
کراچی سے مارسیلیا، فرانس تک کنیکٹیویٹی کی فراہمی کیلئے سب میرین کیبل انفراسٹرکچر کی تعمیر مکمل
پاکستان اینڈ ایسٹ افریقہ کنیکٹنگ یورپ (پی ای اے سی ای) کیبل انٹرنیشنل نیٹ ورک کمپنی لمیٹڈ نے کراچی سے مارسیلیا، فرانس تک کنیکٹیویٹی کی فراہمی کیلئے سب میرین کیبل انفراسٹرکچر کی تعمیر مکمل کر لی۔پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کے بیان کے مطابق کیبل کا پاکستان مصر سیگمنٹ کراچی اور ظفرانہ (مصر) کو ملاتا ہے جس کی کل لمبائی 5800 کلومیٹر ہے۔ پاکستان سے فرانس تک کنیکٹیویٹی مکمل ہونے کے بعد سروس کیلئے تیار ہے۔بیان کے مطابق اس حوالے سے پیس کیبل کی انتظامیہ پر مشتمل سینئر عہدیداروں نے پی ٹی اے ہیڈ کوارٹرز میں چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل(ریٹائرڈ) عامر عظیم باجوہ سے آن لائن اور بالمشافہ ملاقات کے دوران آگاہ کیا۔ وفد میں پیس مینجمنٹ کے سی او او سن ڑاؤہوا، پیس مینجمنٹ ڈائریکٹر ڑانگ ڈونگہائی، کمرشل ڈائریکٹر کرس ڑانگ، (آن لائن) اور پیس کیبل، کنٹری منیجر پاکستان، شعیب اشفاق قریشی، (بالمشافہ) شامل تھے۔پیس کیبل ابتدائی طور پر پاکستان سے فرانس تک 15000 کلومیٹر پر طویل زیر سمندر کیبل ہے، جو پاکستان سے سنگاپور تک 6500 کلومیٹر تک کا اضافی پھیلاؤ رکھتی ہے، جس کا مین ٹرنک سنگاپور، پاکستان، کینیا، مصر اور فرانس میں ہے اور اس کی شاخیں مالدیپ، مالٹا، قبرص وغیرہ سے جڑی ہوئی ہیں۔پی ٹی اے کے مطابق یہ سب میرین کیبل پاکستان کے بین الاقوامی روابط میں انتہائی تیزتر، اعلیٰ صلاحیت، کم تاخیر اور ریڈنڈینٹ کنیکٹویٹی میں اضافے کا باعث ہو گی۔
445 مناظر