• میرٹ پر تعیناتی

    میرٹ پر تعیناتی
    تحریر۔ جاوید کمیانہ
    سابق وزیراعظم عمران خان آج کل ایک ہی بگل بجا رہے ہیں کہ ملک کی فوج کے سربراہ کی تعیناتی میرٹ پر ہونی چاہیئے اور خان صاحب کے علاوہ کوئی نہیں کر سکے گا۔اسی لیے پاکستان میں سیلابی یا معاشی صورتحال جیسی بھی ہو خان صاحب کو روزانہ کی بنیاد پر جلسہ کرنا ہے وگرنہ ادراوں پر ان دباؤ کم ہو جائے گا جو سیاسی لحاظ سے ان کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔
    سیاست دان عوام کو معصوم بناتے ہیں مگر خان صاحب جیسی مہارت پاکستان کے سیاستدانوں میں نہیں ہے۔اہل علم اور باشعور افراد جانتے ہیں کہ خان صاحب جھوٹ کا چورن بڑی کامیابی سے بیچ رہے ہیں۔ ایک لمحہ کے لیے خان صاحب کے ہاتھوں میرٹ پر کی گئی تعیناتیوں کا ذکر کر لیتے ہیں،عثمان بزدار جیسی باکمال و کم گو شخصیت پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب پر سیاسی قابض رہی خان صاحب کو چار مختلف خفیہ ایجنسیوں نے اطلاع دی کہ بزدار خاندان دس ہزار سے لے کر دس لاکھ تک کی کرپشن کر رہے ہیں جبکہ عون چوہدری نشاندپی کرتے رہے کہ خواب کے نام پر تبادلوں کے احکامات جاری کیے جاتے ہیں اور پیسوں سے بھرے بیگ لاہور پہنچائے جا رہے ہیں جس کی پاداش میں عون چوہدری کو سیاسی طور پر خاموش رہنا پڑگیا۔ حکومتی سطح پر بزدار سے آخری ملاقات تک خان صاحب یہ باور کرواتے نظر آئے کہ میرا وسیم اکرم پلس ہی پنجاب کا وزیر اعلیٰ رہے گا بعد ازاں خان صاحب نے ایک انٹرویو میں اقرار کیا کہ عثمان بزدار کو پنجاب کا وزیر اعلیٰ بنانا میرا غلط فیصلہ تھا۔ اب محمود خان کا ذکر خیر کر لیں تو وہ عثمان بزدار سے بھی دو ہاتھ آگے نظر آئے اس پر بھی طاقتور حلقوں نے خان صاحب کو مطلع کیا کہ گورننس ان کے بس کی بات نہیں مگر آج بھی محمود خان وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا قائم ہیں۔ آزاد کشمیر کے وزیر اعظم کا تزکرہ بھی کر لیتے ہیں کہ جب نیازی صاحب وزیراعظم تھے تو ان کی سادگی کا دن رات ڈھول پیٹا جاتا تھا جیسے ہی شہد کی بوتل والی سرکار نے خان صاحب کے کان میں کہا کہ ترین اور علیم خان کے بعد ہمارے پاس اے ٹی ایم نہیں ہے تو دارالحکومت کے سب سے بڑے تاجر جن کا تعلق آزاد کشمیر سے تھا ان کو وزیراعظم بنا دیا گیا اور اپنے ہی وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا کر نیازی صاحب کو فارغ کر دیا گیا۔اگر تو یہ ساری تعیناتیاں میرٹ پر تھیں تو واقعی یہ صرف خان صاحب کا ہی حق کہ ملک کی فوج کا سربراہ وہی تعینات کریں مگر اس کے لیے پہلے وزیراعظم کے رتبے پر فائز ہوں جو کہ اب ممکن نظر نہیں آ رہا ورنہ جلسے جلوسوں سے عوام کو گمراہ کرنے کے علاوہ کچھ حاصل نہیں ہو گا اور ایک وقت آئے گا بلکہ مستقبل قریب میں آنے والا ہے جب عوام بھی خان صاحب کو پہچان جائے گی۔جلسوں کی تعداد مقبولیت کے تقاضے پورے نہیں کرتے اس میں کسی شک کی گنجائش نہیں کہ خان صاحب اس وقت سب سے زیادہ مقبولیت رکھنے والے واحد سیاست دان ہیں اس کی وجوہات پر آئندہ کے کالم میں روشنی ڈالوں گا۔تحریک انصاف سپریم کورٹ میں جائے یا جہاں مرضی بھاگ لے ملک کے آئین کے مطابق وزیراعظم کو ہی آرمی چیف تعینات کرنے کا اختیار ہے اور حالیہ آرمی چیف جنرل باجوہ اور عمران خان کی مبینہ ملاقات میں خان صاحب کو واضح پیغام دے دیا گیا ہے کہ فوری الیکشن ممکن نہیں ہیں مگر خان صاحب اکتوبر میں خاموش نہیں بیٹھیں گے سیاسی درجہ حرارت عروج پر اور اپنی سیاست زوال پر لے جائیں گے کیونکہ اب خان صاحب کی تقریروں میں پریشانی نمایاں نظر آ رہی ہے دوسری طرف پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں بھی ہر سیاسی عمل کا باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہیں،ذرائع کے مطابق آرمی چیف کے ناموں کی لسٹ وزیراعظم کو بھیجی جائے گی جس میں کسی نام کو ادارے کی طرف سے فیورٹ قرار نہیں دیا جائے گا اور وزیراعظم اپنا آئینی حق استعمال کرتے ہوئے نئے آرمی چیف کی تعیناتی پر دستخط کر دیں گے۔آنے والا مہینہ تعین کرے گا جنرل فیض حمید آئیندہ سال اپریل میں ریٹائرڈ ہوں گے یا ملک کے آرمی چیف کے فرائض سر انجام دیں گے۔۔۔

    216 مناظر