دوڑائیں تو پاکستان پیپلز پارٹی نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے تحریک انصاف کی دو نشستیں ان سے چھین لیں دوسری طرف تحریک انصاف نہ صرف باقی اپنی نشتیں بچانے میں کامیاب ہوئیں بلکہ مسلم لیگ ن کی دو صوبائی نشستیں بھی لے اڑی اور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور مسلم لیگ ن،جے یو آئی،اے این پی اور ایم کیو ایم کے ہاتھ خالی رہے۔حکومتی اتحاد میں شامل سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ ن کی کارکردگی صفر رہی اور اس کی کیا وجوہات ہیں ؟ پہلے نمبر پر تو مسلم لیگ ن کی کسی قدآور شخصیت کو اس ضمنی انتخابات کی انتخابی مہم حصہ لیتے نہیں دیکھا گیا مریم نواز لندن اور حمزہ شہباز گھر پر مقیم رہے جبکہ عمران خان مسلسل اپنے ورکرز کے ساتھ رابطے اور سڑکوں پر رہے جس کا پھل ان کو مل گیا دوسری بات بظاہر حکمران اتحاد پی ڈی ایم سیاسی اتحادی ضرور ہیں مگر کسی ایک سیاسی جماعت کا ورکر دوسری جماعت کے امیدوار کو ووٹ ڈالنے میں ہچکچاہٹ محسوس کرتا ہے مثال کے طور پر دائیں بازو کے جماعت اے این پی کا ووٹر لبرل جماعت اے این پی کے امیدوار کو ووٹ نہیں ڈالتا باوجود اس کے کہ ان کو جماعت کی طرف سے ہدایات کیوں نہ ہوں اسی طرح مسلم لیگ ن کا ورکر پی پی کو اور پی پی کا ووٹر مسلم لیگ ن کے امیدوار کو ووٹ ڈالنے سے قاصر رہا،تیسری اہم بات کہ مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف جب تک عملی طور پر سیاسی ہوم گراؤنڈ پر جلوہ افروز نہیں ہونگے وہ عمران خان کا مقابلہ نہیں کر سکتے اور اگر میاں نواز شریف اور مسلم لیگ ن کے ذہن میں ہے کہ آئندہ ہونے والے جنرل انتخابات سے کچھ عرصہ قبل میاں صاحب واپس آ کر انتخابی مہم کا حصہ بنیں گے تو اس وقت اتنی دیر ہو چکی ہو گی کہ شاید مطلوبہ اہداف حاصل نہ کر سکیں۔اب جائزہ لیتے ہیں کہ تحریک انصاف بالخصوص مسلم لیگ ن کو کیوں پچھاڑ رہی ہے تو جب تحریک انصاف کی حکومت تھی تو مسلم لیگ ن تمام ضمنی انتخابات جیت گئی تھی بنیادی وجہ یہ تھی کہ اس وقت مسلم لیگ ن نے اینٹی اسٹیبلشمنٹ بیانیہ اپنایہ ہوا تھا جبکہ آج خان صاحب نے اینٹی اسٹیبلشمنٹ اور اینٹی امریکہ بیانیہ ٹاپ ٹرینڈ بنایا ہوا ہے جس کا وہ بھر پور فائدہ حاصل کر رہے ہیں باوجود اس کے کہ 2018 کے عام انتخابات میں عمران خان کے ساتھ اسٹیبلشمنٹ تھی آج وہ کوسوں دور ہے مگر عمران خان کی کارکردگی پہلے سے بہتر ہی اس کی دو وجوہات میں عرض کر چکا ہوں۔حکومتی اتحاد دل بہلانے کے لیے جتنا مرضی شور کرتا رہے کہ عمران خان اپنی دو حاصل شدہ نشستیں ہار گئے ہیں یا تحریک انصاف کی صوبائی حکومتوں کو مورد الزام ٹھرائے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں حکومتی مشینری استعمال کی گئی مگر حقائق کو تسلیم کرنا پڑے گا اور پی ڈی ایم میں شامل جے یو آئی ،عوامی نیشنل پارٹی اور سب سے بڑی سیاسی جماعت مسلم لیگ ن کو اپنا احتساب کرنا ہوگا تا کہ آئندہ ہونے والے عام انتخابات میں سیاسی ازالہ کر سکیں ورنہ سب سے پہلے مسلم ن لیگ بعد ازاں دیگر چھوٹی جماعتوں کی سیاسی موت صاف دکھائی دے رہی ہے۔اور دوسری طرف مسلم لیگ ن کو چاہیے وہ عوام کو مہنگائی کے ٹائی ٹینک سے بحفاظت اتار کر زندگی کے پرسکون ساحل کی طرف دھکیلے ورنہ ضمنی انتخابات کے مسلسل نتائج کی طرح عوام اپنا حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے ان سیاسی جماعتوں کو واپس سمندر میں دھکیل دے گی۔۔۔۔۔۔

    216 مناظر