تحریر۔جاوید کمیانہ
سیاست میں جھوٹ کا سہارا اور منافقانہ عمل معمول کی بات ہے مگر عمران خان صاحب جس ڈھٹائی سے جھوٹ بول کر عوام کو ورغلانے کی مہارت رکھتے ہیں یہ شرف کسی پاکستانی سیاست دان کو حاصل نہیں ہوا پھر جدید اور منظم انداز میں سوشلی صحافی انتہائی تجربہ کاری سے جھوٹ کو سچ تصور کرنے کے لیے ڈیوٹی سر انجام دیتے ہیں۔ملک کی بقیہ دو بڑی سیاسی جماعتیں مسلم لیگ اور پاکستان پیپلز پارٹی تحریک انصاف کے مقابلے میں کند ذہن ہیں۔
گزشتہ دنوں آڈیو لیکس کی دھوم میں خان صاحب کی بھی مبینہ آڈیو سامنے آئی جس میں وہ واضح طور پر اعظم خان کو سمجھا رہے ہیں کہ سائفر پر کس طرح کھیلنا ہے اور جواب میں اعظم خان پوری منصوبہ بندی بتا رہے ہیں،اس آڈیو پر پہلے مرحلے میں عمرانی سوشلی بریگیڈ نے خان صاحب کے گرد دفاعی مورچہ بنائے رکھا اور جھوٹا ثابت نہیں ہونے دیا بعد ازاں بڑی ڈھٹائی کے ساتھ خان صاحب نے مظفر آباد کے جلسہ میں کہا کہ شکریہ شہباز شریف میری آڈیو لیک کرنے کا آج میرا بیانیہ سچ ثابت ہو گیا اور مطالبہ کر دیا کہ سائفر پبلک کر دیا جائے۔
اعظم خان کے ساتھ ہونے والی گفتگو میں جو منصوبہ بندی کی جارہی ہے وہ واضح دلیل ہے کہ عوامی سطح پر جو امریکی سازش کا بیانیہ لے کر خان صاحب عوام نکلے اور کامیاب ہوئے وہ زمین بوس ہو گیا مگر خان صاحب اور سوشلی فوج نے عوام کا رخ تبدیل کرنے کے لیے مراسلے کو پبلک کرنے کا کہہ دیا۔اب خان صاحب بدقسمتی سے ملک کے وزیراعظم رہ چکے ہیں وہی بتا سکتے ہیں کہ کیا سفارتی مراسلوں کو پبلک کیا جاتا ہے یا نہیں اور قانون کس حد تک اجازت دیتا ہے۔
عمران پراجیکٹ لانے اور دوسری دو سیاسی جماعتوں کو کھڈے لائن لگانے کے لیے اس وقت صحافیوں اور سوشل میڈیا ٹیم کا سہارا لیا گیا آج وہ لانے والوں کو بھی صبح شام گالیاں بکتے ہیں،اب تو خالق عمران پراجیکٹ بھی نادم اور پشیمان ہیں کیونکہ خان صاحب کی سوشلی بریگیڈ اس وقت ہزاروں کی تعداد میں جن کو خیبر پختونخوا حکومت کیطرف سے ماہانہ کی بنیادوں تنخواہیں دی جاتی ہیں اور وہ شب و روز خان صاحب کے ہر جھوٹ کو سچ میں بدلنے کے لیے فرائض سر انجام دے رہے ہیں.
یہ مخبوط الحواس شخص ظاہری طور پر ایماندار اور بہادر مگر درپردہ بددیانت اور بزدل انسان ہے طاقتور حلقے آج اس کی سوشل سپلائی لائن کاٹ دیں اور قانون کے مطابق شکنجہ ڈالیں تو نہ صرف مقبولیت میں کمی واقع ہو بلکہ نام نہاد عالم اسلام کے لیڈر کا اصل چہرہ عوام کے سامنے آ جائے اور سینکڑوں سوشلی پیروکار دم دبا کر بھاگنا شروع ہو جائیں۔اقتدار کے لالچی شخص نے قوم کو اندرون ملک بلکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بھی تقسیم کر دیا اور نفرت کی ایسی آگ لگائی کہ بالخصوص تحریک انصاف اور مسلم لیگ کے حامی ایک دوسرے پر سارا دن کیچڑ اچھالنے کو اپنا مزہبی فریضہ سمجھتے ہیں نتیجتاً معاشرہ نفرت سے متعفن ہو چکا ہے،میرے ذاتی خیال میں پاکستان کا دشمن ملک دو دہائیاں قبل مذہبی طور پر پاکستان کو تقسیم کرنے کی مذموم جسارت کرتا رہا مگر کامیاب نہ ہو سکا مگر خان صاحب نے جس طرح اس جھوٹ کی بنیاد پر عوام کے ذہن تبدیل کر کے تقسیم کیا یہ کام پاکستان مخالف قوتیں بھی نہ کر سکیں۔اداروں کو اس کا ادراک ہے اور بہت جلد خان صاحب کی سیاست منطقی انجام کو پہنچ جائے گی۔پاکستانی عوام یقین کر کے سیاست دانوں کو مارجن دیتی ہے مگر جھوٹ کی عمر کم ہونے کے باعث یہ سلسلہ زیادہ دیر جاری نہیں رہ سکے گا اور مستقبل قریب میں خان صاحب کے جھوٹے بیانیے عوام کے سامنے بے نقاب ہونا شروع ہو جائیں گے،معصوم عوام پھر کسی اور نئے لیڈر کی تلاش میں نکل پڑے گی یا بے بس ہو کر خاموشی سے بیٹھ جائے گی اور پھر کسی پر یقین نہیں کرے گی۔۔۔