• آئیں اپنے حصہ کی شمع جلائیں

    تحریر:سلمان احمد قریشی

    پاکستان پہلے ہی اقتصادی بحران سے دوچار تھا اسی دوران قدرت کی طرف سے ایک اور امتحان کا سامنا کرنا پڑا۔ سیلاب سے وطنِ عزیز کا وسیع رقبہ زیرِ آب آ گیا۔ تیار فصلیں برباد، مکانات، املاک مسمار،قیمتی انسانی جانوں کاضیاع جس پر وبائی امراض اور خوراک کی قِلت کا خدشہ، اس آزمائش میں اللہ تعالی سے صبر اور مدد مانگتے ہیں۔ مشکل گھڑی میں استغفار کے ساتھ آگے بڑھنے کے حوصلہ کے طلبگار ہیں۔
    زندہ قومیں مشکلات سے نکل کر ہی عظیم مقاصد حاصل کرتی ہیں۔ اسکے لیے ہمت کے ساتھ بہتر منصوبہ بندی ضروری ہے۔ سیلاب سے بچاو ممکن ہے،ڈیموں کی تعمیر ترجیحی بنیادوں پر کرنا ہو گی۔ اقتصادی مسائل کا حل متفقہ اور دیرپا پالیسیوں میں پنہاں ہے۔ ملکی معیشت سیاست سے جُڑی ہے۔ سیاسی استحکام سے ہی ہمارے مسائل حل ہو سکتے ہیں اور
    سیاست میں تبدیلی فکری ہم آہنگی سے ہی لائی جا سکتی ہے۔ سیاسی قیادت کو اس بات پر مجبور کیا جا سکتا ہے کہ سیاست کا مقصد محض اقتدار نہ ہو۔ شخصیات کو فوقیت دینے کی بجائے ملک کی بہتری کے لیے سوچیں۔سیاسی وابستگی کو تعمیر اور ترقی کی سیاست سے مشروط کر دیں۔سیاست سے تلخی اور نفرت کم کرنے کی کوشش کریں۔ سیاسی مخالفین کی عزت اور احترام کی روایت کو فروغ دیں۔بقول شاعر
    کرنے کو بہت کچھ تھا مگر طے یہی پایا
    ہم اہلِ محبت ہیں،سو محبت ہی کریں گے
    ستم ظریفی کہ ہماری سیاست کا یہ چلن ہی بن چکا ہے کہ ہم صرف تنقید کو اہمیت دیتے ہیں۔تنقید برائے اصلاح کی طرف نہیں آتے۔ آج ملک سیلابی صورتحال میں ہے اور سب سے بڑی سیاسی پارٹی تمام مسائل کا حل الیکشن کو قرار دیتے ہوئے اسی مطالبہ پر سیاست چمکانے میں مصروف ہے۔ ایک طرف مسائل ہی مسائل ہیں اور دوسری طرف تمام اہم سیاسی جماعتیں حکومت میں شامل ہیں لیکن بہتری کی صورت دِکھائی نہیں دیتی۔ ان حالات میں سب سے زیادہ نقصان عام آدمی کا ہو رہا ہے۔ قومی اتفاقِ رائے ناپید ہے۔ اس طرف کوئی سوچنے پر بھی تیار نہیں۔سب اپنے اپنے ایجنڈے کی تکمیل کے لیے سرگرم ہیں۔وفاقی کابینہ میں وزرا اور مشیران کی فوج ظفر موج ہے۔پنجاب میں تبدیلی کی باتیں ہو رہی ہیں۔سیاسی معاملات عدالتوں میں زیرِ بحث ہیں۔یہاں تک کے سیلاب پر بھی سیاست جاری ہے۔
    مسلم لیگ(ن) کی قیادت کے اپنے مسائل ہیں۔لیگی رہنما مقدمات سے جان چھڑوانے کے لیے سرگرداں ہیں۔عوام دوست پارٹی پی پی پی کا سیاسی قلعہ سندھ سیلاب سے بری طرح متاثر ہے۔ پی پی پی سندھ بچانا چاہتی ہے لیکن پی ٹی آئی سندھ فتح کرنے کی خواہشمند ہے۔ سیلاب متاثرین کے لیے غیر ملکی امداد اور اندرونِ ملک فنڈ ریزنگ کے لیے سرکاری اور سماجی تنظیمیں سرگرم ہیں۔نیکی کا جذبہ معاشرے میں نظر آتا ہے لیکن اسکے ساتھ امداد کی تقسیم پر وہی الزامات کی سیاست بھی جاری ہے۔ یہ طرزِ عمل سیلاب زدگان کے لیے مشکلات بڑھانے کا باعث ہے۔سب کا مقصد اگر امداد فراہم کرنا ہے تو پھر امدادی کاموں میں تقسیم کیسی۔۔۔؟ ایسا لگتا ہے کہ ہم اپنی نیکیاں بھی سیاست کی نظر کرنا چاہتے ہیں۔
