• نیلی بار اور اولڈ باریئنز

    نیلی بار اور اولڈ باریئنز

    تحریر: سلمان احمد قریشی

    ہر علاقہ کی اپنی پہچان اور تہذیب و تمدن ہوتا ہے۔یہی تہذیب و تمدن اس معاشرے اور انسانوں کی شناخت بنتا ہے۔ اگر پاکستان کے حوالے سے دیکھیں تو یہاں مختلف تہذیب و تمدن پائے جاتے ہیں۔اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ماضی میں پاکستان کا علاقہ مختلف اقوام جن میں ایرانی، یونانی،آریا، عرب، منگول اور ترک وغیرہ شامل ہیں کے زیر اثر رہا۔ جس کی وجہ سے انکی تہذیبوں کا عکس ہماری تہذیب پہ واضح نظر آتا ہے۔ اسکے علاوہ علاقائی موسم اور آب و ہوا کا بھی بہت حد تک تہذیب بنانے میں ہاتھ نظر آتا ہے۔پنجاب پانچ دریاوں کی سر زمین ہے۔پنجاب میں نیلی بار ایک جغرافیائی مقام ہے جو دریائے راوی اور دریائے ستلج کے درمیان واقع ہے۔ ”بار” دراصل پنجاب میں نہری نظام قائم ہونے سے قبل کے گھنے جنگلات والے علاقے کو کہا جاتاتھا۔ ان علاقوں کی ثقافت کو باری ثقافت کے نام سے جانا جاتا ہے۔ اس کے زیادہ تر علاقوں میں پنجابی زبان بولی جاتی ہے۔ اس علاقہ کی مٹی بڑی زرخیز ہے کیونکہ یہاں زیادہ تر میدانی علاقہ ہے اور ہمالیہ سے چلنے والے دریاؤں کی مٹی بہہ کر اس علاقے میں آتی ہے جو اس کی زرخیزی کا بنیادی سبب ہے۔اس خطے میں ساہیوال، اوکاڑہ اور پاکپتن کے اضلاع شامل ہیں۔یہ علاقہ جنگِ آزادی ہند 1857ء کا ایک مرکز تھا جس کی قیادت شہید رائے احمد خاں کھرل کر رہے تھے۔ دنیا کی قدیم تہذیب اور آثارِ قدیمہ کا مرکز ہڑپہ بھی اسی خطے میں واقع ہے۔
    اوکاڑہ شہر کا نام اوکاں نامی درخت سے منسوب ہے۔ اوکاں درخت سے لفظ اوکاڑہ بن گیا۔ اٹھارہویں صدی عیسوی میں یہاں اوکاں کا جنگل ہوا کرتا تھا جس میں مسافر ٹھہرا کرتے تھے۔ اوکاڑہ کو اوکاں والا اور اوکاں اڈا بھی کہا جاتا تھا۔ اوکاڑہ ایک ہندی لفظ سے نکلا جس کا مطلب جنگجو اور غیرت مند ہے۔نیلی بار کا اہم ضلع اوکاڑہ زرعی پیداوار کے حوالہ سے ملک بھر میں سرِ فہرست ہے۔مکئی اور آلو کی پیداوار میں تو اوکاڑہ کو پاکستان کے دیگر تمام شہروں پر فوقیت حاصل ہے۔سیلہ چاول، آلو اور مکئی کی خرید و فروخت کے لیے اوکاڑہ عالمی منڈیوں میں ایک خاص مقام رکھتا ہے۔ اس کے علاوہ یہاں کے زرعی آلات پورے ملک میں مشہور ہیں۔
    اس کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں سب سے زیادہ مویشی بھی ضلع اوکاڑہ میں ہیں۔اس پس منظر کی موجودگی میں پیشِ منظر تو یہ ہونا چاہیے تھا کہ اس خطے میں زرعی یونیورسٹی اور اینیمل سائنسز میڈیکل یونیورسٹی جیسے ادارے قائم ہوتے۔ جہاں آنے والی نسلوں کو ڈھال کر عملی و قومی زندگی میں خدمات سر انجام دینے کے لئے تیار کیا جاتا۔تعلیمی سہولیات اور ذہنی تربیت جیسی ہو گی ویسی ہی شخصیات سامنے آئیں گی۔لیکن عملا یہاں ایسا کچھ نہیں ہو سکا۔تعلیمی لحاظ سے ضلع اوکاڑہ میں صرف 12 ڈگری کالجز ایک یونیورسٹی اور زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کا سب کیمپس موجود ہے۔
    قارئین کرام! کسی قوم یا تحریک کے لیے تعلیمی ادارے شہ رگ کی حیثیت رکھتے ہیں۔ کیونکہ تعلیمی اداروں میں ہی طلبہ کے سانچے تیار ہوتے ہیں۔وہیں سے سوچنے والے دماغ، سعی و جدوجہد کرنے والے ہاتھ بنتے ہیں۔طلبہ کو ہر طرح کی قوت اور صلاحیت تعلیمی اداروں سے حاصل ہوتی ہے۔نصاب تو یکساں پڑھایا جاتا ہے مگر فرق صرف ادارے کے ماحول اور طریقہ تدریس سے جنم لیتا ہے۔جہاں تعلیمی ادارے زندہ اور معیاری ہونگے وہاں قوم کی بلندی اور خطے کی ترقی یقینی ہو گی۔ترقی کے راستے دن بدن کشادہ ہوتے چلے جائیں گے۔اسکے برعکس جہاں تعلیمی ادارے بے جان اور غیر معیاری ہونگے، تنزلی اور ناکامی یقینی ہو گی۔کسی قوم اور خطے کی اجتماعی حالت کو جاننا ہو تو تہذیب اور تمدن کے لحاظ سے اس کے قد و قامت کی جانچ تعلیمی اداروں کی سرگرمیوں اور فعالیت سے کی جاتی ہے۔
