• رجیم چینج کا بیانیہ

    تحریر جاوید کمیانہ

    ساڑھے تین سالہ اقتدار کی کرسی پر براجمان ہونے کے بعد نئی ڈرامہ سیریل،، مجھے یوں نکالا ،،کی اول قسط امریکی رجیم چینج سے شروع ہوئی بعد ازاں امریکی کرداروں کے ساتھ ساتھ مقامی کرداروں کو بھی معاونت کے طعنے دیے گئے,عوامی سطح پر پذیرائی حاصل کر۔ے والی یہ ڈرامہ سیریل مقبول ہوتی جا رہی تھی قریب چار ماہ سے چلنے والی اس سیریل میں نت نئے موڑ آتے رہے مثال کے طور پر ایک جلسہ میں امریکہ کی ماں بہن ایک کرنے والے ڈرامے کے ہیرو کی خیبر پختونخوا میں حکومت تھی اور امریکہ سےتیس سے زائد گاڑیاں وصول کر کے امریکہ دشمنی کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔پھر ایک اور جلسہ کے بعد اسی صوبہ کے وزیر اعلیٰ نے اسی ہیرو کی امریکی سفیر سے بات کروائی جس میں امریکی سفیر کو آڑھے ہاتھوں لے کر معافی مانگنے اور مستقبل میں ساتھ چلنے کا اعادہ کیا گیا دوسری طرف نام نہاد صحافی قلم کے ذریعے اور عوام دل میں امریکہ کو گالیاں نکال رہے تھے،اسی اثنا میں لانگ مارچ کا اعلان کیا گیا اور بقول ہیرو پاکستان میں امریکی رجیم چینج کے مبینہ مقامی کرداروں نے سمجھایا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ جو أپ نے معاہدے کر کے مہنگائی کے عوامی ردعمل کے خوف سے انحراف کیا تھا اس کو عملی جامہ پہنانے دیں پھر آپ سے انتخابات کے حوالے سے معاملات طے پالیں گے مگر عوامی مقبولیت کے نشہ میں ہیرو متکبر انداز میں نفی سے سر ہلاتا رہا اور پھر لانگ مارچ شو فلاپ ہو گیا۔اس سیریل کی ایک خاص بات یہ تھی کہ ہیرو نے عوام کو مسلسل اپنے ساتھ انگیج رکھا ہوا تھا اور شب و روز طاقتور حلقوں پرتنقید کے تیر برسائے جا رہے تھے۔پھر تین کرداروں کے ذریعے ان حلقوں کو پیغام پہنچایا گیا کہ خدا کے لیے ہیرو سے ایک ملاقات کر لیں وہ خطرے ناک ہوتا جا رہا ہے،چند روز قبل ایوان صدر میں چند منٹ کی ملاقات طے پائی جس میں ایوان صدر میں مقیم مہمان اداکار باہر خوشی سے نڈھال ہو رہے تھے کہ اب معاملات طے پا جائیں گے مگر بند کمرے کی خفیہ ملاقات میں سراسیمگی پھیلی ہوئی تھی اور چند منٹ کی ملاقات میں ہیرو کے حلق سے ایک ہی آواز نکل رہی تھی الیکشن الیکشن،ملاقات میں یہ باور کروانے کی کوشش کی گئی کہ جنوری تک انتظار فرمائیں بالکل الیکشن دیں گے اور اس وقت معاشی اور سیلابی صورتحال میں فوری الیکشن ممکن نہیں ہیں مگر وہ ملاقات بے نتیجہ ختم ہو گئی اور باہر بیٹھے طبلہ نوازوں میں صف ماتم بچھ گئی۔
    اب اس سیریل کے شائقین کی معصومیت دیکھیں کہ امریکہ کو صبح شام تبراء بھیجنے والے ہیرو نے اپنے صوبہ کے لیے گاڑیاں بھی لیں بلکہ پاکستان میں بلیک لسٹ امریکی اہلکار رابن رافیل سے ملاقات بھی کی اور خاص بات یہ ہے کہ جس امریکی فرم کو لابنگ کے لیے ہیرو نے پچیس ہزار ڈالرز ماہانہ پر خدمات حاصل کی ہیں وہ بھی سی آئی اے کے ساتھ منسلک رہے ہیں مگر یہاں عوام کو ترغیب دی جا رہی ہے کہ آمریکی رجیم چینج ہے،جن مقامی طاقتور حلقوں کو مبینہ امریکی آلہ کار کا خطاب دیا گیا ان سے الیکشن لینے کے لیے محض ایک ملاقات کے لیے ہاتھ پاؤں جوڑے گئے مگر عوام کو یہ سبق دیا گیا کہ انہوں نے ہماری حکومت ختم کی ہے اور دوسری طرف اپنی سوشل میڈیا ٹیم کے ذریعے ان کی کردار کشی کی جاتی ہے۔بالخصوص اس ملاقات کے بعد بہت سارے ڈرامے کے مرکزی کردار اور شائقین انگشت بدنداں ہیں کہ ایک طرف ہمارے
    ذہنوں میں کیا بات ڈالی جا رہی ہے اور دوسری طرف وہ بیانیہ کہاں گیا ؟
    مگر صاف بات ہے ملک کو سری لنکا بنانے کے ناپاک الفاظ بھی ادا کیے گیے،معیشت پر راگ الاپنے پر ان کو یاد ہونا چاہیے کہ یہ آئی ایم ایف کے ساتھ سخت معاہدے آپ نے کیے،ملک میں سیلابی صورتحال سے عوام خواہ گھر بے گھر ہوں،ملکی معیشت کی جو بھی صورتحال ہو ہیرو کو الیکشن چاہیے اور عوام امریکی رجیم چینج کا ترانہ کبھی نہ بھولے،یہ موجودہ مہمان حکومت کی نااہلی ہے کہ ہیرو اپنا جھوٹ بھی بیچ رہا ہے اور نا صرف دفاع کرنے میں بھی ناکام ہیں بلکہ اپنا سچ بھی موثر انداز میں پیش نہیں کر پائے۔۔۔۔

    228 مناظر