تحریر:سلمان احمد قریشی
تاریخ کی سب سے بڑی کابینہ کے ساتھ وزیرِ اعظم شہباز شریف مصروفِ عمل ہیں۔ حکومت یا وزرا کی کارکردگی جانچنے کا پیمانہ پریس کانفرنس کی تعداد یا اشتہارات نہیں بلکہ کارکردگی ہوتی ہے۔ تا دمِ تحریر حکومتی کارکردگی تسلی بخش نہیں۔ معاشی معاملات کو بہتر بنانے کے لیے ایک سیاسی گیم پلان کے تحت اسحاق ڈار کو حکومت میں شامل کیا گیا۔ اتحادی حکومتوں کی سب سے بڑی مجبوری اتحادی جماعتوں کو راضی رکھنا ہوتا ہے۔ ایک بڑی کابینہ کی تشکیل کے باوجود حکومت اپنے وجود کو منوانے میں ناکام ہے۔ سیاسی بیان بازی عروج پر ہے لیکن حکومتی معاملات میں وزیرِ اعظم شہباز شریف مکمل با اختیار نہیں۔ لندن میں مقیم پارٹی رہبر نوازشریف اور ٹیم اپنا الگ وجود منوانے پر کار بند ہیں اہم فیصلوں میں مریم نواز کا کردار بہت اہم ہے۔وزرا کارکردگی پر توجہ دینے کی بجائے اپنے لیڈران کی خوشنودی کے لیے سرگرداں ہیں۔ اس کابینہ کے سب سے منفرد وزیر جواں سال بلاول بھٹو زرداری ہیں۔ وزراتِ خارجہ واحد وزارت ہے جس نے توقع کے مطابق بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اجتماعی طور پر دیکھا جائے تو موجودہ حکومت کی کارکردگی تسلی بخش نہیں۔ بے محکمہ وزرا بھی کابینہ کا حصہ ہیں۔
عام آدمی پر مہنگائی کا عذاب مسلط ہے۔ بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ایک بڑا چیلنج ہے لیکن حکومت عمران خان کو نیچا دکھانے کے لیے تن من دھن لگائے ہوئے ہے۔سیاسی معاملات میں دور اندیشی اور حکمت کی بجائے جذبات غالب ہیں۔ مریم نواز سیاسی مخالفین سے انتقام لینے کی خواہش مند ہیں۔مبینہ آڈیو لیک سے مریم نواز اور وزیرِ اعظم شہباز شریف کی گفتگو سے موجودہ حکومت کے عزائم کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔ بند کمروں میں تمام فیصلوں کی تائید اور کھلے بندوں قیمتوں میں اضافہ کو مسترد کرنے کی پالیسی ایسا سیاسی کھیل ہے جو قوم میں مایوسی پھیلانے کا باعث ہے۔ دوسری طرف عمران خان حکومت کو دباو میں لانے کے لیے لانگ مارچ کی تیاری کر رہے ہیں۔سیلاب سے ملک میں تباہی و بربادی کے دل دہلا دینے والے مناظر ہیں لیکن عمران خان فوری الیکشن کے مطالبہ پر قائم ہیں۔جلسے جلوس پی ٹی آئی کی سیاست ٹھہری۔ اسمبلی سے مستعفی اراکینِ پی ٹی آئی اب استعفوں سے انکاری ہیں۔
سیاسی معاملات عدالتوں میں زیرِ بحث ہیں۔ سیاسی قائدین تمام فیصلے عدالتوں کے ذریعے کروانا چاہتے ہیں۔ تاحیات نااہلی ہو یا دیگر فیصلے شخصیات کو دیکھ کر بدلنے کی مضمرِ آرزو ہیں۔ عمران خان نااہلی سے بچ جائیں، نواز شریف اس شرط پر واپس آ جائیں کہ تمام کیسز ختم ہوں اور نااہلی کا فیصلہ واپس ہو جائے۔ مریم نواز پاسپورٹ حاصل کر کے لندن روانہ ہو گئیں۔اب انکی واپسی بھی نواز شریف کی واپسی کے ساتھ مشروط ہو گی۔آڈیو لیکس نے سیاست میں تہلکہ مچا رکھا ہے۔ سوشل میڈیا پر عمران خان اور انکی اہلیہ سے منسوب گفتگو سیاسی زوال کی عکاس ہے۔عدم برداشت اور مخالفت آخری حدود تک پہنچ چکی ہے۔
قارئین کرام! جمہوریت بنیادی طور پر عام آدمی کا نظام ہے۔انسانوں نے ہزاروں سال کی محنت اور تجربات کی عرق ریزی کے بعد یہ نظام تخلیق کیا ہے جس کے ہوتے ہوئے عام آدمی بھی اس سسٹم کا حصہ بن سکتا ہے۔لیکن اسلامی جمہوریہ پاکستان کا سیاسی ڈھانچہ اس انداز سے تشکیل دیا گیا ہے کہ اس میں صرف پیسہ اور طاقتور ہی جگہ بنا پاتے ہیں۔ جمہوریت چند افراد اور خاندانوں تک محدود ہے اور موجودہ سیاست میں مقبول لیڈر ہیں، سیاسی جماعتیں نہیں لیکن عام آدمی کے مسائل کم نہیں ہو رہے۔عوامی مشکلات میں روز بروز اضافہ ہی ہو رہا ہے۔ سیاست میں اختلاف اب تقسیم کی حد تک پہنچ چکا ہے۔سیاسی جماعتیں اداروں کے پیچھے چھپ کر اپنا کھیل کھیل رہی ہیں۔کوئی سائفر سے کھیلنا چاہتا ہے تو کوئی قیمتیں زیادہ کر کے کم کرنے کا ڈرامہ رچائے جا رہا ہے۔اداروں کو بدنام کرنے اور ان پر الزام تراشی سے اپنا سیاسی قد بلند رکھنے کے خواہشمندوں کی کمی نہیں۔