    بزعم خویش ان حالات میں بھی تمام سیاسی جماعتیں ایک دوسرے سے بڑھ چڑھ کر بیان بازی میں مصروف ہیں۔سیاست ہی سب سے مقدم ہے اور اسی میدان میں سب فتح مند ہونے کے لیے بے قرار ہیں۔
    اس مشکل صورتحال کو سمجھتے سب ہی ہیں اور اس کو ناپسند بھی کرتے ہیں لیکن طرز عمل کو بہتر نہیں کرتے۔بہتر جذبات ہیں کلمات ہیں لیکن عمل سیاسی ہی اپنائے ہوئے ہیں۔
    قارئین کرام! غیر سیاسی تنظیموں نے بہت بہتر کام کیا۔ پنجاب کی سب سے چھوٹی تحصیل رینالہ خورد کی سماجی تنظیم کے روحِ رواں سیّد ندیم جعفری نے سیلاب سے متاثرین کی امداد کے لئے الخدمت ویلفیئر کونسل رینالہ خورد کے پلیٹ فارم سے امداد کا سلسلہ جاری رکھا۔ مردانہ، زنانہ، بچگانہ کپڑے، جوتے، گرم چادر، کھیس، کمبل، تکیے، گدے، جوتے، برتن، جوس، دودھ، پانی، بسکٹ، چپس، سلانٹی، چنے، ادویات، مچھر دانیاں، کھجور، رس، خشک دودھ، کیک رس، اور دیگر اشیائے خوردونوش پر مشتمل سامان کو قافلہ کی شکل میں تونسہ شریف، راجن پور بھیجا گیا۔ٹرکوں کا قافلہ اور 18 رکنی میڈیکل ٹیم تونسہ شریف میں کام کررہی ہے۔ یہ عملِ صالح جاری ہے۔ یہ ایسی ترغیب ہے کہ ووٹ اور سیاست اپنی جگہ انسانیت کے لیے کام کرنا سب پر فرض ہے۔ سیّد ندیم جعفری کو اہلِ علاقہ مقامی عبدالستار ایدھی قرار دیتے ہیں۔ ملکی سطح پر الخدمت فاونڈیشن نے بہت بہترین کام کیا۔عوام سیاستدانوں سے زیادہ سماجی رہنماوں پر اعتبار کرتے ہیں۔بیورکریسی کا رویہ بھی عوام دوست نہیں ہوتا اسکو استعمال کرنے کی ذمہ داری بھی حکمرانوں پر عائد ہوتی ہے۔ میڈیا بھی سیلاب زدگان کی مشکلات کی بھر پور کوریج کر رہا ہے۔ مسائل ہیں لیکن ان کا حل ہم سب مل کر ہی نکال سکتے ہیں۔
    انسانی تاریخ باہمی گفتگو سے مزین ہے.عالمی جنگیں، بے قصور اموات۔افغان روس اور امریکہ افغان خوفناک جنگ۔انڈیا پاکستان جنگوں کے بعد مذکرات ہی ہوئے اور نتیجہ خیز رہے۔
    پاکستانی عوام کی بدبختی ہٹ دھرم، ضدی اور خود پسند سیاست دانوں کے درمیان مذکرات کا نہ ہونا ہے۔ بہتر ہے کہ عوام کج فہم سیاستدانوں کو ایک میز پر بیھٹنے پر مجبور کریں۔دوسری صورت میں طاقتور حلقے مداخلت کریں گے تو پھرکون سلیکٹڈ اورکون الیکٹیڈ۔۔؟
    ان حالات میں سماجی خدمت میں نمبر ون بننے کی دوڈ سے فائدہ نہیں ہوسکتا۔ سماجی خدمت صرف اور صرف انسانیت کو سامنے رکھ کر ہی کی جاسکتی ہے۔ سماج میں بہترین کردار ستائش اور تشہیر کا محتاج نہیں ہوتا۔ ہمیں اپنے رویے بدلنے ہونگے، اول اور آخر مقصد سیلاب زدگان کی بحالی اور مشکلات کو کم کرنا ہی ہونا چاہئیے۔ یہ بحث کہ کس نے ٹیلی تھون سے کتنا فنڈ اکھٹا کیا اور کون کرپشن کرے گا یہ ان باتوں کا وقت نہیں۔ ہمیں ایک قوم کے طور پر آگے بڑھنا ہے۔ کسی کے کردار کو زیرِ بحث لانے کی بجائے اپنے حصہ کی شمع جلائیں انشاء اللہ مشکلات کم ہوں گی۔

    226 مناظر