• جس کا ذکر نہ ہو وہی بھلا

    تحریر:سلمان احمد قریشی

    ہمارے ہاں سیاست میں لفظ کرپشن بکثرت استعمال ہوتا ہے۔اس روش کے نتیجہ میں کرپشن کو سیاست سے جوڑنا عام سی بات سمجھا جانے لگا ہے۔میدانِ سیاست کے ساتھ سرکاری ملازمین کے کرپشن کے قصے بھی معمول کی خبر لگتے ہیں۔اخبارات میں سرکاری افسران اور ملازمین کے حوالہ سے ایسی خبریں روزانہ کی بنیاد پر شائع ہوتی ہیں۔ کرپشن اس قدر سسٹم میں سرایت کر چکی ہے کہ کرپشن کے خلاف آواز اٹھانے والے پر ہی انگلیاں اٹھائی جاتی ہیں۔ اسے کرپٹ سسٹم میں شامل کرنے کے جتن کیے جاتے ہیں اور وہ اس سسٹم کا حصہ بننے پر تیار نہ ہو تو سنگین نتائج کی دھمکیاں تک دی جاتی ہیں۔ الغرض کرپشن کنگ ہر میدان، ہر محکمہ میں موجود ہیں۔سب کی اپنی سلطنت ہے جہاں سے مال پانی کمایا جاتا ہے۔ ایسے ماحول میں نیک نامی اور فرائض کی ادائیگی جیسے الفاظ بیگانے لگتے ہیں۔الفاظ کا استعمال اور خبر اس انداز سے لکھی جاتی ہے کہ فرض شناس آفیسر ڈی پی او کی ہدایت پر پولیس کا ایکشن، ان الفاظ میں ستائش کے ساتھ آزمائش بھی ہے کہ جو فرض شناس نہ ہو آفیسر بننے کا اہل کیسے ہوا۔ جب عہدہ تقاضہ کرتا ہے کہ فوری ایکشن لیا جائے تو ڈی پی او کی ہدایت کیونکر ضروری ہو۔۔۔؟کیا پولیس آفیسر ڈی پی او کی ہدایت کے منتظر رہتے ہیں معاملہ ایسا نہیں۔ یہ خبر نگار کی ڈی پی او سے خوشنودی کی خواہش ہوتی ہے جو ہر بار ایسا لکھنے پر مجبور کرتی ہے۔ پولیس آفیسر جب مال بنانے پر آتے ہیں تو تمام ہدایات بالائے طاق رکھ دیتے ہیں۔تمام قاعدے قانون ہوا میں اڑانے میں تاخیر نہیں کرتے۔
    قارئین کرام! نجی چینل پر نشر خبر سے انکشاف ہوا کہ اوکاڑہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال کی میڈیکل لیبارٹری سے ٹیسٹ کیے بغیر رپورٹس جاری کی جاتی ہیں۔ لیبارٹری میں بغیر ٹیسٹ کے کمپیوٹر میں انٹری کر کے رپورٹس جاری ہوئیں۔عملہ لیبارٹری کے مطابق جونیئر ٹیکنیشن اسد علی نے پولیس ملازمین کے خون کے نمونوں سے ٹیسٹ کرنے کے بجائے فرضی رپورٹیں جاری کر دیں۔ ڈی پی او اوکاڑہ نے پولیس ملازمین کے میڈیکل ٹیسٹوں کے لیے ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو لیٹر بھجوایا تھا۔انکشاف ہوا کہ جونیئر ٹیکنیشن اسد علی نے اپنی پرائیویٹ لیبارٹری بنا رکھی ہے ہسپتال کی لیبارٹری میں بلڈ سیمپل چھپا کر لاتا ہے اور سرکاری لیب کے وسائل استعمال کرتا ہے۔جب بھی ساتھی عملہ نے روکنے کی کوشش کی تو انہیں دھمکیاں دیتا تھا۔خبر نشر ہونے پر ضلعی انتظامیہ نے انکوائری شروع کر دی۔جس بہادری اور پروفیشنل انداز سے صدر اوکاڑہ پریس کلب شیخ شہباز شاہین نے اس خبر کو بریک کیا وہ قابل ستائش ہے۔
    ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سٹی اوکاڑہ کے حوالہ سے ایک اور خبر اخبارات کی زینت بنی کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں پی ایم یو کی طرف سے تعینات logestic آفیسر شعیب نے مبینہ طور پر کرپشن کی انتہا کر دی۔ شہری کی درخواست پر ایم ایس ڈاکٹر شاہد سلیم نے اعلیٰ سطح کی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی۔ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سٹی اوکاڑہ کو شہری نے درخواست گزاری تھی کہ شعیب logestic آفیسر نے ہسپتال سے متعدد اشیاء خردبرد کی ہیں جس کا اس کے پاس کوئی ریکارڈ نہ ہے جیسے سٹاک میں موجود اے سی،گیس سلنڈر، Repairingکے بل اور دیگر اشیاء کے جعلی بوگس بلوں کے ذریعے سرکاری خزانے کو کروڑوں کا نقصان پہنچایا ہے جس پر ایم ایس ڈاکٹر شاہد سلیم نے فوری ایکشن لیتے ہوئے 3 افراد پر مشتمل ایک کمیٹی بنا دی جن کو اس معاملے کے فوری انکوائری کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔ اب اس انکوائری کی رپورٹس کب آتی ہیں اور ان کا نتیجہ کیا نکلتا ہے یہ الگ سوال ہے لیکن سرکاری ملازمین کا رویہ اور طریقہ تبدیل ہونے والا نہیں کیونکہ ہر شاخ پہ الو بیٹھا ہے۔
    پولیس ملازمین کی رپورٹس ٹیسٹ کے بغیر جاری ہوئیں،پولیس ملازمین طبی طور پر مکمل فٹ بھی ہونگے لیکن اپنی تعیناتی پر ایکسٹرا فٹ ہیں۔تھانہ کلچر کرپشن زدہ تھا اور ہے۔ تھانہ اے ڈویژن کے ایس ایچ او ساجد صدیق کسی کمزور کی سننے کو تیار نہیں جبکہ پیسہ کی چمک پر بے انتہا متحرک ہیں۔رقم کے تنازعہ پر ایک شہری رضا الہی نے تھانہ اے ڈویژن بسلسلہ اندراج مقدمہ درخواست گزاری لیکن ایک ماہ گزرنے کے باوجود تادمِ تحریر ایف آئی آر درج نہیں ہوئی۔ تفتیشی آفیسر ٹال مٹول سے کام لیتا آ رہا ہے۔ کاروائی کے لیے وہی روایتی انداز،پریشان شہری کو چکر لگوا کر رقم دینے پر مجبور کیا گیا۔ دوسری طرف اسی تھانہ میں ایس ایچ او ساجد صدیق نے پراپرٹی ڈیلر سے ساز باز کر کے کرایہ داری ایکٹ کے تحت مالک مکان کی بجائے کرایہ دار کو گرفتار کر کے پرچہ دینے میں لمحوں کی تاخیر نہیں کی۔ معاملہ صرف یہ تھا کہ کرایہ دار نے پراپرٹی ڈیلر کو کمیشن دو ہزار کم دیا تھا، جبکہ کرایہ نامہ مکمل تھا یہ دراصل پراپرٹی ڈیلر کی مالک مکان سے ملی بھگت تھی۔ پہلے مالک مکان کو آگاہ کر کے آگے پیچھے کیا اور کرایہ دار کو گرفتار کر کے قانون کی حکمرانی قائم کی۔ تھانہ اے ڈویژن کے بارے یہ دو مثالیں بہت چھوٹی ہیں۔ یہاں معاملات بہت آگے ہیں۔ڈی پی او اوکاڑہ ایک بہترین پولیس آفیسر ہیں لیکن یہ ساجد صدیق جیسے آفیسر ہی اس سسٹم میں موثر ہیں۔
    تھانوں میں کس کی شنوائی ہے یہ ایک کھلا راز ہے اس پر مزید لکھنے کی ضرورت نہیں۔اخبارات اور نیوز چینلز پر سب کچھ شائع اور نشر ہوتا رہتا ہے۔یہ سب معمول ہے کرپشن کنگ ہر جگہ موجود ہیں انکی بادشاہی ہے قانون کی عملداری صرف کمزور طبقہ تک محدود ہے۔کرپشن کی داستانیں بے نقاب ہوتی رہتی ہیں اور انکوائری کمیٹیوں کی تشکیل کا سلسلہ بھی جاری رہتا ہے۔طبی عملہ انسانی جانوں سے کھیل رہا ہے اورقانون کے محافظ قانون سے کھیل رہے ہیں۔سیاستدان عوام جذبات سے جبکہ معمار قوم (ٹیویشن مافیا)قوم کے مستقبل سے کھیل رہے ہیں۔ گروانڈ میں کھیلنے والے پیسوں میں کھیل رہے ہیں الغرض سب کھیل کھیل میں معاشرہ کی تباہی لکھ رہے ہیں۔سسٹم کرپشن کے ساتھ ہی چل رہا ہے اور ایسا ہی ہوتا آیا ہے مستقبل قریب میں بھی ایسے ہی چلے گا۔ ہم کرپش1  اور کرپٹ عناصر سے نفرت نہیں کرتے کیونکہ سسٹم انکے ہاتھوں یرغمال ہے۔کمزور صرف التجا اور میڈیا حقائق بیان کرنے کا فرض ادا کر سکتا ہے۔بااثر طبقہ کی طاقت مقامی بادشاہوں کی مرہونِ منت ہے۔ اس لیے قانون اور انصاف کا حصول ناممکن نہیں تو دشوار ضرور ہے۔

    266 مناظر