• معاشی و بدمعاشی

    تحریر ۔جاوید کمیانہ

    جب سے عمران خان کی حکومت آئینی طریقے سے ختم ہوئی ہے وہ شدید غصے میں ہیں اور اس کی تائید گزشتہ روز پی ٹی آئی کے لیڈر و صدر مملکت عارف علوی نے بھی کر دی کہ اقتدار ختم ہونے کے بعد سے عمران خان فرسٹریشن کا شکار ہیں اور میں نہیں سمجھتا کہ ان کے خلاف کوئی سازش ہوئی ہے مگر خان صاحب نے بڑی کامیابی سے یہ بیانیہ اور ڈرامہ رچائے رکھا کہ بیرونی سازش کے نتیجے میں ان کی حکومت ختم کی گئی مگر جوں جوں وقت گزر رہا ہے اس بناوٹی بیانیہ پر عمران خان کی گرفت کمزور دکھائی دے رہی ہے کیونکہ آڈیوز لیکس کے بعد پڑھا لکھا ہمدرد طبقہ اس بات پر قائل ہو گیا کہ خان صاحب بھی دیگر سیاست دانوں کی طرح ڈرامہ ہیں جبکہ محب العمران کارکن خان صاحب کے سچے جھوٹے بیانیہ پر قائم دائم ہیں۔نو سال سے خیبر پختونخوا میں حکومت خان صاحب کی اور صوبے کا قرضہ نوے ارب سے بڑھ کر آٹھ سو اسی ارب پر جا پہنچا اسی طرح بظاہر و بقول خان صاحب کے ملک بڑی تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن تھا جبکہ حقیقی طور پر ملک ڈیفالٹ کی طرف اشارے دے رہا تھا اسد عمر سے لے کر شوکت ترین تک جتنے وزیر خزانہ معاشی علمبردار کے دعویدار تھے سب ہندسوں کو آگے پیچھے کر کے خان صاحب اور عوام کو مطمئن کر رہے تھے مگر حقیقت اس کے برعکس تھی۔کرونا کی مد میں ملنے والی بیرونی امداد بھی خان صاحب نے مستحق عوام پر خرچ کرنے کی بجائے ملک کے دس امیر ترین کاروباری شخصیات کو ساڑھے چار سو ارب ایک فیصد شرح سود پر دس سال کے لیے نواز دیے،
    قارئین کرام پختونخوا اور پھر ملک کے معاشی حالات کی ایک معمولی سی جھلک آپ کو بتائی ہے وہ شخص اقتدار کی خاطر اب بدمعاشی سے ملک کی حکمرانی پر قابض ہونا چاہتا ہے اداروں، سیاسی و فوجی قیادتِ کی تذلیل ان کے جلسوں میں معمول بن گیا ہے دوسری طرف سوشلی فوج کے ذریعے منظم پراپیگنڈہ عروج پر ہے خان صاحب سمجھ رہے ہیں کہ ملک کے طاقتور حلقوں کو برا بھلا کہنے سے وہ دباؤ میں آ کر اقتدار کی رسی کا سرا پھر خان صاحب کو پکڑا دیں گے تو وہ غلطی پر ہیں۔خان صاحب کے پاس آئینی راستہ ہے کہ وہ موجودہ حکومت کو چلتا کر کے اقتدار حاصل کر سکتے ہیں مگر جس غیر جمہوری انداز میں وہ اسلام آباد لنگر انداز ہونا چاہ رہے ہیں وہ سیاست اور ریاست دونوں کے لیے قابل قبول نہیں ہے۔ماضی قریب میں بھی سیاسی جماعتوں نے لانگ مارچ کیے مگر وہ اتنے پرامن تھے کہ ایک پتہ بھی ٹوٹا جبکہ مئی میں ہونے والے ناقص لانگ مارچ میں اسلام آباد کے خوبصورت درخت بھی جلا دیے گئے،اب خان صاحب خطرناک طریقے سے اسلام آباد چڑھائی کرنا چاہ رہے ہیں جس کے لیے وہ جہاں تشریف لے کر جا رہے ہیں وہاں حلف لے رہے ہیں کہ کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے خان صاحب کو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ اگر وہ آج اس طرح کوئی غیر سیاسی رویہ اپنائیں گے تو کل ان کی اگر حکومت ہو گی تو کوئی بھی گروہ،جماعت یا جتھہ اسلام آباد پہنچ کر ان کو بھی باہر نکال پھینک سکتا ہے دوسری طرف آرمی چیف بھی کہہ چکے ہیں کہ کسی جتھہ کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ ملک کو سیاسی و معاشی لحاظ سے غیر مستحکم کرے اب دیکھنا یہ ہے کہ حکوت اور ادارے خاں صاحب کا بزور بازو راستہ روکتے ہیں یا پھر کوئی سیاسی حل نکلے گا کیوں کہ سیاسی اعتبار سے اکتوبر کا مہینہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔۔۔

    221 مناظر