شہباز شریف نے ٹرانسپرنسی رپورٹ عدالت میں پیش کر دی
منی لانڈرنگ ریفرنس میں شہباز شریف نے احتساب عدالت میں ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پیش کر دی۔ انہوں نے کہا کہ کون کرپشن کر رہا ہے آپ رپورٹ دیکھ لیں۔
احتساب عدالت میں منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کورٹ میں پیش ہوئے۔ شہباز شریف روسٹرم پر آئے اور ٹرانسپرنسی رپورٹ عدالت میں پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ جو کرپشن کم کرنے کا رونا روتے رہتے ہیں رپورٹ آپ کے سامنے ہے، ہم نے کرپشن کم کی اور قوم کی خدمت کی، نیب قیامت کے دن تک میرے خلاف کرپشن ثابت نہیں کرسکتا۔ جس پر فاضل جج نے شہباز شریف کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ تو اچھا ہے آپ بری ہو جائیں گے۔
پراسکیوشن نے شہباز شریف کی سیاسی باتوں پر اعتراض کر دیا۔ نیب پراسکیوٹر نے کہا کہ عدالت میں کیس اور قانون کی بات کی جائے۔ احتساب عدالت نے آئندہ شہباز شریف کو کمرہ عدالت میں سیاسی باتیں کرنے سے پرہیز کرنے کا مشورہ دے دیا۔