Site icon Meritnews

وزیر خارجہ بلاول بھٹوکی سفارتی کامیابیاں

وزیر خارجہ بلاول بھٹوکی سفارتی کامیابیاں

تحریر: سلمان احمد قریشی

بلاول بھٹو کو وزارت خارجہ کا قلمدان سونپنا ایک بہتر فیصلہ تھا کیونکہ سیاسی خاندانی پس منظر کی وجہ سے وہ یہ ذمہ داری احسن انداز سے ادا کرنے کے اہل تھے۔ ذوالفقار علی بھٹو کے نواسے اور بے نظیر بھٹو کے صاحبزادے ہونے کے ناطے ایک اچھا وزیر خارجہ بننے کی توقع تھی۔ اور ایسا ہی ہوا بلاول بھٹو کو زبردست پذیرائی ملی۔ بھٹو جب وزیرِ خارجہ بنے تو انکی عمر 35 برس کی تھی۔ اسی طرح بلاول بھٹو زرداری جب وزیرِ خارجہ بنے تو اِن کی عمر محض 33 برس تھی۔ پاکستان کے سب سے کم عمر وزیر خارجہ ہونے کا اعزاز بھی بلاول بھٹو کو حاصل ہے-ذوالفقار علی بھٹو نے اپنی خداداد صلاحیتوں کے انمٹ نقوش چھوڑے۔خارجہ امور میں اپنی ذہانت و فطانت سے پاکستان کو ایک اہم ملک بنا دیا تھا۔ذوالفقار علی بھٹو پاکستان کے سب سے کامیاب وزیرِ خارجہ ہیں۔
قارئین کرام! بلاول بھٹو نے جب سیاست میں قدم رکھا تھا تو عالمی امور، علاقائی مسائل، سیاسی سوجھ بوجھ اور جمہوریت کے حوالے سے ان کے موقف کو کئی سینیئر سیاست دانوں سے زیادہ پذیرائی ملی تھی۔27 اپریل 2022 بلاول بھٹو نے بطور وزیرِ خارجہ حلف اٹھایاصرف 5 ماہ میں شاندار کامیابیاں حاصل کیں۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف 28 اپریل کو اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر سعودی عرب پہنچے تو وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری ان کے وفد کا حصہ تھے۔بعد میں مئی کے وسط میں ہی وہ غیر ملکی دوروں پر نکل کھڑے ہوئے۔15 مئی کو خلیجی ملک متحدہ عرب امارات گئے جہاں انہوں نے یو اے ای کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید آل نہیان کی وفات پر پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے تعزیت کی۔18 -19 مئی کو دورہ امریکہ پر رہے۔ بائیڈن کے امریکی صدر بننے کے بعد بلاول بھٹو کا دورہ امریکہ، دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ ترین سطح پر اس قسم کا پہلا رابطہ تھا۔ انہیں امریکی وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن نے امریکہ آنے کی دعوت دی تھی۔ بلاول بھٹو نے 18 مئی کو فوڈ سیکیورٹی اجلاس میں بھی شرکت کی۔ وزیرِ خارجہ نے اسی روز اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوئتریس سے ملاقات کی۔ وزارتِ خارجہ کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے اس موقع پر بھارت کے زیرِ انتظام جمّوں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور غیر قانونی آبادکاری جیسی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا۔ 19 مئی کو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے زیرِ انتظام ‘کانفلیٹ اینڈ فوڈ سیکیورٹی‘ اجلاس سے بھی خطاب کیا۔وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری امریکہ سے سیدھے چین پہنچے۔ چینی سٹیٹ کونسلر اور وزیرِ خارجہ وانگ یی کی خصوصی دعوت پر دو روزہ دورے پر 21-22 مئی کو گوانگزو پہنچے جہاں انہوں نے ’پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط تجارتی اور اقتصادی تعاون پر خصوصی توجہ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا دورہ، پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 71 ویں سالگرہ کے موقع کے حوالے سے بھی اہمیت کا حامل تھا۔چین کا دورہ کرنے کے بعد بلاول بھٹو کی اگلی منزل یورپ تھی جہاں انہوں نے 23 سے 26 مئی تک سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم کے سالانہ اجلاس میں شرکت کی۔ فورم میں بلاول بھٹو زرداری نے جیو پولیٹیکل پیشرفت کے تناظر میں معاشی اور سماجی اثرات کے ساتھ ساتھ کرونا کی وبا، خوراک اور توانائی کے تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے چیلنجز کے بارے میں پاکستان کا نقطہ نظر پیش کیا۔ وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے 25 مئی کو ڈیووس میں سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود سے ملاقات کی۔بلاول بھٹو زرداری سے خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر نائف فلاح ایم الحجراف، ایرانی وزیر خارجہ ڈاکٹر حسین امیر عبداللہیان، ہالینڈ کی ملکہ میکسیما، فن لینڈ، رومانیہ اور آسٹریا کے وزرائے خارجہ سے بھی ملاقاتیں کیں۔