چیئر مین پی ٹی آئی لانگ مارچ کی بات کرتے ہیں تو حکومت سختی سے نمٹنے کے اعلانات کرتی ہے۔پنجاب حکومت وفاق کے مدِمقابل ہے۔ اہم انتظامی عہدوں پر افسران کی تقرری پر بھی ڈیڈ لاک ہے۔ ایسے ماحول میں سیاسی قیادت سے یہ توقع رکھنا کہ قومی ایشوز پر اتفاق رائے قائم ہو سکے گا دیوانے کے خواب کے مترادف ہے۔موجودہ لیڈرشپ صرف اقتدار کے لیے سیاست کر رہی ہے۔ عوام سیاست میں بلکل غیر اہم ہو چکے ہیں۔اخلاقیات کی دھجیاں اڑانے والے صفِ اول میں ہیں۔مخالفین پر فقرے بازی کَسنا اور تمسخر اڑانا ہی آج کی بہترین سیاست ٹھہرا۔ اخلاقیات، اخلاقی اقدار کا ایک ایسا نظام ہوتا ہے جو ایک خوشگوار زندگی کی خاطر ہمارے رویہ کو تشکیل کرتا ہے۔ اخلاقیات کے توسط سے ہم ایمانداری سے زندگی بسر کرتے ہیں، جس سے ہمارے ارد گرد لوگوں پر بھروسہ اور دوستی جنم لیتی ہے۔ اخلاقیات مسرت کی کلید ہے۔
ستم ظریفی ہم اخلاقیات کو چھوڑ کر مسرت کی تلاش میں ہیں۔بد تہذیبی کو دوسرے کے اقوال اور افعال سے جوڑتے ہیں۔پی ٹی آئی ہر ذاتی حملہ کو نواز لیگ کے ماضی کے کردار کی وجہ سے جائز سمجھتی ہے۔ نواز لیگ نے محترمہ بے نظیر بھٹو کی شرم ناک کردار کشی کی تھی اس لیے پی ٹی آئی جائز سمجھتی ہے کہ وہ نواز لیگ کی قیادت سے ایسا ہی رویہ رکھے۔ پی پی پی اس لیے مجرم ہے کہ اس نے نواز لیگ سے اپنی لیڈر شپ کے ساتھ روا رکھے گئے سلوک کا بدلا کیوں نہیں لیا۔ آج نواز لیگ عمران خان کو رسوا کرنے کے لیے سب کچھ کر سکتی ہیں کیونکہ پی ٹی آئی اپنے موقف پر قائم ہے چور کو چور ہی کہہ کر پکارا جانا چاہے۔ قانون و انصاف کا معیار کتنا بلند ہے یہ سب نے دیکھ لیا کل کے ملزم اور مجرم آج معصوم ٹھہرے۔کل کے صادق اور امین سب سے بڑے خائن قرار پائے۔
معاشرہ اکائی سے بنتا ہے ہر فرد اکائی ہے۔ ہر فرد خود کو نہیں، معاشرے کو بدلنا چاہتے ہیں ہر فرد سمجھتا ہے کہ ہر برائی اور خرابی دوسرے لوگوں میں ہے، یہ منفی سوچ معاشرے کو اخلاقیات سے گراتی ہے۔ افراد سیاسی جماعتیں تشکیل دیتے ہیں۔ جب فرد کی سوچ نفرت پر مبنی ہوگی تو جماعتیں بھی ایسا ہی کردار ادا کریں گی۔پاکستان میں سیاسی جماعتیں شخصیات کے تابع ہیں اور شخصیات صرف اقتدار کو اپنا حق سمجھتی ہیں۔آج کے دور میں عام طور پر سمجھا جاتا ہے کہ اخلاقیات اور سیاست دو الگ موضوعات ہیں۔ جہاں سیاست کو کاروبار سمجھا جاتا ہے وہیں سیاست کو جھوٹ اور فریب بھی سمجھا جاتا ہے۔ اس لیے باشعور لوگ سیاست اور سیاسی جماعتوں سے بیزار ہیں۔ جبکہ اخلاقیات اور سیاست لازم و ملزوم ہیں۔اخلاقیات سیاست کا زیور ہے۔ سیاست کی خوبصورتی اخلاقیات کی بدولت ہی ممکن ہے۔ ہمیں اس حقیقت کو مان لینا چاہیے کہ کلام ہی عمل کا سرچشمہ ہوتا ہے جب کلام بھلا ہوگا تو عمل یقیناً بھلائی پر مشتمل ہو گا۔ چنانچہ طوفانِ بدتمیزی سے بہتری نہیں نکل سکتی۔ سب سے پہلے ہمیں سیاست میں برداشت اور شائستگی کو فروغ دینا ہوگا اس کے بعد بہتری کی امید رکھی جا سکتی ہے۔ سیاسی جماعتیں اقتدار نہیں اقدار پر توجہ دیں تو بہترین قوم بننے کا سفر شروع کیا جا سکتا ہے