• ڈالر سے مقابلہ کیلئے ڈار کی واپسی

    ڈالر سے مقابلہ کیلئے ڈار کی واپسی

    تحریر: سلمان احمد قریشی

    پاکستان کی معیشت دنیا کی چھبیسویں سب سے بڑی بلحاظ مساوی قوت خرید اور بلحاظ خام ملکی پیداوار بیالیسویں سب سے بڑی معیشت ہے۔لیکن رواں سال کے آغاز سے ہی پاکستان شدید نوعیت کے معاشی بحران کا شکار ہے۔اس بحران کی بنیادی وجہ سیاسی بے یقینی ہے۔لیکن سیاست دانوں کی اقتدار کے لیے رسہ کشی اور جوڑ توڑ ختم ہوتی دکھائی نہیں دے رہی۔ اس وقت پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ معیشت کا بحران ہے یا سیاسی کشکمش اس پر ہر گز دو آرا نہیں یہ امر واضح ہے کہ معیشت سیاست سے جڑی ہے۔ جب تک سیاسی استحکام نہیں آتا اور بے یقینی ختم نہیں ہوتی ہمارے مسائل کم نہیں ہونگے۔معاشی بد حالی کے شکار پاکستانی عوام مضطرب ہیں اور موجودہ صورتحال میں بہتری کے شدت سے خواہاں ہیں۔
    2018کے انتخابات کے بعد سے پاکستانی سیاست اور معیشت پہلے بے یقینی اور پھر مسلسل بحرانی حالات کا شکار رہی ہے۔تبدیلی سرکار احتساب کے نام پر انتقامی کاروائیوں کا تاثر چھوڑتے ہوئے رخصت ہوئی۔ سابق وزیراعظم عمران خان پہلے اسدعمر کو بطور وزیر خزانہ لائے اسکے بعد حفیظ شیخ،حماداظہر اور شوکت ترین کو موقع دیا گیا۔بالآخر حکومت ہی رخصت ہوئی۔ پی ڈی ایم کی مخلوط حکومت مشکل ترین حالات میں برسراقتدار آئی۔ معیشت کے مسائل کے حل کے لیے مفتاح اسماعیل نے وزیراعظم شہباز شریف کی مشاورت سے بہت مشکل فیصلے کیے۔ بہتری کیا آنی تھی بہتری کے آثار بھی نمودار نہیں ہوسکے بلکہ ڈالر مسلسل پاکستانی روپیہ کو بچھاڑ رہا ہے۔ سیاسی کھیل بھر پور طریقہ سے جاری وساری ہے۔ عمران خان مسلسل عوامی اجتماعات میں مسائل پر اور موجودہ حکومت کے خلاف بولنے میں مصروف ہیں۔پی ٹی آئی فوری الیکشن چاہتی ہے لیکن سیلابی صورتحال اور حکومتی ترجیحات میں فوری الیکشن نہیں۔
    قارئین کرام! عمران خان چاہتے تو فروری میں حکومت سے نکل کر فوری الیکشن کی طرف جاسکتے تھے۔ لیکن انہوں نے آخری گیند تک لڑنے کو ترجیح دی۔ وہ جانتے تھے الیکشن جیتنا آسان نہیں۔پی ڈی ایم سے پارلیمان میں شکست کوغیر ملکی سازش کا بیانیہ بناکر پیش کرنے سے عوامی مقبولیت حاصل ہونے پر الیکشن کے فوری انعقاد پر اٹھ کھڑے ہوئے۔ دوسری طرف پی ڈی ایم نے اقتدار میں آکر سب سے پہلے نیب قوانین پر توجہ دی۔ نیب قوانین میں تبدیلی سے قیادت کے کیسز جیسے نواز شریف،مریم نواز اور اسحاق ڈار کی مشکلات ختم کرنے پر تمام توجہ مرکوز رکھی گئی۔ عوام مہنگائی سے پریشان اور سیاست دان اپنا کھیل کھیلنے میں لگے رہے۔ الیکشن کروائیں، حکومت بچائیں بس یہی داوپیچ آزمائے جاتے رہے۔ بد حال معیشت میں سیلابی صورتحال نے زندگی مزید مشکل بنادی۔آج پاکستان معاشی مسائل کے ساتھ ساتھ غذائی قلت کے خدشہ سے بھی دوچار ہے۔پنجاب سپیڈ شہباز شریف وفاق میں اپنا کمال دکھانے میں ناکام ہیں۔سارے فیصلے لندن میں مقیم قائد نوازشریف کی مشاورت سے ہوتے رہے۔ مبینہ آڈیو لیکس سے مریم نواز اور شہباز شریف کا سارا کھیل عیاں ہو گیا۔عوام کی مشکلات سیاسی قیادت کی کبھی ترجیح نہیں رہی۔ بس اقتدار کی سیاست ملک کو مزید نیچے لے جاتی رہی۔