بلاول بھٹو وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ 31 مئی سے 2 جون کودورہ ترکی میں بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ بلاول بھٹو زرداری کے تمام اہم ممالک کے دوروں کے نتیجہ میں پاکستان دوبارہ سے بین الاقوامی برادری کے ساتھ کھڑا نظرآیا۔18 جون 2022 کو ایف اے ٹی ایف کی جانب سے ایک خوش آئند پیش رفت سامنے آئی۔ بلاول بھٹو زرداری نے موسمیاتی انصاف کا تقاضہ اور سیلاب زدگان کے لیے پوری دنیا سے مدد کی اپیل کی جس پر مثبت ردِعمل دیکھنے میں آیا۔ 30 آگست 2022 کووزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی اپیل پر ورلڈ بینک، ایشین ڈیویلپمنٹ بینک، عالمی ادارہ صحت، یونیسف، ہلالِ احمر، ریڈ کراس سمیت اقوامِ متحدہ کے رکن ممالک نے مثبت ردِعمل دیا ہے۔امریکا نے بلاول بھٹو زرداری کی اپیل کے بعد پاکستان کو ساڑھے چھ ارب روپے کی امداد دی، وزیرِ خارجہ کی اپیل کے بعد فوری طور پر چین، ترکیہ، امریکا، برطانیہ، آذر بائیجان، سعودی عرب، قطر، کویت، متحدہ عرب امارات و دیگر ممالک نے بھی فوری امداد کا اعلان کیا۔بلاول بھٹو زرداری کی اپیل پر اقوامِ متحدہ کے رکن ممالک کی نقد امداد کے علاوہ ٹینٹ، ادویات، کھانے پینے کی اشیاء سمیت دیگر اہم امدادی سامان کی بھی امداد دی گئی جبکہ اقوامِ متحدہ کے رکن ممالک سمیت مختلف عالمی اداروں کی جانب سے پاکستان کی امداد کا سلسلہ جاری ہے۔ ورلڈ بینک نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے 82 ارب روپے سے زائد، اقوام متحدہ نے ساڑھے 35 ارب روپے جبکہ امریکا نے ساڑھے 6 ارب روپے سے زائد کی امداد دی۔ایشین ڈویلپمنٹ بنک نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے ساڑھے پانچ ارب روپے کی امداد دی، یو ایس ایڈ نے سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے 24 کروڑ 42 لاکھ روپے دیئے۔چین کے امدادی ادارے نے سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے 6 کروڑ 66 لاکھ روپے، یورپی یونین نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے 30 کروڑ روپے، برطانیہ نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے 33 کروڑ 30 لاکھ روپے، یونیسف، عالمی ادارہ صحت، یونائیٹڈ نیشن پاپولیشن فنڈ نے سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے 66کروڑ 60 لاکھ روپے کی امداد دی۔ پاکستان کو اقوامِ متحدہ، ترکیہ، جاپان اور چین نے ٹینٹ، ادویات، تعمیرِ نو کے لئے معاونت سمیت دیگر معاملات میں بھی امداد کی یقین دہانی کرا دی۔ پاکستان نے اب تک مجموعی طور پر 131 ارب روپے کی نقد امداد حاصل کرلی، مزید امداد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔26 ستمبر 2022 کو وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو نے پاکستان کے ذمے قرضوں کی ادائیگیاں مؤخر کرنے کا مطالبہ کیا۔اس کے صرف چار دن بعد امریکہ نے پاکستان کے ذمہ 130 ملین ڈالر کا قرض موخر کر دیا- بلاول بھٹو اپنی کامیاب سفارتکاری کی بدولت پاکستان کو ایف اے ٹی ایف سے نکالنے میں کامیاب رہے۔ وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی اپیل پر ایک گھنٹے میں اقوامِ متحدہ کے رکن ممالک نے ایک کھرب 30 ارب روپے جمع کر کے سیلاب ذدگان کی مدد کی۔ اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اقوامِ عالم سے پاکستان کے لیے مزید امداد کی اپیل بھی کی ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گویترس پاکستان آئے جس کی وجہ بہترین خارجہ پالیسی اور بلاول بھٹو کی عالمی سطح پر پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا اعتراف ہے۔اپنے سیاسی پس منظر اور ذہانت سے بلاول بھٹو سفارتی سطح پر اچھا تاثر چھوڑنے میں کامیاب رہے۔ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے مسائل کو سمجھا گیا اور اہمیت کو تسلیم کیا گیا یہ سب بہتر سفارت کاری کا ہی نتیجہ ہے۔ ناقدین انکی سیاسی جماعت پر تنقید کر سکتے ہیں لیکن بطور وزیرِ خارجہ پاکستان کا مثبت تاثر اقوامِ عالم تک پہنچانے کے حوالے سے انکی کارکردگی کا اعتراف کرتے ہوئے ان کی کامیابیوں کو سراہنے پر مجبور ہیں۔

Exit mobile version