    ستم ظریفی یہ کہ ہمارے ملک میں اکثر تعلیمی ادارے فکری جمود کا شکار ہیں۔امنگوں سے خالی اور حوصلوں سے عاری ہیں۔اساتذہ،طلبہ اور اولڈ سٹوڈنٹس سب ایک دوسرے سے بیگانہ ہیں۔کسی کوکسی کا علم نہیں, کوئی غمگسار نہیں، نہ کوئی تعمیرِ ملت کے عظیم مقصد کے لیے تیار ہے۔ نصاب اور کتاب، لیکچر اور رٹا سسٹم، نمبرز کا حصول نتیجتاً شخصیت سازی اور بلند مقاصد حاصل نہیں ہوتے۔ بدقسمتی سے ہم اس دورِ زوال سے گزر رہے ہیں جہاں بہتری کی کوششیں بھی نظر نہیں آتیں۔ خطہ نیلی بار میں بھی صورت حال قدرے مختلف نہیں۔ سرکاری ادارے اپنا روایتی کردار ادا کرنے پر ہی اکتفا کئے ہوئے ہیں۔ ایسے ماحول میں نامور شخصیات سے کیسے مستفید ہوا جا سکتا تھا۔اس تکلیف دے صورت حال میں عظیم تر مقصد کو پانے کے لئے خطہ نیلی بار کی قدیمی مادرِ علمی گورنمنٹ گریجوایٹ کالج اوکاڑہ کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد حمود لکھوی اور پروفیسر عبدالروف نے کالج ھذا کے اولڈ سٹوڈنٹس سے رابطہ کر کے (اولڈ باریئنز ایسوسی ایشن) کا قیام عمل میں لانے کا فیصلہ کیا۔ باریئنز ایسوسی ایشن کے قیام سے کالج کی تاریخ کا ایک سنہری باب رقم ہوا۔ تنظیم کا بنیادی مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ جہاں طلبہ کی تعلیم ضروری ہے وہاں بہترین اخلاقی تربیت بھی لازم ہے۔ طلبہ کی کونسلنگ کے لئے سیشنز کا انعقاد اور مختلف شعبہ ہائے حیات کی ممتاز شخصیات سے براہ راست مستفید ہونے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔راقم الحروف بھی اس تنظیم کا حصہ ہے۔ گورنمنٹ گریجوایٹ کالج اوکاڑہ شاندار روایات کا علمبردار قدیم ترین سرکاری ادارہ ہے یہاں سے ہزاروں طالبِ علم اپنی علم کی پیاس بجھا کر ملکی و بین الاقوامی افق پر چمک رہے ہیں اس روشنی سے مستفید ہونے کے لئے ایک پلیٹ فارم کی ضرورت تھی جو اولڈ باریئنز ایسوسی ایشن کی صورت میں میسر آیا۔حکومت کی طرف دیکھنے کے ساتھ اپنے حصہ کی شمع جلانا ہم سب کا فرض ہے۔ اس خطے اور اسکے باسیوں کا ہم پر حق ہے اور اس حق کو ادا کرنا سب پر فرض ہے۔ اولڈ بارئنز ایسویسی ایشن ایک ایسی روایت قائم کرنے جا رہی ہے کہ اس درسگاہ سے نکلنے والے طلبہ آئندہ اپنے علاقہ کے لیے خدمات انجام دینے کے لیے میسر ہونگے۔پاکستان میں اس کی بہترین مثال اولڈ راویئنز ایسوسی ایشن ہے۔اس تنظیم نے ایک طویل عرصہ سے اپنی درخشندہ روایات کو زندہ رکھا ہے۔ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لائبریری میں ایک بڑا حصہ ایسی کتب پر مبنی ہے جو اولڈ راوینز کی طرف سے وقف کی گئی ہیں۔اور ان کتابوں کی تعداد ایک لاکھ پچاس ہزار سے زائد ہے۔
    اولڈ راوینئز نے ادارے کی بہتری اور طلبا و طالبات کی فلاح و بہبود کے لیے ہمیشہ اپنا کردار اداکیا۔ یہ امر تسلیم شدہ ہے کہ دنیا کا کوئی بھی ادارہ اپنے اولڈ سٹوڈنٹس کے عملی تعاون کے بغیر اعلی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکتا۔ اس لئے امید کی جا سکتی ہے کہ نیلی بار اور اسکی قدیمی درسگاہ کے لئے اولڈ باریئنز ایسوسی ایشن شاندار روایات قائم کرے گی۔

    239 مناظر