سیاسی نفرت عروج پر
سیاسی نفرت عروج پر
تحریر ۔ جاوید کمیانہ
سیاست میں گالی گلوچ اور نامعقول القابات سے نوازنا بنیادی طور پر نواز لیگ کا طرہ امتیاز رہا ہے مگر سیاسی دھکے و جلاوطنی کے بعد غلطیوں کا احساس ہونے کے بعد واضح تبدیلی دیکھنے کو ملی،اب معاشرے میں نفرتوں،گالی گلوچ،مار دھاڑ اور بدزبانی کا تاج تحریک انصاف کے سر ہے۔اور حیرت انگیز طور پر اس کلچر کو پروان چڑھانے میں خود خان صاحب کا ہاتھ ہے بلکہ تربیت کا حصہ ہے جو تحریک انصاف کا لیڈر بدزبان نہیں ہو گا وہ خان صاحب کے قریب نہیں آ سکتا وہ الگ بات ہے کہ بعد ازاں وہ شہباز گل کی طرح شریف بچہ بن جائے۔خان صاحب کی مختلف تقریروں میں اپوزیشن جماعتوں کے افراد کے بارے میں یہ سنا جا سکتا ہے کہ دنیا میں جہاں جاؤ گے وہاں عوام آپ کے خلاف اپنا ردعمل ظاہر کرے گی تو پہلی سعودی عرب میں ناخوشگوار واقعہ پیش آیا اور گزشتہ روز لندن میں وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے ساتھ بدسلوکی اور گالی گلوچ کی گئی۔مریم اورنگزیب نے تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کیا جس کی تمام باشعور سیاسی و غیر سیاسی لوگ تعریف کر رہے ہیں۔گالیاں بکنے والی خواتین اور ساتھ دینے والے حضرات نے اپنا خاندانی تعارف خوب انداز میں کروا دیا ہے۔تحریک انصاف کی مزمت دور کی بات ان کے تنخواہ دار نام نہاد صحافی سوشل میڈیا پر مزاق بنا رہے ہیں،یہاں دو امر قابل ذکر ہیں اول کہ ایسے واقعات کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیے اور سیاسی قیادت کو زمہ داری کس ثبوت دینا چاہیے مگر یہ دیوانے کا خواب ہے دوسرا یہ انگلینڈ میں ان فسادیوں کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کی جائے جیسے سعودی عرب میں کی گئی۔اب ایک گزارش عوام سے کہ ہمارا فرض ہے کہ سیاست دانوں کے ذاتی مفادات کی خاطر استعمال نہ ہوں کسی جماعت کا قائد جو مرضی کہتا پھرے اگر ہم عمل نہیں کریں گے تو کچھ بھی نہیں ہو سکے گا،اپنی سیاسی پسند نا پسند پر قائم رہیں اپنے ووٹ کا حق مرضی کے مطابق استعمال کریں مگر جہاں بات نفرت کی آئے تو ہم ہاتھ کھڑے کر جائیں،موجودہ صورتحال میں بہت سا وقت سوشل میڈیا کی زینت بننے میں صرف کرتے ہیں اور سوائے سیاسی مخالفین پر کیچڑ اچھالنے کے کوئی سرگرمیاں نظر نہیں آتیں۔اسی سوشل میڈیا کو مثبث استعمال کرنے سے ہم آن لائن کاروبار کر سکتے ہیں جس سے انفرادی معیشت بہتر بنائی جا سکتی ہے۔سیاست میں تنقید جمہوریت کا حسن ہے مگر منفی استعمال سے معاشرے میں نفرتیں جنم لیں گی جس سے تعلقات متاثر ہوں گے اور اس کا براہ راست فائیدہ سیاسی جماعتوں کے قائدین کو ہو گا مگر ہمیں کچھ حاصل نہ گا ماسوائے وقت کا ضیاع اور رشتوں کے بندھن ٹوٹنے کے۔سیاسی نفرتیں کم کرنے میں جو کردار عوام ادا کر سکتی ہے اس کے مثبت نتائج حاصل ہوں گے یہ مشکل ضرور ہے مگر ناممکن نہیں ہے۔۔۔۔۔۔
223 مناظر