    وزیراعظم شہباز شریف اسحاق ڈار کو لندن سے واپس لائے ہیں۔اتحادی حکومت اسحاق ڈار سے دو کام چاہتی ہے۔ ’ایک امریکی ڈالر کے مقابلے میں مقامی کرنسی کو نیچے لانااور دوسرا مالیاتی گنجائش بنانے میں کردار۔اب اسحاق ڈار امریکی ڈالر سے مقابلہ کریں گے۔ آئندہ کیا ہوگا اس پر رائے زنی سے پہلے پاکستان کی معیشت میں ڈالر کی کہانی کو جاننا ضروری ہے۔قیامِ پاکستان کے وقت سے 1954 تک امریکی ڈالر 3 روپے 31 پیسے تک رہا۔ پہلی بار سیاسی بحران کے ساتھ ڈالر 1956میں 4روپے71پیسے کا ہوا۔اس کے بعد طویل عرصہ استحکام رہا1970.71 میں ڈالر 5 روپیتک پہنچا۔سقوطِ ڈھاکہ کے بعد امریکی ڈالر 8 روپے سے کچھ اوپر تھا۔یہ قیمت بھی ذوالفقار علی بھٹو کے دورِ اقتدار میں مستحکم رہی۔1977میں ڈالر 9 روپے 90 پیسے کا تھا۔ 1982میں ڈالر 11روپے 84 پیسے تک پہنچا۔ جنرل ضیاء الحق کی ہلاکت کے وقت ڈالر 18روپیتک پہنچ چکا تھا۔ 1988سے1999 تک بینظیر اور میاں نواز شریف کے اقتدار کے دوران ڈالر 50 روپے تک پہنچ گیا۔اسکے بعد سے ڈالر کی اڑان کم نہ ہوئی۔ جنرل پرویز مشرف تک اقتدار کے خاتمہ تک ڈالر 70 روپے تک پہنچ گیا۔ پھر 2008 سے 2018 تک ڈالر کی قدر 73 فی صد بڑھی۔2018 میں ڈالر 121روپے تک پہنچ چکا تھا۔ عمران خان نے ساڑھے تین سال میں ڈالر 180روپے تک پہنچا دیا۔آج امریکی ڈالر 236 روپے کاہے۔ موجودہ حکومت کے 6 ماہ کے دوران روپیہ رسوا ہوتا رہا اور امریکی ڈالر بلندیوں کو چھوتا ہی گیا۔ڈالر میں اضافہ کا رجحان برقرار ہے۔
    امریکی ڈالر کے شیر بننے اور اعداد و شمار کی اس کہانی سے ایک بات واضح ہے کہ یہ سلسلہ کمزور حکومت میں بڑھتا گیا۔ آج جب ملکی تاریخ کی ایک کمزور ترین حکومت ہے اس کی موجودگی میں بہتری کی امید کیسے رکھی جا سکتی ہے۔خود ساختہ جِلاوطن نواز شریف اس حکومت سے اوپر ہیں سب فیصلے انکی مرضی سے ہوتے ہیں۔ایسے میں مفتاح اسماعیل کیا اسحاق ڈار کیا سب کچھ میاں نواز شریف کے ہاتھ میں ہے۔چہرہ بدلنے سے بہتری کی امید خوش گمانی سے زیادہ کچھ نہیں۔جب تک پاکستان میں مستحکم حکومت نہیں آتی ڈالر اور روپیہ کا مقابلہ اسی طرح یکطرفہ ہی رہے گا۔ڈار،ڈالر کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔ ملکی معیشت کی بہتری سیاسی استحکام سے جُڑی ہے۔ سیاسی استحکام اتفاقِ رائے سے ہی ممکن ہے۔ موجودہ حکومت اور عمران خان کا قومی ایشوز پر متفق ہونا ضروری ہے۔ اس وقت اتفاق رائے کی ضرورت ہے۔

    235 مناظر